مرثیہ، ماتم اور مٹیا برج: واجد علی شاہ کی روحانی دنیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 26-06-2026
مرثیہ، ماتم اور مٹیا برج: واجد علی شاہ کی روحانی دنیا
مرثیہ، ماتم اور مٹیا برج: واجد علی شاہ کی روحانی دنیا

 



رچرڈ ڈیوڈ ولیمس

تاریخ کے اوراق میں واجد علی شاہ (1822–1887)، اودھ کے آخری نواب، کا ذکر عموماً دو متضاد اور انتہائی رنگین بیانیوں میں ملتا ہے: یا تو وہ ایک عیاش، سیاسی طور پر ناکام حکمران ہیں جنہوں نے برطانوی ایسٹ انڈیا کمپنی کے سامنے ہتھیار ڈال دیے، یا پھر وہ ایک عبقری موسیقار، فنون لطیفہ کے بے مثال سرپرست اور ثقافتی نشاۃ ثانیہ کے علمبردار ہیں۔ لیکن ان دونوں مشہور بیانیوں کے درمیان ایک ایسا اہم اور گہرا باب ہمیشہ نظر انداز ہو گیا جو ان کی اصل روح کو ظاہر کرتا ہے۔ان کی ذاتی دینداری، شیعہ عقائد سے گہرا تعلق، اور خصوصاً محرم کی رسومات میں ان کی بے مثال اور عملی شرکت۔یہ کہانی صرف ایک بادشاہ کی نہیں ہے، بلکہ ایک ایسے انسان کی ہے جس نے اپنی کھوئی ہوئی سلطنت کے غم کو عقیدت کے رنگ میں رنگ کر، جلاوطنی کی تاریکی میں ایک نئی ثقافتی اور روحانی شناخت تخلیق کی۔
لکھنؤ کا سایہ اور مٹیا برج کی شاہی شان
سال 1856 میں اودھ کے الحاق کے بعد جب واجد علی شاہ کو کلکتہ کے مضافاتی علاقے مٹیا برج میں جلاوطن کر دیا گیا، تو ان کے ساتھ لکھنؤ کا ایک پورا معاشرہ، دربار اور ثقافت بھی بے گھر ہو گئی۔ مشہور مورخ اور مضمون نگار عبدالحلیم شرر، جو خود اس جلاوطن برادری کا حصہ تھے، لکھتے ہیں کہ لکھنؤ کا محرم اب کبھی پہلے جیسا نہ ہو سکا، لیکن کلکتہ میں مٹیا برج کا محرم اتنا ہی شاندار تھا کہ ہزاروں لوگ، یہاں تک کہ انگریز بھی، یہاں عقیدت کے مسافر بن کر آتے تھے۔ 
شرر اپنے تاثرات میں لکھتے ہیں: "اس شان و شوکت اور جلوس کے ساتھ جس میں بادشاہ کا محرم کا جلوس نکلتا تھا، شاید لکھنؤ میں بھی ان کے دورِ حکومت میں کوئی مقابلہ نہ کر سکتا۔" لیکن شرر کے بیان کا سب سے حیرت انگیز اور دلکش پہلو یہ تھا کہ انہوں نے نواب کو محض تماشائی نہیں بلکہ ایک فعال حصہ دار کے طور پر پیش کیا:
"ڈھول اور طاشہ بجانے کے فن کے اصولوں کی اس سے بڑی کیا دلیل ہو سکتی ہے کہ واجد علی شاہ، جو ایک بے مثال موسیقار تھے، خود اس فن کے ماہر تھے۔ میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ وہ مٹیا برج میں آسمانی کوٹھی سے محرم کی ساتویں تاریخ کے جلوس کے ساتھ نکلے، ان کے گلے میں طاشہ بندھا ہوا تھا اور وہ خود اسے بجا رہے تھے۔
