مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ کا تنازعہ : کیا اختلاف کو توہین یا گستاخی قرار دینا درست ہے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 05-07-2026
مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ کا تنازعہ : کیا اختلاف کو توہین یا گستاخی قرار دینا درست ہے
مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ کا تنازعہ : کیا اختلاف کو توہین یا گستاخی قرار دینا درست ہے

 



نقی احمد ندوی 
اسلامی تاریخ کی عظیم شخصیات اور خاص طور پر صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم سے متعلق گفتگو ہمیشہ انتہائی احتیاط، عدل اور دیانت کی متقاضی ہوتی ہے۔ کسی بھی عالم یا مصنف کے بارے میں فیصلہ کرتے وقت اصل ماخذ، مکمل سیاق و سباق اور معتبر علمی تحقیق کو بنیاد بنانا ضروری ہے، نہ کہ سنی سنائی باتوں یا مختصر ویڈیوز کو دیکھ کر اپنی راے قاءم کی جاے۔ یہ تحریر اسی موضوع کا علمی اور غیر جانب دارانہ جائزہ پیش کرنے کی ایک کوشش ہے۔
اس مضمون میں ہم اس سوال کا جائزہ لینے کی کوشش کریں گے کہ مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ پر صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کی گستاخی کا جو الزام لگایا جاتا ہے، اس کی حقیقت کیا ہے؟
الف: مولانا سلمان ندوی نے حقیقت میں کیا کہا؟
ب: ناقدین اور مخالفین نے ان کی باتوں کی کیا تعبیر لی؟
ج: کیا واقعی کوئی واضح ثبوت موجود ہے کہ انہوں نے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کی توہین کی یا کیا واقعی ان کو سبّ و شتم کیا؟
مولانا سلمان ندوی پر اعتراضات جن علماء نے کیے ہیں، وہ تین بنیادی نکات پر مبنی ہیں۔
پہلا: تاریخِ اسلام پر ان کے بعض بیانات، تقاریر اور درس و تدریس کے دوران ہونے والی بحث۔ مولانا سید سلمان ندویؒ نے اپنی تقریروں میں جب حضرت علیؓ اور حضرت معاویہؓ کے درمیان ہونے والے تاریخی واقعات کا ذکر کیا اور وہ احادیث اور تاریخی حقائق پیش کیے جو عام طور پر عوام کے سامنے بیان نہیں کیے جاتے، حالانکہ وہ کتبِ احادیث اور تاریخی کتابوں میں موجود ہیں، تو علماء کے ایک طبقے کو یہ جمہور کے مسلک کے خلاف نظر آیا۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ مولانا نے ایسی احادیث اور تاریخی حقائق بیان کیے جن میں علماءِ امت کا اختلاف پایا جاتا ہے، اور جس انداز میں مولانا نے اپنی بات پیش کی، اس سے صحابۂ کرامؓ کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوتا ہے۔ غور کرنے کی بات یہ ہے کہ مولانا سلمان ندوی نے کسی صحابی کی تنقیص نہیں کی، نہ ہی سبّ و شتم کیا، البتہ ان کے بیانات سے بعض لوگوں کے نزدیک صحابۂ کرامؓ کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوتا ہے۔
دوسرا: مولانا سلمان حسینی ندویؒ کی بعض آراء جمہور کے مسلک کے خلاف تھیں۔ مولانا جن دلائل پر اپنی رائے رکھتے تھے، ان دلائل سے جمہور علماء متفق نہیں تھے۔ یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جمہور علماء کے خلاف اپنی رائے رکھنا کیا درست نہیں؟ حالانکہ جن علماء کو جمہور علماء کہا جاتا ہے، وہ بھی کسی نہ کسی مسئلے میں ایک دوسرے سے مختلف آراء رکھتے تھے، جن سے اسلامی کتب بھری پڑی ہیں۔ تو پھر مولانا سلمان ندویؒ نے اگر اپنی رائے دی تو اس پر اعتراض کیوں؟ کسی مسئلے میں کسی بھی اہلِ علم کو، جو اس کا اہل ہو، اپنی رائے رکھنے کا پورا حق حاصل ہے۔
تیسرا: مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ ایک شعلہ بیان مقرر تھے، جس پر مخالفین اور موافقین دونوں کا اتفاق ہے۔ مولانا کی سوشل میڈیا پر بعض تقریروں کے مختصر کلپس وقتاً فوقتاً گردش کرتے رہے۔ ناقدین نے انہی کلپس کی بنیاد پر ان پر صحابۂ کرامؓ کی تنقیص کا الزام عائد کیا، جبکہ ان کے حامیوں کا کہنا تھا کہ ان کی تقاریر کو اصل سیاق و سباق سے الگ کرکے پیش کیا گیا ہے۔
اب سب سے بڑا سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا واقعی مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ نے صحابۂ کرامؓ کی گستاخی کی؟
گستاخی کی دو صورتیں ہوسکتی ہیں۔ 
اول: کسی صحابی کی صریح توہین، سب و شتم، لعن طعن یا تحقیر۔
دوم: کسی تاریخی واقعے کی ایسی تعبیر یا تنقید جس سے بعض علماء اختلاف کریں یا جسے وہ نامناسب سمجھیں۔
