علی احمد
محرم اسلامی تقویم کا پہلا مہینہ ہے اور 680 عیسوی میں پیش آنے والے سانحۂ کربلا کی وجہ سے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسے حضرت امام حسینؑ کی اپنے اہل خانہ اور وفادار ساتھیوں سمیت شہادت اسلامی تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب ہے۔ ۔سن 680 عیسوی میں میدان کربلا میں امام حسینؑ نے ظلم اور جبر کے خلاف حق و صداقت کا علم بلند کرتے ہوئے اپنی جان، اپنے اہل خانہ اور ساتھیوں کی قربانی پیش کی۔ کربلا کی جنگ ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت اور انصاف کے حصول کی جدوجہد کی ایک ایسی داستان ہے جو مذہبی حدود سے بالاتر ہو کر مختلف معاشرتی اور سیاسی تناظرات میں گہرے اثرات مرتب کرتی رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کربلا کا واقعہ صرف مسلمانوں ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے حریت، عدل، صبر اور ایثار کی علامت بن چکا ہے۔ہندوستان میں محرم صرف ایک مذہبی یادگار نہیں بلکہ تہذیبی ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور مشترکہ ثقافت کی ایک روشن مثال بھی ہے۔ شیعہ اور سنی مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندو، سکھ اور عیسائی برادریوں کے افراد بھی مختلف انداز میں اس عظیم سانحے کی یاد مناتے ہیں۔ یہی خصوصیت محرم کو ہندوستان کے سماجی اور ثقافتی منظرنامے میں ایک منفرد مقام عطا کرتی ہے۔
تاریخی پس منظر اور ثقافتی انضمام
ہندوستان اپنی مذہبی اور ثقافتی گوناگونی کے باعث محرم کے ساتھ ایک منفرد تعلق رکھتا ہے۔ محرم بالخصوص یومِ عاشورا کی یادگار تقریبات صدیوں سے ہندوستانی تہذیب و ثقافت کا حصہ رہی ہیں۔ حضرت امام حسینؑ کی شہادت کی یاد میں جلوسوں۔ ماتمی اجتماعات اور تعزیوں کے ذریعے سوگ منانے کی روایت صرف مسلمانوں تک محدود نہیں بلکہ مختلف مکاتب فکر اور غیر مسلم برادریاں بھی ان تقریبات میں شریک ہوتی ہیں۔ یہ شرکت ایک وسیع تر ثقافتی ہم آہنگی کی علامت ہے۔
کربلا کا پیغام یعنی ظلم کے خلاف مزاحمت اور انصاف کی تلاش ہندوستان کی تاریخ میں نوآبادیاتی تسلط اور اندرونی سماجی ناانصافیوں کے خلاف جدوجہد کے ساتھ گہری مطابقت رکھتا ہے۔ مہاتما گاندھی جیسے رہنماؤں نے بھی کربلا کی قربانیوں سے تحریک حاصل کی اور ظلم کے مقابلے میں عدم تشدد اور ثابت قدمی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ گاندھی کی جانب سے حضرت امام حسینؑ کی شہادت کو پُرامن مزاحمت کی علامت قرار دینا اس حقیقت کی نشاندہی کرتا ہے کہ محرم کا پیغام ہندوستان کی سماجی اور سیاسی تحریکوں پر گہرا اثر رکھتا ہے۔
Muharram 🏴
— Murphy's Law (@_Murphyism) June 15, 2026
We are all stand with Our shia Community ever & ever...There is no need to divide the Muslim countries on the basis of sects. We are one☝️
We are the امتی of Muhammad (PBUH) pic.twitter.com/ojqJCHkeTN
لکھنو خاص ہے
ہندوستانی تہذیب کے تنوع کی خوبصورتی اور رنگا رنگی کا مشاہدہ ہر خوشی اور غم پر کیا جا سکتا ہے لیکن لکھنؤ میں محرم کے موقع پر یہ منظر اور بھی نمایاں ہو جاتا ہے۔ حضرت امام حسینؑ کی شہادت کے بعد سے دنیا بھر میں محرم کی تقریبات بالخصوص شیعہ مسلمانوں کی جانب سے منعقد کی جاتی ہیں۔ تاہم لکھنؤ میں ہندو برادری بھی نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ ان تقریبات میں شریک ہوتی ہے۔ سانحۂ کربلا برصغیر میں بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی تفہیم کی ایک روشن علامت بن چکا ہے۔ امام حسینؑ کے غم میں منعقد ہونے والی عزاداری میں ہندوؤں کی شرکت صدیوں سے ہندوستان کے مختلف علاقوں میں ایک نمایاں روایت رہی ہے۔ ہندو۔ سکھ۔ جین اور عیسائی برادریوں کے افراد بھی محرم مناتے ہیں۔ ہندوؤں کے مقدس ترین شہروں میں شمار ہونے والے وارانسی میں بھی آج تک متعدد غیر مسلم خاندان محرم کے جلوسوں میں شریک ہوتے ہیں۔
ایک ہندو شاعر نے کہا تھا۔
"بعد مرنے کے بھی ماتم کی صدا آتی رہی۔
لوگ حسرت سے میری جلتی چتا دیکھا کیے۔"