یہ منظر بعد میں ستیہ جیت رے کی شاہکار فلم 'شطرنج کے کھلاڑی' میں بھی امر ہو گیا۔ عام تاثر کے برعکس کہ نواب صرف عیاشیوں میں ڈوبے رہتے تھے، یہ تصویر ان کی ذاتی دینداری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ لیکن شرر کے اس بیان نے اس دور کے معاشرے میں ایک بحث بھی چھیڑ دی: کیا ایک بادشاہ کے لیے مناسب ہے کہ وہ ایک مذہبی جلوس میں بطور طبل نواز شامل ہو؟
سیاست سے پرے: ایک جلاوطن بادشاہ کی دینداری
عام طور پر بادشاہوں کی مذہبی سرپرستی کو سیاسی مفادات سے جوڑ کر دیکھا جاتا ہے۔کہ وہ اپنی طاقت اور دینداری کا اظہار کرتے ہیں۔ اودھ کے پچھلے نوابوں نے بھی امام بارگاہیں بنا کر اپنی شیعہ شناخت اور سیاسی طاقت کو مستحکم کیا تھا۔ لیکن مٹیا برج میں واجد علی شاہ کی صورتحال بالکل مختلف تھی۔
30 سال کی جلاوطنی میں وہ محض ایک 'سابقہ بادشاہ' رہ گئے تھے۔ ان کے پاس نہ کوئی سیاسی طاقت تھی اور نہ ہی سلطنت کی واپسی کی کوئی امید۔ اس لیے ان کی مذہبی سرگرمیوں کو محض سیاسی جواز یا شیعہ ریاست کی تعریف تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ مٹیا برج کا محرم ایک مختلف سیاسی اور سماجی حیثیت رکھتا تھا۔ یہ جلاوطن برادری کی بقا کی علامت تھی، ایک ایسی ثقافت کا جشن جو اپنی جڑوں سے اکھڑ چکی تھی مگر زندہ تھی۔
نواب ہر سال محرم کے جلوسوں پر 40,000 روپے خرچ کرتے تھے۔ انہوں نے 1864 میں سبتین آباد امام باڑہ کی تعمیر کروائی، جو بعد میں ان کی آخری آرام گاہ بنا۔ یہ عمارتیں محض اینٹ اور پتھر نہیں تھیں، بلکہ اودھ کی شیعہ شناخت کے زندہ مجسمے تھیں۔
لکھنؤ کی امام بارگاہوں کا زخمی ورثہ
اس سے پہلے کہ ہم مٹیا برج کے محرم کو سمجھیں، لکھنؤ کے زخمی ورثے کو سمجھنا ضروری ہے۔ اودھ کے نوابوں نے لکھنؤ کو شیعہ اسلام کا گہوارہ بنایا تھا۔ برصغیر کی عظیم الشان عمارتوں میں سے ایک، 'بارہ امام باڑہ'، جو 1792 میں آصف الدولہ نے بنوائی تھی، اس زمانے کی سب سے بڑی محراب دار عمارت تھی۔ ان امام بارگاہوں میں نوابوں اور ائمہ کی یادوں کو یکجا کر دیا گیا تھا۔
لیکن 1857 کی بغاوت کے بعد برطانوی حکام نے ان عمارتوں کو اودھ کی شیعہ آبادری کو ذلیل کرنے کے لیے استعمال کیا۔ بارہ امام باڑہ کو فوجی بیرکوں میں تبدیل کر دیا گیا اور تقریباً 30 سال تک اسے جان بوجھ کر بے حرمت کیا گیا۔ جب 1884 میں اسے دوبارہ کھولا گیا تو اسے شمعوں اور آئینوں سے سجایا گیا، مگر اس زخم کا نشان مٹ نہیں سکا تھا۔
