مہاتما گاندھی کی حضرت قطب الدین بختیار کاکیؒ کی درگاہ پر حاضری

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 11-09-2025
  مہاتما گاندھی کی حضرت قطب الدین بختیار کاکیؒ  کی درگاہ پر حاضری
مہاتما گاندھی کی حضرت قطب الدین بختیار کاکیؒ کی درگاہ پر حاضری

 



 غلام رسول دہلوی

پیر کے روز دہلی کی سب سے بڑی درگاہ حضرت قطب الدین بختیار کاکیؒ المعروف قطب صاحب، مہرولی شریف میں تین روزہ سالانہ عرس کی تکمیل ہوئی۔ ملک کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے زائرین، جن کا تعلق مختلف مذاہب سے تھا، بڑی تعداد میں درگاہ پر حاضری دینے پہنچے۔ میں نے بھی درگاہ کے مشہور شام کے وظیفے ’’روشنی‘‘ (مرقدِ مقدس پر چراغاں) میں شرکت کی تو ذہن میں ایک تاریخی واقعہ تازہ ہوگیا۔ یہی وہ صحن ہے جہاں مہاتما گاندھی نے خواجہ غریب نوازؒ کے جلیل القدر خلیفہ حضرت قطب الدین بختیار کاکیؒ کے مزار پر حاضری دی تھی۔ یہ واقعہ 27 جنوری 1948 کا ہے۔ گاندھی جی کی یہ حاضری دراصل دہلی میں تقسیم ہند کے بعد کے پُرتشدد حالات میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو کم کرنے کی ایک علامتی اور بامعنی کوشش تھی۔

حضرت قطب صاحب وحدت الوجود کے بڑے داعی تھے۔ یہ وہ صوفیانہ فلسفہ ہے جو ہندو ویدانتی عقیدے ’ادویت‘ یعنی ’’غیرِ ثنویت‘‘ سے ہم آہنگ ہے۔ خواجہ معین الدین چشتی اجمیریؒ نے انہیں ’’قطب الاقطاب‘‘ کا لقب عطا کیا۔ وہ فرماتے تھے: ’’کبھی حق کے نور سے منہ نہ موڑنا اور اللہ کے راستے میں بہادری کے ساتھ ڈٹے رہنا۔‘‘ انہی تعلیمات نے قطب صاحب کو برصغیر کی صوفیانہ تاریخ کے ممتاز ترین بزرگوں میں شامل کیا۔ آج بھی ان کی روحانی روشنی مہرولی شریف کو جگمگا رہی ہے۔

گاندھی جی اپنے قتل سے صرف تین دن قبل درگاہ کی زیارت کو آئے تھے۔ مقصد یہ تھا کہ فساد زدہ دہلی میں مسلمان خوف و ہراس کے ماحول میں اپنے گھروں کو نہ چھوڑیں۔ گاندھی جی نے یہاں مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور انہیں تسلی دی کہ وہ اپنے وطن میں اجنبی نہیں ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مولانا ابوالکلام آزاد اور راجکماری امرت کور بھی موجود تھے۔ گاندھی جی کا یہ سفر محض روحانی عقیدت کا اظہار نہیں تھا بلکہ ایک بڑا سیاسی و اخلاقی پیغام بھی تھا۔جنوری 1948 میں دہلی پرتشدد واقعات سے لرز رہی تھی۔ گاندھی جی نے 13 تا 18 جنوری چھ روزہ روزہ (فاسٹ) رکھا تاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی بحال ہو۔ انہوں نے یہ روزہ تبھی توڑا جب ہندو اور سکھ قائدین نے مسلمانوں کی مساجد و درگاہوں کی واپسی کی یقین دہانی کرائی۔

