سردار پٹیل کی کشمیر کے الحاق سے لاتعلقی نے ہندوستان کو بھاری نقصان پہنچایا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 30-10-2025
سردار پٹیل کی کشمیر کے الحاق سے لاتعلقی نے ہندوستان کو بھاری نقصان پہنچایا
سردار پٹیل کی کشمیر کے الحاق سے لاتعلقی نے ہندوستان کو بھاری نقصان پہنچایا

 



آشا کھوسہ

سردار ولبھ بھائی پٹیل، جنہیں جدید ہندوستان کے معمار اور آئرن مین کے طور پر جانا جاتا ہے، وہی شخص تھے جنہوں نے 556 ریاستوں، راجواڑوں اور جاگیروں کو متحد کر کے ایک ملک بنایا۔ حیدرآباد، جوناگڑھ اور بعد میں گوا جیسی ضدی ریاستوں کو بھی ہندوستان میں شامل کرنے میں ان کا کردار فیصلہ کن رہا۔انہی پٹیل نے ہی وقت پر فوج بھیج کر کشمیر کو پاکستان کے قبضے میں جانے سے بچایا تھا۔فیلڈ مارشل ایس۔ اے۔ ایم۔ منیگشا، جو اُس وقت دہلی میں ملٹری ڈائریکٹوریٹ میں خدمات انجام دے رہے تھے، نے اپنے ایک ریکارڈ شدہ انٹرویو میں بتایا کہ 1947 میں سردار پٹیل نے پنڈت جواہر لعل نہرو سے ایک تلخ بحث کے دوران کہا تھا

جواہر لعل، آپ کشمیر چاہتے ہیں یا اسے دینا چاہتے ہیں؟

منیگشا کے مطابق، نہرو ہمیشہ کی طرح اقوامِ متحدہ، روس، افریقہ اور بھگوان جانے کہاں کہاں کی باتیں کرنے لگے۔ اس پر پٹیل کا صبر جواب دے گیا اور انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا
جواہر لعل، آپ کشمیر چاہتے ہیں یا اسے گنوانا چاہتے ہیں؟
نہرو نے کہا، یقیناً میں کشمیر چاہتا ہوں۔
تو پٹیل نے فوراً کہا، پھر حکم دیں!
اور اس سے پہلے کہ نہرو کچھ کہتے، پٹیل نے منیگشا کی طرف مڑ کر کہا، تمہیں حکم مل گیا۔

کتاب “370: Undoing the Unjust – A New Future for J&K” (بلو کرافٹ ڈیجیٹل فاؤنڈیشن) کے مطابق، نہرو کو بخوبی علم تھا کہ پاکستان اپنی فوج اور قبائلی جنگجوؤں کو کشمیر پر حملے کے لیے تیار کر رہا ہے، لیکن اس کے باوجود انہوں نے مہاراجہ ہری سنگھ کی مدد کی اپیل کے باوجود الحاق اور فوج بھیجنے دونوں میں تاخیر کی۔

اس میٹنگ میں جب نہرو نے آخرکار کہا کہ وہ کشمیر کو ہندوستان میں رکھنا چاہتے ہیں، تو پٹیل نے فوراً فوجی کارروائی کا حکم دیا۔ اس کے نتیجے میں ہندوستانی فوج کے دستے وقت پر سرینگر پہنچے، ورنہ حملہ آور سرینگر ایئرپورٹ پر قبضہ کر لیتے اور ہندوستانی فوج اتر بھی نہ پاتی۔27 اکتوبر 1947 کو، مہاراجہ ہری سنگھ کے ہندوستان سے الحاق کے معاہدے پر دستخط کے ایک دن بعد، ہندوستانی فوج کی سکھ بٹالین سرینگر میں اتری اور کشمیر کو بچا لیا۔

اس سے قبل نہرو نے مہاراجہ کے الحاق کی پیشکش کو کئی شرائط لگا کر مسترد کر دیا تھا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ جموں و کشمیر واحد ریاست تھی جہاں پٹیل نے الحاق کے عمل میں مداخلت نہیں کی، کیونکہ یہ معاملہ نہرو نے اپنے ہاتھ میں لے رکھا تھا۔نہرو کی کشمیر کے ساتھ جذباتی وابستگی اور شیخ عبداللہ سے ذاتی دوستی نے ان کے فیصلوں پر گہرا اثر ڈالا، جب کہ پٹیل عملی سوچ کے حامل تھے۔

پٹیل نے شروع میں خاموشی اختیار کیے رکھی، مگر جب صورتحال سنگین ہو گئی اور کشمیر کے ہاتھ سے نکلنے کا خدشہ پیدا ہوا تو انہوں نے سخت قدم اٹھایا۔ان کے دباؤ کے بعد ایک وفد کشمیر گیا، مہاراجہ نے الحاق پر دستخط کیے، اور ہندوستانی فوج کے طیارے سرینگر پہنچ گئے۔چند دنوں میں حملہ آور پسپا کر دیے گئے اور سرینگر کے شمال کا بڑا علاقہ واپس لے لیا گیا۔

بعد میں جب نہرو نے قوم کے نام کشمیر کے الحاق پر تقریر کرنی تھی تو سب سے مشاورت کے بعد ایک مشترکہ بیان تیار کیا گیا۔لیکن آخری لمحے میں لارڈ ماؤنٹ بیٹن کے دباؤ میں آ کر نہرو نے تقریر میں وہ جملہ شامل کر دیا جس میں کشمیر کے الحاق کو اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں رائے شماری سے مشروط کیا گیا تھا۔کتاب کے مطابق، سردار پٹیل نے جب یہ سنا تو وہ نہرو کو روکنے کی کوشش کرنے لگے، مگر نہرو براڈکاسٹنگ ہاؤس کے لیے روانہ ہو چکے تھے۔پٹیل نے اپنے معاون شنکر کو پیغام بھیجا کہ جا کر نہرو کو کہیں وہ اقوامِ متحدہ والا حصہ نکال دیں، مگر جب تک شنکر پہنچے، تقریر شروع ہو چکی تھی اور نہرو وعدہ کر چکے تھے۔

پٹیل اس پر حیران و پریشان رہ گئے، کیونکہ اقوامِ متحدہ کے تحت رائے شماری کا وعدہ ہندوستان پر لازم نہیں تھا،اصل میں پہلے پاکستان کو اپنی فوجیں آزاد کشمیر سے واپس بلانی تھیں۔نہرو کی اس جلدبازی نے ایک سادہ معاملے کو الجھا دیا، جس کے نتیجے میں ہندوستان کو کشمیر پر اگلے ستر سال تک ایک مبہم اور پیچیدہ صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