لکھنؤ کے زوال نے محرم کی ادب اور فنون کو بھی بدل دیا۔ ایک انگریز مبصر شٹجی صاحب جی نے لکھا کہ لکھنؤ کے شیعیانِ ماتم کے لیے محرم صرف روزے یا ماتم نہیں تھا، انہوں نے ایک 'نواب' کا کردار پیش کیا جو مرثیے سنتے ہوئے اپنے کپڑے پھاڑ لیتا، سینہ کوبی کرتا اور مٹی میں لوٹ پوٹ ہو جاتا۔ کربلا کا غم اب لکھنؤ کے زوال اور سیاسی بے بسی سے جڑ چکا تھا۔
بنگال میں لکھنوی محرم: ایک منتقل شدہ روایت
مٹیا برج کا محرم خالی فضا میں نہیں اتر آیا تھا۔ بنگال کی اپنی ایک طویل تاریخ تھی۔ مرشد آباد میں نواب مبارک الدولہ کے دور سے ہی محرم کے شاندار جلوس نکلتے تھے۔ کلکتہ میں ٹیپو سلطان کے جلاوطن خاندان نے بھی امام بارگاہیں بنائی ہوئی تھیں۔لیکن واجد علی شاہ کی آمد نے اس روایت کو ایک شاہی اور لکھنوی رنگ دے دیا۔ یہاں ایک دلچسپ سیاسی حقیقت بھی سامنے آتی ہے۔ 1882 میں نواب نے سبتین آباد امام باڑہ میں ایک فرمان پڑھوایا جس میں کہا گیا کہ امام باڑہ کی تمام مجالس کے اختتام پر 'ملکہِ ہند کی صحت، سلامتی اور سلطنت کی بقا' کے لیے دعائیں کی جائیں گی، اور اس کے بعد 'اپنے آقا و مولا' کے لیے۔ یہ فرمان انگریزی اخبارات میں چھپا۔ ایک طرف یہ نواب کی برطانوی سلطنت کے سامنے مطابقت ظاہر کرتا تھا، تو دوسری طرف یہ نواب کا اس بات کا اعلان تھا کہ وہ اب بھی اودھ کے شیعوں کے 'آقا و مولا' ہیں جو ملکہ کو اپنے مذہبی مراسم میں شامل کرنے کی 'مہربانی' فرما رہے ہیں۔
پارسا بادشاہ: شاعری، مرثیے اور منبر
واجد علی شاہ نے اپنے لیے ایک عالمِ دین اور اسکالر کی شہرت بھی قائم کی۔ انہوں نے مذہبی موضوعات پر کئی کتابیں لکھیں اور مرثیوں کے مجموعے مرتب کیے۔ محرم کے دوران مٹیا برج کی فضاؤں میں مرثیہ خوانوں کی صدائیں گونجتیں، اور نواب خود رات 10 بجے امام باڑہ کے منبر پر تشریف فرما ہوتے اور دو گھنٹے تک مرثیہ خوانی کرتے۔
ان کے مرثیوں میں کربلا کا المیہ اور ان کی اپنی جلاوطنی کا درد ایک ہو جاتا ہے۔ وہ حضرت علی کی ذات کو کائناتی نور سے جوڑتے ہیں اور یہاں تک کہ ہندوؤں کی قدیم کتابوں میں بھی ان کے نور کا ذکر کرتے ہیں۔ لیکن ان کی شاعری کا سب سے دل کو چھو لینے والا پہلو ان کا ذاتی درد تھا۔ وہ لکھتے ہیں۔