گاندھی جی کا پیغام 

درگاہ پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے فرمایا کہ میں یہاں زیارت کے لیے آیا ہوں۔ میری درخواست ہے کہ مسلمان، ہندو اور سکھ جو صاف دلوں کے ساتھ یہاں آئے ہیں، یہ عہد کریں کہ وہ کبھی جھگڑے کو سر اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے بلکہ ہمیشہ بھائی چارے اور محبت کے ساتھ رہیں گے۔ ہمیں اپنے دلوں کو پاک کرنا ہے اور اپنے مخالفین سے بھی محبت سے پیش آنا ہے۔ایک اور انگریزی ترجمے میں، جو ان کے اصل اردو بیان پر مبنی ہے، یہی بات ان الفاظ میں محفوظ ہے:

میں آپ سے درخواست کرتا ہوں—ہندوؤں، سکھوں اور مسلمانوں سے، جو صاف دل کے ساتھ یہاں آئے ہیں،کہ آپ اس مقدس جگہ پر یہ عہد کریں کہ آپ کبھی جھگڑے کو سر نہ اٹھانے دیں گے اور ہمیشہ بھائیوں اور دوستوں کی طرح متحد رہیں گے۔گاندھی جی کے اس عمل کے سیاسی اثرات بھی نمایاں تھے۔ پنڈت جواہر لال نہرو نے دہلی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ درگاہوں اور مساجد کی مرمت کے لیے فنڈ فراہم کیا جائے۔ مولانا آزاد کے مطابق، گاندھی جی کی حاضری نے مسلمانوں کو بڑی حد تک اس بات پر آمادہ کیا کہ وہ ہجرت نہ کریں اور دہلی ہی کو اپنا وطن سمجھیں۔یہ بھی تاریخی بات ہے کہ اس موقع پر عورتوں کو، جو عموماً مزار کے اندرونی حصے میں داخل نہیں ہو سکتی تھیں، گاندھی جی کے ساتھ اندر جانے کی اجازت دی گئی۔ یہ خود ایک علامت تھی کہ دلوں کی صفائی اور نئی شروعات کے لیے پرانی رکاوٹیں توڑنی ہوں گی۔

پھولوں کی سیر: گاندھی کا زندہ پیغام

آج بھی حضرت قطب صاحب کی درگاہ ’’پھولوں کی سیر‘‘ کے تہوار کے ذریعے گاندھی جی کے پیغام کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔ اس روایت میں درگاہ اور قریب واقع دیوی یوگ مایا کے مندر دونوں کو پھولوں کی چادریں اور پنکھے پیش کیے جاتے ہیں۔ ہندو، مسلمان اور سکھ سب اس جلوس میں شامل ہوتے ہیں۔ یہی وہ گنگا-جمنی تہذیب ہے جسے گاندھی جی نے اپنی آخری تقریر میں دہراتے ہوئے سب کو یاد دلایا تھا۔مہرولی شریف کے مقامی لوگ آج بھی بتاتے ہیں کہ گاندھی جی نے مسلمانوں کو دہلی چھوڑنے سے باز رکھا اور انہیں اپنے وجود کا یقین دلایا۔ اس اعتبار سے مہرولی شریف میں گاندھی جی کی آخری عوامی حاضری نہ صرف ایک روحانی سفر تھی بلکہ ہندوستان کی تکثیری روح کے تحفظ کی ایک لازوال کوشش بھی تھی۔

درگاہِ حضرت قطب صاحب آج بھی کھڑی ہے اور اس کے آنگن میں گاندھی جی کی یاد ایک بیج کی طرح پیوست ہے جو امید اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔ اگر ہم واقعی گاندھی کو یاد رکھنا چاہتے ہیں تو محض ان کے مجسموں پر ہار چڑھانا کافی نہیں۔ ہمیں بھی ان کے ساتھ چلنا ہوگا—مہرولی کی طرف، ایک دوسرے کی طرف، اور اس ہندوستان کی طرف جس میں نہ صرف درگاہیں بلکہ انسان بھی سب کے لیے ہیں۔