گستاخی کی پہلی صورت  کسی صحابی کو گالی دینا، ان پر لعن طعن کرنا، یا ان کے لیے توہین آمیز الفاظ استعمال کرنا تو ایسا کوئی معروف اور مستند ثبوت عام طور پرمخالفین پیش نہیں کرتے جس سے اس قسم کی گستاخی ثابت ہو۔ اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ مولانا کی تمام آراء سے اتفاق ضروری ہے، بلکہ ان کی بعض آراء پر اہلِ علم نے علمی بنیادوں پر اختلاف بھی کیا جو ان کا حق تھا۔ 
دوسری صورت کسی تاریخی واقعے کی ایسی تعبیر یا تنقید جس سے بعض علماء اختلاف کریں یا جسے وہ نامناسب سمجھیں۔ تو اس سے یہ لازم نہیں آتا کہ ہر اختلافی تاریخی رائے کو صحابۂ کرام کی توہین قرار دے دیا جائے، کیونکہ علمی دنیا میں کسی رائے سے اختلاف اور کسی شخصیت کی اہانت دو الگ چیزیں ہیں۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ مولانا سلمان حسینی ندویؒ کی بعض تاریخی آراء اور تقاریر پر متعدد علماء نے سخت علمی تنقید کی اور ان کے منہج سے اختلاف کیا۔ لیکن یہ کہنا کہ انہوں نے کھلے الفاظ میں صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کو گالیاں دیں یا ان کی صریح توہین کی، اس دعوے کے حق میں ایسا واضح اور متفق علیہ ثبوت موجود نہیں جسے تمام اہلِ علم قبول کرتے ہوں۔
اس لیے انصاف کا تقاضا یہی ہے کہ کسی شخصیت کے بارے میں فیصلہ سوشل میڈیا کی مختصر ویڈیوز یا سنی سنائی باتوں کی بنیاد پر نہیں، بلکہ ان کی مکمل گفتگو، اصل سیاق و سباق اور معتبر علمی تحقیق کی روشنی میں کیا جائے۔
مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ کی شدید مخالفت کے پسِ منظر میں متعدد عوامل کارفرما نظر آتے ہیں۔
الف: بعض علماء نے ان کی بعض تاریخی آراء اور منہج سے شدید اختلاف کیا، جبکہ بعض حلقوں میں مسلکی اور ادارتی وابستگیوں نے بھی اس اختلاف کو مزید نمایاں کیا۔
ب: سعودی عرب کی بعض سیاسی و مذہبی پالیسیوں پر مولانا کی تنقید کے بعد مختلف مذہبی حلقوں، خصوصاً بعض اہلِ حدیث علماء، کی جانب سے ان پر تنقید میں اضافہ ہوا۔ اسی طرح بعض لوگوں کے نزدیک ٔ ندوۃ العلماء کے اندرونی اختلافات نے بھی اس مخالفت کو تقویت دی۔
ج: سوشل میڈیا پر ان کی تقاریر کے مختصر یا سیاق و سباق سے الگ کیے گئے کلپس اور اقتباسات وسیع پیمانے پر گردش کرتے رہے، جس سے عوام میں مختلف قسم کے تاثر پیدا ہوئے۔
د: کسی بھی معروف اور اثر انگیز شخصیت کی طرح مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے بھی ان کے موافقین اور مخالفین، دونوں کے ردِ عمل کو زیادہ نمایاں کر دیا۔
کسی بھی شخصیت کے ناقدین کے محرکات مختلف ہو سکتے ہیں، لیکن صرف اختلاف یا مخالفت کی بنیاد پر کسی کے اخلاص یا نیت پر حکم لگانا درست نہیں۔ اسی طرح کسی شخصیت کی مقبولیت بھی اس کے ہر موقف کے درست ہونے کی دلیل نہیں بنتی۔ 
اس مضمون کا مقصد مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ کی تمام آراء کی تائید یا تردید نہیں، بلکہ ان پر لگائے جانے والے ایک مخصوص الزام کا ایک سرسری علمی اور منصفانہ جائزہ پیش کرنا ہے۔ اختلافِ رائے علمی روایت کا حصہ ہے، لیکن ہر اختلاف کو توہین یا گستاخی قرار دینا درست نہیں۔
قرآنِ کریم بھی ہمیں ایسے نازک اور حساس معاملات میں تحقیق، عدل اور دیانت کا درس دیتا ہے۔ چنانچہ سورۂ الحجرات کی آیت ﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنْ جَاءَكُمْ فَاسِقٌ بِنَبَإٍ فَتَبَيَّنُوا﴾ (الحجرات: 6) ہمیں ہر خبر کو قبول کرنے سے پہلے اس کی تحقیق اور تصدیق کا حکم دیتی ہے، تاکہ ہم محض سنی سنائی باتوں یا نامکمل معلومات کی بنیاد پر کسی کے بارے میں فیصلہ نہ کریں۔اسی طرح سورۂ المائدہ کی آیت ﴿اعْدِلُوا هُوَ أَقْرَبُ لِلتَّقْوَى﴾ (المائدہ:  ہمیں یاد دلاتی ہے کہ انصاف ہی تقویٰ کے زیادہ قریب ہے۔ اسی آیت میں مزید ارشاد فرمایا گیا ہے: ﴿وَلَا يَجْرِمَنَّكُمْ شَنَآنُ قَوْمٍ عَلَىٰ أَلَّا تَعْدِلُوا ۚ اعْدِلُوا هُوَ أَقْرَبُ لِلتَّقْوَى﴾ ترجمہ: "کسی قوم کی دشمنی تمہیں اس بات پر آمادہ نہ کرے کہ تم انصاف نہ کرو۔ انصاف کرو، یہی تقویٰ سے زیادہ قریب ہے۔"
لہٰذا کسی بھی عالم، مفکر یا تاریخی شخصیت کے بارے میں رائے قائم کرتے وقت ہمارا معیار جذبات، مسلکی وابستگی یا سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مختصر کلپس نہیں، بلکہ تحقیق، دیانت اور عدل ہونا چاہیے۔ یہی قرآن کا حکم ہے اور یہی علمی امانت داری کا تقاضا بھی