کس کے زرہ میں تن پہ سنواروں گا یا علی

جنگل میں کس کو اب میں پکاروں گا یا علی

اب کس کا خود سر سے اتاروں گا یا علی

کس طرح اپنے دل کو ابھاروں گا یا علی

بستی ملی جو خاک میں ویرانہ ہو گیا

گھر صاحبِ عزا کا عزاخانہ ہو گیا

یہ محض تاریخی بیان نہیں تھا، بلکہ ان کی ذاتی درد تھا ۔ ان کا دربار امام باڑے میں تبدیل ہو چکا تھا۔ وہ اپنی سلطنت کے زوال کو کربلا کے المیے سے اس طرح جوڑتے ہیں کہ قاری حیران رہ جاتا ہے۔ وہ امام سے براہِ راست موازنہ تو نہیں کرتے، لیکن اپنے نام 'واجد علی' اور 'شاہ' کے ذریعے ایک نرم اشارہ ضرور دیتے ہیں۔ منبر پر بیٹھ کر وہ اپنی ذاتی مایوسی اور جلاوطنی کے غم کو ایک عوامی اور روحانی شکل دیتے تھے۔

پارسا ملکہ: خاص محل اور خواتین کی مجلسِ عزا

دربار کی سیاست اور محرم کی رسومات کا ایک اور اہم پہلو خواتین کی مجالس تھیں۔ نواب کی سینئر بیوی، خاص محل، کے لیے محرم کی مجالس محض مذہبی تقریب نہیں تھیں، بلکہ ان کی شاہی حیثیت، طاقت اور ثقافتی سرپرستی کا مرکز تھیں۔مٹیا برج کے اندرونی درباری سیاست کے تناظر میں، خواتین کی مجلس ایک تنازعے کا باعث بنی۔ واجد علی شاہ کی سینکڑوں متعہ بیویاں تھیں جنہیں وہ موسیقی کی تربیت دیتے تھے، جس سے خاص محل میں شدید بے چینی پیدا ہوئی۔ 1864 میں خاص محل نے برطانوی وائسرائے لارڈ لارنس کو خطوط لکھے۔ انہوں نے شکایت کی کہ نواب ان کے شاہی اختیارات اور مذہبی آزادی کو سلب کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی شاہی حیثیت کی علامت 'نوبت' (ڈھول  کا مجموعہ) بند کر دی گئی ہے۔ سب سے اہم بات یہ کہ محرم کے دوران ان کی مجلسِ عزا پر پابندی لگا دی گئی ہے، جبکہ دیگر بیگمات کو اپنی مجالس منعقد کرنے کی اجازت ہے۔ خاص محل کے لیے مجلسِ عزا صرف مذہب نہیں تھی، بلکہ یہ ان کا وہ سیاسی اور سماجی حق تھا جو انہیں شیعہ شاہی خاندان میں اعلیٰ مقام دلاتا تھا۔ یہ واقعہ ہمیں بتاتا ہے کہ اس دور میں محرم کی مجالس، خاص طور پر خواتین کے لیے، کتنی بڑی سماجی اور سیاسی طاقت رکھتی تھیں۔

تخت سے اتر کر طبل اٹھانا: عاجزی یا سیاست؟

مٹیا برج کے محرم کا سب سے حیرت انگیز اور یادگار منظر وہ ہوتا تھا جب خود نوابِ اودھ اپنے گلے میں طاشہ ڈالتا اور جلوس میں شامل ہو جاتا۔ایک بادشاہ کا خود ساز بجانا اس اس دور کے شاہی روایات کے بالکل برعکس تھا، کیونکہ شاہی طبقے میں فنونِ لطیفہ کو 'خدمت' سمجھا جاتا تھا، نہ کہ خود کرنے کا کام۔ لیکن واجد علی شاہ کے لیے یہ محض موسیقی نہیں تھی۔ اس دور کے موسیقی کے ماہرین، جیسے صادق علی خان، نے طبلوں اور محرم کے جلوسوں پر تفصیلی کتب لکھیں۔ ان کے مطابق، طبلوں کی تھاپ میں کربلا کی جنگ کا مفہوم پنہاں تھا۔واجد علی شاہ کا طبلہ بجانا ائمہ کی شاہی فوج میں ایک معمولی سے سپاہی اور طبل نواز کی حیثیت سے شمولیت تھی۔ ایک بادشاہ کے لیے یہ انتہائی عاجزی اور خود کو مٹا دینے کا عمل تھا۔ لیکن اس میں ایک گہرا نفسیاتی پہلو بھی تھا۔ اپنی سلطنت کے چھن جانے اور جلاوطنی کے درد کو وہ کربلا کے المیے سے جوڑتے تھے۔ تخت سے اتر کر طبلے کی قطار میں کھڑے ہو جانا، ان کی ذاتی شکست اور اہلِ بیت کی قربانیوں کے درمیان ایک روحانی پل تھا۔

 انیسویں صدی کے اواخر میں محرم کی رسومات اور ان میں موسیقی کے استعمال پر شدید فکری اور مذہبی مباحث جاری تھے۔ برطانوی حکام، نوآبادیاتی مبصرین اور بعض ہندوستانی اصلاح پسند حلقے محرم کے جلوسوں میں ڈھول، طاشہ اور دیگر بلند آواز سازوں کے استعمال کو تنقید کا نشانہ بناتے تھے۔ ان کے نزدیک مذہب کا مثالی اظہار خاموشی، نظم و ضبط اور سکون سے وابستہ تھا، جبکہ جلوسوں میں پیدا ہونے والا شور انہیں غیر مہذب اور جذباتی طرزِ عمل محسوس ہوتا تھا۔ اس نوآبادیاتی نقطۂ نظر نے عوامی مذہبی رسومات کو اکثر تہذیبی پیمانوں پر جانچنے کی کوشش کی۔یوں محرم کی رسومات میں موسیقی، طاشہ، نوحہ اور مرثیہ خوانی کے بارے میں ہونے والی یہ بحثیں دراصل مذہبی روایت، عوامی ثقافت اور نوآبادیاتی دور کے تہذیبی تصورات کے درمیان جاری ایک وسیع تر کشمکش کی عکاسی کرتی ہیں۔ ان مباحث سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ عزاداری صرف ایک مذہبی عمل نہیں تھی بلکہ اس کے طریقۂ اظہار پر مختلف سماجی، ثقافتی اور فکری رجحانات بھی اثر انداز ہو رہے تھے۔

