آسام : بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر مظالم کی مسلمانوں نے کی سخت مذمت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 28-12-2025
آسام :  بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر مظالم کی  مسلمانوں  نے کی سخت مذمت
آسام : بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر مظالم کی مسلمانوں نے کی سخت مذمت

 



عارف الا اسلام:گوہاٹی

سرحد کے اُس پار بنگلہ دیش کے میمن سنگھ ضلع میں اقلیتی ہندوؤں کے خلاف شدید تشدد کی خبروں کے بعد خوف اور غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ فیکٹری میں کام کرنے والے دیپو چندر داس کے دل دہلا دینے والے قتل نے انسانیت کے اجتماعی ضمیر کو جھنجھوڑ دیا ہے اور ایک مقامی سانحہ عالمی اخلاقی بحران بن گیا ہے۔ یہ صرف ایک فرد پر ظلم نہیں تھا بلکہ انسانی وقار بقائے باہمی انسانی حقوق اور جمہوری اقدار پر براہ راست حملہ تھا۔ اس بربریت سے گہرے طور پر متاثر ہو کر آسام کی مسلم برادری نے شدید دکھ اور مذمت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ایسا تشدد تہذیب کی روح کے بالکل خلاف ہے۔ برادری کے رہنماؤں نے اسے انسانیت مہذب سماج انسانی حقوق اور جمہوری اقدار پر حملہ قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

آسام اسٹیٹ جمعیت علما کے اسسٹنٹ جنرل سیکریٹری مولانا فضل الکریم قاسمی نے کہا کہ بنگلہ دیش میں پیش آنے والا واقعہ نہایت افسوسناک ہے اور شدید ترین مذمت کا مستحق ہے۔ آسام اسٹیٹ جمعیت علما کی جانب سے بنگلہ دیش ہائی کمیشن کو یادداشت بھی پیش کی جا چکی ہے۔ انتظامیہ کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں اور مجرموں کو لازماً سزا دی جائے۔ ایسے واقعات دنیا بھر میں مسلمانوں کی شبیہ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ اس فعل کی مذمت کے ساتھ ساتھ جمعیت علما نے ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج بھی کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت بنگلہ دیش میں انتہاپسندی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ حکومت بالواسطہ طور پر ان عناصر کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ شیخ حسینہ کے دور میں ایسا ابھار نظر نہیں آتا تھا۔ نوبل انعام یافتہ ڈاکٹرمحمد یونس کے عبوری حکومت کی قیادت سنبھالنے کے بعد انتہاپسند قوتوں کو رفتار ملی ہے جو نہایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے خلاف مخاصمانہ رویے کے ساتھ ملک چلانا شروع کیا ہے جس کا انجام خود بنگلہ دیش کے لیے خطرناک ہوگا۔ یہ طرز عمل بنگلہ دیش کو تعلیمی اور معاشی طور پر کمزور کر سکتا ہے جیسا کہ پاکستان کے ساتھ ہوا۔ ہم کبھی انتہاپسندی کی حمایت نہیں کر سکتے۔ جن ممالک کی حکومتوں نے انتہاپسند قوتوں کی سرپرستی کی وہ تباہ ہوئے ہیں۔ شام لیبیا اور عراق اس کی واضح مثالیں ہیں۔ ہم ایسی نظریات کی سخت مخالفت کرتے ہیں اور ہندوستانی حکومت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ اگر ہندوستان کوئی قدم اٹھاتا ہے تو ہم اس کی حمایت کریں گے۔

بنگلہ دیش میں بربریت کی مذمت کرتے ہوئے آل آسام گاریا موریا جاتیہ پریشد کے ایک سینئر رہنما نورالحق نے کہا کہ بنگلہ دیش میں پیش آنے والے واقعات نہ صرف غیر انسانی ہیں بلکہ پوری مسلم برادری کے لیے شرمندگی کا باعث بھی ہیں۔ اسلام انسانیت امن اور محبت کا مذہب ہے لیکن انتہاپسندوں کے ایک طبقے نے اس کی عزت اور اقدار کو داغدار کیا ہے۔ آسام کے مسلمان اس فعل کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ یہ سوچنا پڑتا ہے کہ انسان کو زندہ جلانے کے لیے ذہن کتنا پست اور ظالم ہوگا۔ ضروری ہے کہ ایسے واقعات دوبارہ کبھی نہ ہوں اور خاص طور پر آسام میں ہمیں تمام برادریوں کے درمیان پرامن بقائے باہمی کو برقرار رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو ہمارے ملک اور آسام میں ایسے انتہاپسند اور فرقہ پرست ذہن رکھنے والے افراد کی شناخت کرنی چاہیے۔ اسی کے ساتھ ہمیں خود بھی چوکس رہنا ہوگا تاکہ ایسی نظریات نہ پھیلیں۔ یہ مسئلہ صرف اسلام تک محدود نہیں بلکہ کسی بھی مذہب میں ہو سکتا ہے۔ میں بنگلہ دیش کے واقعے کی سخت مذمت کرتا ہوں اور ہندوستان کی وزارت خارجہ سے مداخلت کی اپیل کرتا ہوں۔

