نیتا جی سبھاش چندر بوس کے مسلمان سپاہی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-01-2022
نیتا جی سبھاش چندر بوس کے مسلمان سپاہی
نیتا جی سبھاش چندر بوس کے مسلمان سپاہی

 

 

 

AWAZTHEVOICE

ثاقب سلیم،نئی دہلی

آزاد ہند سرکار (آزاد ہندوستان کی حکومت) اور اس کی مسلح افواج، آزاد ہند فوج (انڈین نیشنل آرمی) نیتا جی سبھاش چندر بوس کی قیادت میں تشکیل پائی تھی اور ان کی ہی قیادت میں ہندوستان کا ایک متحدہ تصور پیش کیا گیا تھا، جس کا خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا۔یہ اس وقت کے ہندوستان کی بات ہے، جہاں ہندو، مسلم، سکھ اور عیسائی ایک مشترکہ مقصد یعنی ملک کی آزادی کے لیے شانہ بشانہ لڑ رہے تھے۔

ایک ایسے وقت میں جب چھوٹے سیاستدانوں نے مذہبی مفادات کے لیے سیاسی تنظیمیں تشکیل دی تھیں، آزاد ہند سرکار نے نیتا جی کی قیادت میں تمام ہندوستانیوں کو ایک قومی نظریے کے تحت متحد کیا تھا۔

سنہ 1930 کی دہائی سے نیتا جی نے اپنے اس خدشہ کا اظہار کیا تھا کہ برطانوی حکومت ہندوستان کو چھوڑنے سے پہلے اسے مذہبی خطوط پر تقسیم کرنے کی کوشش کرے گی۔ان کا خیال تھا کہ انگریز اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہندوستانی ان کے جانے کے بعد بھی منقسم رہے۔ نیتاجی کی یہ پیشین گوئی 15 اگست 1947 کو پوری ہوئی۔

موجودہ دور میں جب ہندوستانی مسلمانوں سے ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے آباؤ اجداد کے تعاون کے بارے میں پوچھنا معمول بن گیا ہے، میں آزاد ہند سرکار میں مسلمانوں کی شمولیت اور ان کی حصہ داری سے متعلق یہ تحریر لکھنے پر مجبور گیا ہوں۔

نیتا جی یہ جان کر مشتعل ہوجاتے کہ آج میں نے ان کے آزاد ہندوستانیوں کو ان کے مذہبی عقائد کے مطابق درجہ بندی کر دی ہے۔ تاہم انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ چھوٹے موٹے سیاستدان ہمیں ایک ایسے مقام پر دھکیلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جہاں میں آزاد ہند فوج کے سپاہیوں کو ان کے مذہب کی بنیاد پر یہ ثابت کرنے پر مجبور ہوگیا ہوں کہ یہ تحریک صحیح معنوں میں سیکولر تھی اور تمام ہندوستانی بشمول مسلمان نیتا جی کے پیچھے تھے۔آزاد ہند فوج میں ہزاروں لوگ تھے جنہوں نے نیتا جی کی پیروی کی اور ان میں سے ہزاروں نے اسلام مذہب کو ماننے ولاے تھے۔ ان سب کے بارے میں لکھنا ناممکن ہے لیکن میں یہاں آزاد ہند فوج کے کچھ مسلمان سپاہیوں کی فہرست بنانے کی کوشش کر رہا ہوں۔

عابد حسن سفرانی: عابد حسن حیدرآباد کے ایک ہندوستانی طالب علم تھے جو برلن میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہے تھے،جب نیتا جی دوسری جنگ عظیم کے دوران جرمنی پہنچے تھے۔ وہ برلن میں نیتا جی سے ملے اور ان کی تحریک سے وابستہ ہوگئے، بعد ازاں وہ ان کے سیکرٹری اور ترجمان بھی مقرر کئے گئے۔ جب نیتا جی نے جرمنی سے جاپان تک تین ماہ طویل آبدوز کا سفر کیا تو وہ ان کا ساتھ دینے والے واحد ہندوستانی تھے۔

اس کے علاوہ انہوں نے فوج کے ایک افسر کے طور پرعابد نے نیتا جی کے ذاتی مشیر کے طور پر کام کیا اور برما کے محاذ پر لڑائیوں کی قیادت کی۔ یہ وہی عابد حسین سفرانی تھے، جنہوں نے مشہور نعرہ ’’جئے ہند‘‘ کا نعرہ دیا تھا۔

کرنل حبیب الرحمان: کرنل حبیب الرحمان جنرل موہن سنگھ کے ساتھ آزاد ہند فوج کے شریک ہوئے تھے اور ہیڈ کوارٹر میں ایڈمنسٹریشن برانچ کے انچارج بنائے گئے۔ انہوں نے برما کی ایک مہم کی قیادت کی۔