لیکن واجد علی شاہ، جو خود موسیقی کے عظیم ماہر تھے، کا ماننا تھا کہ موسیقی غم کو بیان کرنے کا سب سے طاقتور ذریعہ ہے۔ انہوں نے اپنے مرثیوں کے لیے مخصوص اور دھیمے راگ جیسے خماج، بھیریں، پیلو، اور جھنجھوٹی تجویز کیے۔ یہ وہی راگ تھے جو ٹھمری جیسی نیم کلاسیکی اصناف میں استعمال ہوتے تھے۔ ان کے نزدیک موسیقی محض تفریح نہیں تھی، بلکہ یہ روح کو سکون دینے، اجتماعی غم کو ایک خوبصورت شکل دینے اور جلاوطن اودھ کی برادری کو ایک دوسرے سے جوڑے رکھنے کا ذریعہ تھی۔ انہوں نے ثابت کیا کہ ساز کی آواز بھی کبھی کبھی آنسوؤں سے زیادہ سچی ہوتی ہے۔

آخری محرم: ایک دور کا اختتام

 یاد رہے کہ21 ستمبر 1887۔ محرم کا دوسرا دن۔ صبح کے دو بجے سے کچھ دیر پہلے، 65 سالہ واجد علی شاہ نے اس فانی دنیا سے کوچ کر گیا۔ان کے جسم کو کربلا سے منگوائی گئی خاص چادروں میں لپیٹا گیا، جن پر پورا قرآن لکھا ہوا تھا۔ انہیں سبتین آباد امام باڑہ میں سپردِ خاک کیا گیا۔ ان کی آخری رسومات میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ برطانوی حکومت چاہتی تھی کہ دربار کو جلد از جلد اور سستے میں ختم کر دیا جائے، اور تجہیز و تکفین کا بجٹ 5,000 روپے تک محدود کر دیا گیا (جبکہ خاندان نے 12,000 روپے مانگے تھے)۔ لیکن "مسلم جذبات" کو بھڑکنے کے ڈر سے انہیں محرم کی باقی تقریبات کا بجٹ کم کرنے کی جرات نہ ہو سکی۔

وفات کلکتہ کے مٹیا برج میں ہی پائی۔ یہ وہی مٹیا برج تھا جسے انہوں نے جلاوطنی کے باوجود ایک نئے لکھنؤ میں تبدیل کرنے کی کوشش کی تھی اور جہاں محرم کی عزاداری ان کی روحانی اور تہذیبی شناخت کا سب سے نمایاں اظہار بن چکی تھی۔وفات کے بعد ان کا جسدِ خاکی سلطانت خانہ میں رکھا گیا جہاں عقیدت مندوں نے آخری دیدار کیا۔ اسی شب شہزادہ جہان قادر بہادر اور شمس العلماء مفتی سید محمد عباس صاحب نے انہیں سبطین آباد امام باڑے میں سپردِ خاک کیا۔