ترجمہ۔ حضرت امام حسینؑ کی شہادت پر غم و ماتم کی آواز میری وفات کے بعد بھی سنائی دیتی رہی۔ لوگ عقیدت اور محبت کے ساتھ میری جلتی ہوئی چتا کو دیکھتے رہے۔
واجد علی شاہ کا واقعہ
ایک روایت کے مطابق نواب واجد علی شاہ کے دور حکومت میں ایک مرتبہ عاشورا یعنی دس محرم اور ہندو تہوار ہولی ایک ہی دن واقع ہوئے۔ ہولی خوشی اور رنگوں کا تہوار ہے۔ صبح جب بادشاہ بیدار ہوئے تو انہوں نے دیکھا کہ لوگ حسب معمول سڑکوں پر رنگ کھیلتے نظر نہیں آ رہے۔ انہوں نے اپنے سیکریٹری سے اس کی وجہ دریافت کی تو معلوم ہوا کہ رعایا نے اپنے مسلم حکمران کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے اس دن ہولی نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ یہ سوگ کا دن ہے۔ بادشاہ اس جذبے سے اس قدر متاثر ہوئے کہ انہوں نے خود سب سے پہلے رنگ ڈالا اور اپنے ہندو رعایا کو تہوار منانے کی اجازت دی۔ چنانچہ ہندوؤں نے صبح دس بجے تک ہولی کھیلی اور اس کے بعد بادشاہ کے ساتھ عزاداری اور محرم کی دیگر رسومات میں شریک ہو گئے۔
آج بھی لکھنؤ میں حضرت امام حسینؑ کے لیے محبت۔ احترام اور غم کا یہی جذبہ دیکھا جا سکتا ہے۔ لکھنؤ میں متعدد ہندو امام باڑے بھی موجود ہیں۔ ان میں پرانے شہر کا "کشنو خلیفہ کا امام باڑہ" خاص طور پر قابل ذکر ہے۔ 1880 میں قائم ہونے والا یہ امام باڑہ اپنے ہندو عزاداروں کی وجہ سے مشہور ہے جو مسلمانوں کی طرح پوری مذہبی عقیدت کے ساتھ محرم کی رسومات ادا کرتے ہیں۔ اودھ کے شیعہ نوابوں کے دارالحکومت لکھنؤ میں راجہ ٹکیت رائے اور راجہ بلاس رائے جیسے ممتاز ہندو امراء نے بھی امام باڑے تعمیر کروائے جہاں کربلا کی یادگار کے طور پر علم نصب کیے جاتے تھے۔
گنگا جمنی تہذیب اور محرم
ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب مختلف مذاہب اور برادریوں کے درمیان باہمی احترام، محبت اور اشتراک کی علامت رہی ہے۔ محرم کے دوران اس تہذیب کا سب سے خوبصورت اظہار دیکھنے کو ملتا ہے۔ ہندو کاریگر تعزیے تیار کرتے ہیں جبکہ مختلف مذاہب کے افراد مجالس اور جلوسوں میں شریک ہو کر امام حسینؑ سے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔تاریخی طور پر متعدد ہندو شخصیات نے عزاداری کی ترویج اور فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اودھ کے دور حکومت میں راجہ ٹکیت رائے، مہاراجہ میوا رام، جگن ناتھ اگروال اور دیگر شخصیات نے امام بارگاہیں تعمیر کروائیں اور مجالس و عزاداری کے انتظامات کیے۔
جھانسی کی رانی لکشمی بائی نے بھی ایک تعزیہ قائم کیا جو آج بھی "بائی صاحب کا تعزیہ" کے نام سے معروف ہے۔ راجستھان، اڑیسہ، گجرات، کرناٹک اور آندھرا پردیش سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہندو خاندان نسل در نسل تعزیے اور علم تیار کرتے آرہے ہیں۔
تعزیہ سازی کی مشترکہ روایت
تعزیہ حضرت امام حسینؑ کے روضۂ مبارک کی علامتی شبیہ ہوتا ہے۔ ہندوستان میں تعزیہ سازی صرف مسلمانوں تک محدود نہیں بلکہ ہندو اور دلت برادریاں بھی اس فن میں شریک ہیں۔ کاغذ، لکڑی، پیتل اور تانبے سے بنائے جانے والے تعزیے مختلف علاقوں کی مقامی ثقافت کی جھلک پیش کرتے ہیں۔
لوک ادب اور کربلا
کربلا کے واقعات نے ہندوستانی لوک ادب اور شاعری کو بھی متاثر کیا۔ اودھ میں "دہے" کی روایت، بنگال میں "جاری گان"، بہار میں "جھرنی" اور کرناٹک میں "روایت" جیسی عوامی ادبی صورتیں امام حسینؑ کی قربانی کو عام لوگوں تک پہنچاتی رہی ہیں۔ ان روایات میں غیر مسلم فنکاروں اور شاعروں کا کردار بھی نمایاں رہا ہے۔
حسینی شعرا اور ادیب
ہندوستان کے متعدد غیر مسلم شعرا اور ادیبوں نے امام حسینؑ کی عظمت کو اپنی شاعری اور تحریروں کا موضوع بنایا۔ لالا چنو لال دلگیر، متھر لکھنوی، جگن ناتھ آزاد، گوری پرساد نگم، سروجنی نائیڈو اور منشی پریم چند جیسے نام اس سلسلے میں خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان شخصیات نے اپنی تخلیقات کے ذریعے کربلا کے آفاقی پیغام کو عام کیا۔
محرم ہندوستانی تاریخ کے سماجی اور ثقافتی منظرنامے میں ایک ایسا منفرد موقع ہے جو ہندو مسلم اتحاد اور باہمی ہم آہنگی کی بے مثال مثال پیش کرتا ہے۔