نیتا جی کے آزاد ہند فوج کی کمان سنبھالنے کے بعد انہیں ٹریننگ اسکول کا آفیسر انچارج بھی مقرر کیا گیا۔ جب 21 اکتوبر 1943 آزاد ہند سرکار بنی تو انہوں نے بھی بطور وزیر حلف لیا تھا۔ انہیں فوج کے نائب سربراہ کے طور پر بھی مقرر کیا گیا تھا اور 18 اگست 1945 کو اپنی آخری پرواز کے دوران نیتا جی کے ساتھ تھے۔

میجر جنرل محمد زمان خان قیانی: جنرل موہن سنگھ کی طرف سے آزاد ہند فوج کی ابتدائی تشکیل کے دوران، محمد زمان خان قیانی چیف آف دی جنرل اسٹاف تھے۔ نیتا جی کے تحریک سنبھالنے کے بعد، انہیں آزاد ہند فوج کے پہلے ڈویژن کے وزیر اور کمانڈر کے طور پر مقرر کیا گیا۔

وہ جس ڈویژن کے سربراہ تھے اس میں تین رجمنٹیں تھیں، نہرو، آزاد اور گاندھی۔ برما کے محاذ پر فوج کی قیادت انہوں نے کی تھی۔ جب نیتا جی اپنی آخری معلوم پرواز سے حبیب کے ساتھ سنگاپور روانہ ہوئے تو قیانی کو چیف آف آرمی کا چارج دیا گیا تھا۔

کرنل احسان قادر: جب جنرل موہن سنگھ نے آزاد ہند فوج بنائی تو احسان قادر کو آزاد ہند ریڈیو کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا۔

سنہ 1943 میں، جب راش بہاری بوس نے نیتا جی کو تحریک کی قیادت سونپی تو قادر آزاد ہند سرکار میں شامل ہو گئے، جو ملٹری سکریٹری کے طور پر مقرر ہوئے۔ انہوں آزاد ہند فوج کے تیس ہزار سے زائد رضاکار افراد کی سربراہی کی تھی۔

نیتا جی نے ہندو مسلم اتحاد کو فروغ دینے کے لیے ایک فرقہ وارانہ ہم آہنگی کونسل(communal harmony council) بھی بنائی اور قادر کو اس کا سربراہ بنایا گیا۔

کونسل نے اس بات کو یقینی بنایا کہ آزاد ہند فوج میں مذہبی اختلافات پیدا نہ ہوں۔ جب انہیں کسی نے بتایا کہ نیتا جی کی موت ہوائی جہاز کے حادثے میں ہوئی ہے تو قادر کو یقین نہیں آیا، اسی سبب انہوں نے اپنا ذہنی توازن کھو دیا۔

کرنل عنایت اللہ حسن: عنایت اللہ حسن کو جنرل موہن سنگھ نے آزاد ہند ریڈیو کا ڈائریکٹر مقرر کیا تھا۔ انہوں نے مشہور محب وطن ریڈیو ڈرامے لکھے جس نے آل انڈیا ریڈیو کو ہندوستان میں جوابی بیانیہ نشر کرنے پر مجبور کیا۔

بعد میں نیتا جی نے انہیں ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ کا انچارج مقرر کیا جہاں انہوں نے خواتین، بچوں اور عام شہریوں کو ہتھیاروں کی تربیت دی۔

میجر جنرل شاہنواز: میجر جنرل شاہنواز خان کو نیتا جی نے اس فورس کا کمانڈر مقرر کیا تھا جس نے برطانوی زیر کنٹرول ہندوستانی علاقوں پر حملہ کیا۔

انہوں نے اراکان، ناگالینڈ اور دیگر سرحدی علاقوں میں حملے کئے۔ برطانوی ہندوستانی فوج کے ہندوستانی سپاہیوں کو جنہیں جنگی قیدی بنا کر رکھا گیا تھا، ان کو آزاد ہند فوج میں شامل ہونے کے لیے آمادہ کیا گیا۔ جنگ کے بعد جب آزاد ہند فوج کے افسروں کو گرفتار کیا گیا اور کورٹ مارشل کیا گیا تو پوری قوم ان کے پیچھے ’’لال قلعے سے آئے آواز، ڈھلوں، سہگل شاہنواز‘‘ کے نعروں کے ساتھ نکل پڑی تھی۔

کرنل شوکت علی ملک: کرنل شوکت علی ملک کو آزاد ہندوستانی سرزمین پر پہلا قومی پرچم لہرانے کا اعزاز حاصل ہے۔ 14 اپریل 1944 کو آزاد ہند فوج کے بہادر گروپ کے کمانڈر ملک نے منی پور کے موئرنگ میں قومی ترنگا لہرایا تھا۔ ایک سویلین حکومت قائم کی گئی اور وہاں سے انٹیلی جنس یونٹوں کو دشمن کی صفوں میں بھیج دیا گیا۔

نیتا جی نے انہیں تمغہ سردار جنگ سے نوازا جو کہ آزاد ہند فوج کی اعلیٰ ترین فوجی سجاوٹ میں سے ایک تھا۔