بکھر گیا دربار 

نواب کی وفات کے بعد مٹیا برج کا دربار آہستہ آہستہ بکھرنے لگا۔ تقریباً 8 سے 9 ہزار افراد ایسے تھے جن کا روزگار اس دربار سے وابستہ تھا۔ بہت سے لوگوں نے دوبارہ لکھنؤ واپس جانے کی درخواست کی۔ دربار کی جائیدادیں نیلام کی گئیں اور نواب کے قرضے ادا کرنے کے لیے اثاثے فروخت کر دیے گئے۔ یوں مٹیا برج کی وہ شاندار دنیا جو تین دہائیوں تک اودھ کی تہذیب کی امین رہی تھی رفتہ رفتہ ماضی کا حصہ بن گئی۔تاہم مٹیا برج کا محرم محض ایک مذہبی رسم نہیں تھا۔ یہ ایک ایسی یادگار روایت تھی جس میں جلاوطن دربار کی پوری تاریخ سمٹ آئی تھی۔ کربلا کی یاد میں ہونے والی عزاداری دراصل کئی سطحوں پر معنی رکھتی تھی۔ اس میں اہلِ بیتؑ کی محبت بھی شامل تھی اور اودھ کی کھوئی ہوئی سلطنت کا غم بھی۔ یہ مذہبی عقیدت کا اظہار بھی تھا اور ایک منتشر برادری کی اجتماعی شناخت کا ذریعہ بھی۔

جلاوطنی میں بھی محرم ایک شاہی تقریب کی صورت برقرار رہا۔ یہ وہ موقع تھا جب نواب واجد علی شاہ اور خاص محل اپنی رعایا اور عقیدت مندوں کے درمیان فیاضی اور سرپرستی کا کردار ادا کرتے تھے۔ مردوں اور خواتین کی الگ الگ مجالس شیعہ برادری کی اجتماعی شناخت کو مضبوط کرتی تھیں۔ امام باڑوں میں ہونے والی دعائیں اور جلوس صرف اہلِ بیتؑ ہی کے لیے نہیں بلکہ اپنے سرپرستوں یعنی بادشاہ اور ملکہ کی یاد سے بھی وابستہ تھے۔آج مٹیا برج کا وہ شاہی دربار تو بکھر چکا ہے، نواب کی جائیدادیں ان کے قرضے چکانے کے لیے نیلام ہو گئیں، لیکن سبتین آباد امام باڑہ آج بھی وہاں کی شیعہ برادری کا دل ہے۔

 غم، بقا اور ایک لازوال شناخت

مٹیا برج کا محرم کیا تھا؟ برطانوی انتظامیہ کے لیے یہ محض 'مسلم جذبات' اور ہجوم پر قابو پانے کا مسئلہ تھا۔ لیکن حقیقت میں یہ ایک جلاوطن دربار کی درمیانی اور غیر یقینی حیثیت کا عکاس تھا۔یہ محرم ایک طرف کربلا کے المیے کی یاد دلاتا تھا، تو دوسری طرف اودھ کی سیاسی شکست اور جلاوطنی کے درد کو بھی زندہ رکھتا تھا۔ یہ شاہی شان کا اظہار بھی تھا اور عاجزی کا مظہر بھی۔ نواب نے اپنی ذاتی مایوسی کو ایک ایسے عوامی اور روحانی انداز میں بیان کیا جو ان کی بے بسی تو ظاہر کرتا تھا، لیکن اس کے ساتھ ہی اس جلاوطن برادری کے لیے ان کی مسلسل اور زندہ حیثیت کا بھی ثبوت تھا۔
واجد علی شاہ کی زندگی ہمیں سکھاتی ہے کہ انسان جب تمام مادی طاقتیں اور سلطنتیں کھو بیٹھتا ہے، تو وہ اپنی ثقافت، اپنے عقیدے اور اپنی فنون لطیفہ کے سہارے کیسے کھڑا رہ سکتا ہے۔ وہ محض ایک ناکام بادشاہ نہیں تھے؛ وہ ایک ایسے فنکار تھے جنہوں نے اپنی سلطنت کے زوال کو ماتم  سے جوڑ دیا جو آج بھی مٹیا برج کی گلیوں میں گونج رہا ہے۔

نوٹ :  رچرڈ ڈیوڈ ولیمز ایک برطانوی محقق، مؤرخ اور موسیقیات کے ماہر ہیں جنہوں نے نواب واجد علی شاہ، مٹیا برج کی ثقافت، محرم کی عزاداری اور برصغیر کی موسیقی کی تاریخ پر گراں قدر تحقیقی کام کیا ہے۔ ان کی تحقیقات نے واجد علی شاہ کی شخصیت کے اس مذہبی اور روحانی پہلو کو نمایاں کیا ہے جسے ماضی کے اکثر مؤرخین نے نظرانداز کر دیا تھا۔"