پہلگام حملے کے باوجود کشمیر میں امن کی جڑیں مضبوط

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 27-12-2025
 پہلگام حملے کے باوجود کشمیر میں امن نے اپنی جڑیں مضبوط کر لیں۔
پہلگام حملے کے باوجود کشمیر میں امن نے اپنی جڑیں مضبوط کر لیں۔

 



عامر سہیل وانی:سری نگر

 کشمیر میں سال صرف گنے نہیں جاتے بلکہ انہیں جھیلا جاتا ہے یاد رکھا جاتا ہے اور محسوس کیا جاتا ہے۔ یہاں وقت سیدھی لکیر میں نہیں چلتا بلکہ دریائے جہلم کی طرح خم کھاتا ہے کبھی بے چین کبھی پُرسکون مگر ہمیشہ یادوں کو ساتھ لیے ہوئے۔ جب کشمیری 2025 کا ذکر کریں گے تو وہ اسے نعروں یا تماشے کا سال نہیں کہیں گے بلکہ ایک ایسی نایاب اور گہری کیفیت کے طور پر یاد کریں گے جہاں پہلگام دہشت گرد حملے اور اس کے بعد آپریشن سندور کے باوجود زندگی نے دوبارہ سانس لینا سیکھا۔

ان سب کے باوجود وادی میں ایک چیز نہیں بدلی اور وہ تھا پُرامن ماحول۔ امن کسی اعلان یا تقریب کے ساتھ نہیں آیا۔ اس نے خود کو نمایاں نہیں کیا۔ وہ خاموشی سے آیا بالکل ویسے جیسے برف مٹی میں گھل جاتی ہے یا بادام کے پھول بغیر داد کے کھل جاتے ہیں۔ اس کا اظہار روزمرہ کے ان لمحات میں ہوا جو کبھی ناممکن لگتے تھے۔ بچے بغیر خوف کے اسکول جاتے دکھائی دیے۔ دکاندار رات کو بے فکری سے شٹر گرانے لگے۔ خاندان مہینوں پہلے شادیوں کی منصوبہ بندی کرنے لگے اس یقین کے ساتھ کہ کل ضرور آئے گا۔ یہ لمحے معمولی نہیں تھے بلکہ سیاست سے زیادہ انسانی زندگی کے لیے گہری معنویت رکھتے تھے۔ ایک ایسے خطے میں جو طویل عرصے سے بے یقینی کا شکار رہا ہو وہاں وقت پر دوبارہ اعتماد کرنا ایک انقلابی عمل تھا۔

2025 میں معمول کی زندگی ہی غیر معمولی بن گئی۔ عوامی ٹرانسپورٹ وقت کی پابندی سے چلنے لگی۔ بازار شام دیر تک آباد رہے۔ گفتگو دوبارہ عملی اور ذاتی موضوعات کی طرف لوٹ آئی۔ موسم امتحانات کاروبار علاج جیسے مسائل جو پہلے خوف اور ہنگامی منصوبہ بندی کے شور میں دب جاتے تھے۔ زندگی اب معلق یا عارضی محسوس نہیں ہوئی بلکہ مسلسل بہاؤ میں نظر آئی۔ قصبوں اور دیہاتوں میں لوگوں نے محسوس کیا کہ خاموشی کا مطلب بدل چکا ہے۔ اب وہ خوف سے بھری نہیں بلکہ سکون کی علامت بن گئی تھی۔ یہ سکون آسانی سے نہیں ملا تھا بلکہ برسوں کی قیمت ادا کر کے حاصل ہوا تھا۔

ترقی جو برسوں سے محض بحث کا موضوع تھی 2025 میں حقیقت بن گئی۔ یہ بڑے اعلانات میں نہیں بلکہ روزمرہ کی حرکت میں محسوس ہوئی۔ دہلی سے کشمیر تک ریلوے رابطہ صدی کی سب سے بڑی پیش رفت ثابت ہوا۔ اس نے نہ صرف لوگوں کی آمدورفت آسان بنائی بلکہ جذباتی فاصلے بھی کم کیے۔ سڑکوں کے بہتر رابطے نے صرف جگہوں کو نہیں بلکہ لوگوں اور مواقع کو بھی جوڑ دیا۔

ڈیجیٹل رابطے نے اس تنہائی کو کم کیا جو دیہی زندگی اور نوجوان امنگوں پر طویل عرصے سے حاوی تھی۔ کسی دور افتادہ بستی کا طالب علم بلا رکاوٹ آن لائن تعلیم حاصل کرنے لگا۔ ایک نوجوان کاروباری بغیر دلالوں کے کشمیری دستکاری دنیا بھر میں فروخت کرنے کے قابل ہوا۔ جب ترقی صحیح معنوں میں کام کرتی ہے تو وہ داد کی طلبگار نہیں ہوتی۔ وہ خاموشی سے روزمرہ کا حصہ بن جاتی ہے۔