کرنل محبوب احمد: کرنل محبوب احمد آزاد ہند سرکار اور آزاد ہند فوج کے درمیان رابطہ افسر تھے۔اراکان اور امپھال کی جنگوں کے دوران وہ میجر جنرل شاہنواز خان کے مشیر بھی رہے۔ 

کریم غنی: کریم غنی برما میں رہنے والے ایک تمل صحافی تھے، جنہوں نے نیتا جی کے جرمنی سے آنے سے پہلے انڈین انڈیپنڈنس لیگ کی سربراہی کی۔

جب آزاد ہند سرکار قائم ہوئی تو انہوں نے چھ مشیروں میں سے ایک کے طور پر حلف لیا۔ ڈی ایم خان سرکار کے ایک اور مسلمان مشیر تھے۔ جنگ ختم ہونے کے بعد یہ دونوں اقوام متحدہ کے اعلان کردہ پانچ انفرادی دشمنوں میں شامل تھے۔

عبدالحبیب یوسف مارفانی: عبدالحبیب یوسف مارفانی رنگون میں آباد ایک امیر گجراتی تاجر تھے۔ نیتا جی کی تقریروں نے ان کے اندر قوم پرستی کا جذبہ پیدا کیا تھا۔ انہوں نے 9 جولائی 1944 تک باقاعدگی سے ایک وقت میں دو سے تین لاکھ روپے کا عطیہ دینا شروع کیا، جب نیتا جی نے ایک جلسہ عام میں فنڈز کے لیے اپیل کی تھی۔

مارفانی چاندی کی ٹرے لے کر چلے جس میں زیورات، جائیدادوں کے کاغذات اور کرنسی تھی۔  اس وقت اس کی قیمت ایک کروڑ روپے بتائی گئی تھی۔ اپنی دولت کی ایک ایک پائی عطیہ کرنے کے بعد انہوں نے اپنے لیے آزاد ہند فوج کی خاکی وردی مانگی تھی۔

نیتا جی نے انہیں تمغہ سیوک ہند، آزاد ہند سرکار کے اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نوازا، اور کہا کہ کچھ کہتے ہیں ،حبیب دیوانہ ہوگیا ہے۔ میں اس سے اتفاق رکھتا ہوں. میں چاہتا ہوں کہ آپ میں سے ہر ایک ہندوستانی دیوانے ہو جائیں۔ اپنے ملک، اپنے مادر وطن کی فتح اور آزادی کے حصول کے لیے ہمیں ایسے ہی دیوانے مرد و خواتین کی ضرورت ہے۔

جنگوں کے دوران پچاس سے زائد فوجیوں کو آزاد ہند فوج کے بہادری کے اعزازات سے نوازا گیا۔ یہ اعزازات تمغہ سردار جنگ، تمغہ ویر ہند، تمغہ بہادری، تمغہ شترو ناش اور سینا بہادری تھے۔ کئی مسلم فوجیوں نے نیتا جی سے یہ اعزازات حاصل کئے۔ تمغہِ سردارِ جنگ کرنل ایس اے ملک میجر، سکندر خان، میجر عابد حسین، کیپٹن تاج محمد، تمغہ ویر ہند لیفٹیننٹ اشرفی، لیفٹیننٹ عنایت اللہ۔

 تمغہ بہادری: حولدار احمد دین، حولداردین محمد، حولدار حاکم علی، حولدار غلام حیدر شاہ۔

تمگھا شترو ناش: حولدار پیر محمد،حولدارحاکم علی،نائیک فیض محمد، سپاہی غلام رسول، نائیک فیض بخش۔

سند بہادری حولدار احمد الدین، حولدارمحمد آذر گلاب شاہ۔

یہاں محدود فہرست دی گئی ہےابھی تک بشیر احمد اور منور حسین جیسے لوگ یاد نہیں آئے جو آزاد ہند سرکار میں وزیر تھے۔ عزیز احمد خان اور عنایت قیانی، دونوں آزاد ہند فوج کی تین میں سے دو رجمنٹ کے کمانڈر تھے۔

نذیر احمد نیتا جی یا شیخ محمد پر حملے کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہوئے تھے، وہ ویت نام میں انڈیا انڈیپنڈنس لیگ کے سربراہ تھے۔

میرا خیال یہاں تمام نام نہیں لکھے جا سکتے۔ یہ بھی سچ ہے کہ کسی تحریک کے مسلمان سپاہیوں کی فہرست تیار کرنا حماقت ہے، جو حقیقی معنوں میں قومی اور سیکولر تھے۔ لیکن یہ بھی ایک تلخ سچائی ہے کہ موجودہ دور میں لوگ آزادی ہند کی لڑائی میں مسلمانوں کے تعاون کو جاننا چاہتے ہیں۔

نوٹ: ثاقب سلیم تاریخ نگار اور مصنف ہیں۔