ممبئی سے کپل پاٹل
حال ہی میں شبیر انصاری کے انتقال کے ساتھ مسلم او بی سی طبقے کا ایک عظیم رہنما ہم سے جدا ہو گیا۔ وہ ایک سچے لوہیائی فکر کے حامل تھے اور جوتیبا پھولے شاہو مہاراج اور بی آر امبیڈکر کے نظریات کو مسلم سماج تک پہنچانے والے قائد تھے۔شبیر بھائی صرف مسلم او بی سی کے لیڈر نہیں تھے بلکہ مہاراشٹر میں او بی سی تحریک کے بنیادی ستونوں میں شامل تھے۔ وہ ستر کی دہائی سے جناردن پاٹل کے ساتھ کام کر رہے تھے۔ انہوں نے مہاراشٹر میں گوپی ناتھ منڈے اور چھگن بھجبل کے ساتھ جبکہ قومی سطح پر شرد یادو رام ولاس پاسوان اور چودھری برہم پرکاش کے ساتھ مل کر جدوجہد کی۔
یہ صرف شبیر بھائی کی کوششوں کا نتیجہ تھا کہ عظیم اداکار دلیپ کمار بھی پس ماندہ مسلم تحریک سے جڑ گئے۔ شاعر حسن کمال ڈاکٹر ظہیر قاضی اور علی انور انصاری جیسے لوگوں کے ساتھ مل کر انہوں نے اس تحریک کو قومی سطح تک پہنچایا۔
ابتدا میں وہ جناردن پاٹل کی تنظیم کے مسلم او بی سی ونگ کے سربراہ تھے مگر بعد میں ایک آزاد تنظیم کی ضرورت محسوس ہوئی۔ اسی سوچ کے تحت شبیر انصاری جناردن پاٹل اور مصنف نے مل کر 1983 میں جلنا میں ایک تنظیم قائم کی جس میں اصغر علی انجینئر آر ایس گواہی اور رام ولاس پاسوان جیسے رہنما شریک ہوئے۔ یہی تنظیم بعد میں 1995 میں آل انڈیا مسلم او بی سی آرگنائزیشن بن گئی۔
شبیر بھائی کی زندگی مسلسل جدوجہد کا نام تھی۔ وہ مہاراشٹر کے گاؤں گاؤں گئے اور شاید ہی کوئی ایسا علاقہ ہو جہاں پس ماندہ مسلمان آباد ہوں اور وہ وہاں نہ پہنچے ہوں۔ انہوں نے مسلم سماج کے اندر ساٹھ سے ستر ذاتوں کی نشاندہی کی اور انہیں قومی دھارے میں لانے کی کوشش کی۔
جب شرد پوار مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ تھے تو 1994 میں ان کی مدد سے مسلم او بی سی کے لیے منڈل کمیشن نافذ ہوا۔ اس فیصلے کے بعد جولاہا بنکر مومن عطار مہتر قریشی رنگریز اور دیگر پسماندہ طبقات کے بچوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع ملنے لگے۔
ایک وقت تھا جب مسلم کمیونٹی میں ڈاکٹر یا انجینئر بننے والوں کی تعداد انگلیوں پر گنی جا سکتی تھی مگر آج ہزاروں بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور بہتر مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ یہ سب شبیر انصاری کی محنت کا نتیجہ ہے۔
اتنی بڑی خدمات کے باوجود شبیر بھائی نے ساری زندگی ایک سادہ ٹین کی چھت والے گھر میں گزاری۔ وہ واقعی ایک درویش صفت انسان تھے۔آزادی کے بعد اگر کسی نے پس ماندہ مسلمانوں کو منظم کر کے ریزرویشن کی تحریک کو مضبوط کیا تو وہ شبیر انصاری تھے۔ اس سے پہلے عبدالقیوم انصاری نے آزادی کی جدوجہد میں ان کی قیادت کی تھی۔
شبیر بھائی کے ساتھی علی انور انصاری کو نتیش کمار نے راجیہ سبھا کا رکن بنایا مگر خود شبیر بھائی کو نہ کوئی سرکاری اعزاز ملا اور نہ ہی پدم ایوارڈ۔
شبیر بھائی کا انتقال میرے لیے ذاتی طور پر بہت بڑا نقصان ہے۔ ہم نے پینتالیس برس ایک ساتھ کام کیا اور آج وہ سفر ختم ہو گیا۔شبیر بھائی کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت۔ خدا حافظ۔