صحت کے شعبے میں بھی سہولتیں عوام کے قریب آئیں۔ بہتر اسپتال موبائل میڈیکل یونٹس اور ٹیلی میڈیسن نے ان تھکا دینے والے سفر کو کم کر دیا جو کبھی معمول تھے۔ بہت سے لوگوں کے لیے ترقی کا مطلب پالیسی دستاویزات نہیں بلکہ راحت تھی۔ وقت کی بچت۔ ذہنی دباؤ میں کمی۔ وقار کا تحفظ۔ ان تبدیلیوں نے دکھ کو ختم نہیں کیا مگر اس کے ساتھ جینے کا انداز بدل دیا۔

2025 کی سب سے گہری تبدیلی خاموشی سے کشمیری نوجوانوں کے ذہنوں میں آئی۔ برسوں تک نوجوان غیر یقینی کے ماحول میں پروان چڑھے۔ ایک ایسا تصادم جو انہیں وراثت میں ملا اور ایک ایسا خوف جس پر ان کی رضا شامل نہیں تھی۔ 2025 میں انہوں نے ایک نئی زبان سیکھنا شروع کی۔ امکان کی زبان۔ مہارت کے مراکز۔ اسٹارٹ اپس۔ کھیلوں کی اکیڈمیاں۔ تعلیمی کوچنگ سینٹرز ایسے مقامات بن گئے جہاں مایوسی کے بجائے سمت ملی۔ فٹبال کے میدان دوبارہ قہقہوں سے گونج اٹھے۔ لائبریریاں آباد ہوئیں۔ خواہش نے ناامیدی کی جگہ لینا شروع کی۔ مستقبل جو کبھی دور اور مبہم تھا اب تیاری کے قابل محسوس ہونے لگا۔

سیاحت نے بھی ایک متوازن انداز میں واپسی کی۔ یہ کسی دخل اندازی کے بجائے مکالمہ بن گئی۔ سیاح حسن دیکھنے آئے مگر سننے بھی لگے۔ ہوم اسٹے فروغ پانے لگے جس سے روزگار بھی ملا اور وقار بھی محفوظ رہا۔ مقامی گائیڈز نے تاریخ ثقافت اور مزاحمت کے راوی کے طور پر اپنی حیثیت دوبارہ حاصل کی۔ بطور تماشا نہیں بلکہ زندہ حقیقت کے طور پر۔ 2025 کی سیاحت کم استحصالی اور زیادہ شراکتی محسوس ہوئی۔ احترام پر مبنی تبادلہ نہ کہ محض استعمال۔

کشمیر میں امن ہمیشہ نازک رہا ہے۔ صدیوں کی تاریخ اور حالیہ زخموں سے تشکیل پاتا ہوا۔ 2025 میں امن کسی نمائش کے ذریعے نہیں بلکہ اجتماعی ضبط کے ذریعے قائم رہا۔ سول سوسائٹی۔ خواتین کے گروپ۔ نوجوانوں کے فورمز۔ ثقافتی انجمنیں نچلی سطح پر اعتماد کی بحالی کے لیے خاموشی سے کام کرتی رہیں۔

سکیورٹی مؤثر تھی مگر کم نمایاں۔ اس کی کامیابی موجودگی میں نہیں بلکہ غیر موجودگی میں تھی۔ خلل کی عدم موجودگی۔ روزمرہ زندگی کا بلا رکاوٹ چلنا۔ استحکام نے ایک نایاب سہولت دی۔ منصوبہ بندی کی آزادی۔ فوری خدشات سے آگے کے مستقبل کا تصور۔

کشمیر نے 2025 میں اپنے زخم نہیں بھلائے۔ اس نے اس سے بھی مشکل کام کیا۔ ان کے اندر جینا چھوڑ دیا۔ کسانوں نے یقین کے ساتھ باغات لگائے کہ فصل ضرور ملے گی۔ والدین نے بیٹیوں کی تعلیم پر سرمایہ کاری کی اس امید کے ساتھ کہ دروازے کھلیں گے۔ چھوٹے کاروبار بڑھے۔ فنکاروں نے تخلیق کی۔ طلبہ نے خواب دیکھے۔ کشمیر کی امید کبھی سادہ لوح نہیں رہی۔ یہ محتاط آزمودہ اور مضبوط رہی ہے۔ 2025 میں اس نے خود کو وہم نہیں بلکہ ارادے کے طور پر دوبارہ منوایا۔

ممکن ہے تاریخ 2025 کو ڈرامائی سال کے طور پر یاد نہ رکھے۔ مگر کشمیریوں کے لیے یہ وہ سال ہوگا جب زندگی ہلکی محسوس ہوئی۔ جب خاموشی کا مطلب خوف کے بجائے امن تھا۔ جب محض زندہ رہنا آہستہ آہستہ جینے میں بدلنے لگا۔ کشمیر کی ایک پرانی کہاوت ہے کہ طویل سردی کے بعد تجدید صرف ممکن نہیں بلکہ ناگزیر ہوتی ہے۔

اور ہر بہار لوٹنے والے بادام کے پھولوں کی طرح کشمیر نے 2025 میں خود کو اور دنیا کو یاد دلایا کہ وہ آج بھی کھلنا جانتا ہے۔