ادھر آل بودو مائنارٹی اسٹوڈنٹس یونین نے شمالی آسام کے تامول پور ضلع میں ایک بڑا احتجاج کیا اور اس بربر عمل کی سخت مذمت کی۔ اے بی ایم ایس یو کے صدر ٹائسن حسین نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے خلاف بربر تشدد کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ ہم نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔ ہم تازہ واقعات کی سخت مذمت کرتے ہیں اور بنگلہ دیش میں ہندوؤں اور دیگر اقلیتوں کی سلامتی کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ وہاں کچھ مذہبی انتہاپسندوں کی جانب سے ہندوستان مخالف بیانات بھی سامنے آئے ہیں۔ انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ بنگلہ دیش کی آزادی میں ہندوستان نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ بنگلہ دیش سے آنے والا کوئی بھی ہندوستان مخالف بیان آسام یا ہندوستان کے اقلیتی مسلمانوں کو قابل قبول نہیں ہوگا۔

معروف اسلامی عالم مولانا نورالامین قاسمی نے کہا کہ میں بنگلہ دیش میں ایک ہندو فرد کے خلاف کی گئی بربر کارروائی کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ کوئی بھی صاحب عقل انسان ایسا جرم نہیں کر سکتا۔ ہر با شعور فرد کو اس کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔

قابل ذکر ہے کہ ایک اور مقامی مسلم تنظیم آل آسام گاریا موری دیشی جاتیہ پریشد کے درانگ ضلع یونٹ نے حال ہی میں منگالدوئی کے کریم چوک پر احتجاج کیا جس میں سینکڑوں عہدیداران اراکین اور مقامی باشندوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بے گناہ نوجوان دیپو چندر داس کے بہیمانہ قتل کی سخت مذمت کی جسے بنگلہ دیش میں حالیہ تشدد کے دوران انتہاپسند اسلام پسندوں نے زندہ جلا دیا تھا۔ انہوں نے بنگلہ دیش میں غیر مسلم اقلیتوں کی جان و مال کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔احتجاجی مقام پر بنگلہ دیش کے مظالم مردہ باد انتہاپسند جہادیوں ہوشیار رہو دیپو داس کو انصاف دو یہ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی غیر مسلم اقلیتوں کی جان و مال کا تحفظ کرو یونس حکومت مردہ باد یونس کا نوبل امن انعام واپس لو ہندوستان بنگلہ دیش کو سبق سکھائے جیسے نعرے گونجتے رہے۔

احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے تنظیم کے مرکزی چیف ایڈوائزر ڈاکٹر شاہیر بھویان نے دیپو چندر داس کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے نام نہاد نوبل امن انعام یافتہ یونس حکومت کو مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہرایا اور مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی نوبل کمیٹی ڈاکٹر محمد یونس سے امن انعام واپس لے جیسا کہ میانمار کی سابق رہنما آنگ سان سوچی کے معاملے میں ہوا تھا۔ انہوں نے آسام اور شمال مشرق کو غیر مستحکم کرنے کی جہادی انتہاپسندوں کی دھمکیوں کی بھی مذمت کی اور ضرورت پڑنے پر ہندوستان سے فوجی طاقت استعمال کر کے پڑوسی ملک میں انتہاپسندی کے مکمل خاتمے کی اپیل کی۔مظاہرین نے یونس حکومت کی جانب سے مارے گئے انقلابی رہنما عثمان ہادی کو شہید قرار دینے کی بھی سخت مخالفت کی۔ انہوں نے حکام کو للکارتے ہوئے کہا کہ اگر ذرا بھی حوصلہ اور اخلاقی دیانت ہے تو بے گناہ مقتول دیپو داس کو شہید قرار دیا جائے۔ یونس حکومت کو ہٹانے کے مطالبے کے ساتھ مظاہرین نے ان کا پتلا نذر آتش کیا اور دیپو چندر داس کی تصویر کے سامنے شمعیں روشن کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