سمیر ڈی شیخ
ہر سال 1 اگست کو لوکمانیہ بال گنگا دھر تلک کی برسی منائی جاتی ہے۔ آزادی کی تحریک کے اس عظیم رہنما کو عموماً ایک سخت گیر قوم پرست اور سوراج کے سب سے بڑے علمبردار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ درسی کتابوں سے لے کر سیاسی تقاریر تک ان کی یہی تصویر زیادہ نمایاں رہی ہے۔ مگر اگر ان کی 1880 سے 1920 تک کی 40 سالہ عوامی زندگی کا غیر جانب دارانہ جائزہ لیا جائے تو ایک بالکل مختلف تلک سامنے آتے ہیں۔ ایک ایسے عالم۔ مفکر۔ مزدور دوست رہنما اور ہندو مسلم اتحاد کے حامی سیاست دان جن کی شخصیت کے کئی اہم پہلو وقت کی گرد میں دب گئے۔مہاتما گاندھی نے شاید انہی اوصاف کو دیکھتے ہوئے کہا تھا۔لوکمانیہ ایک سمندر کی مانند ہیں۔
منڈالے کی جیل۔ رگ وید کا مطالعہ اور گیتا رہسیہ
سال 1898 میں پہلے بغاوت کے مقدمے میں سزا کے بعد جرمن مستشرق میکس مولر نے تلک کی غیر معمولی علمی صلاحیتوں کے اعتراف میں انہیں جیل کے لیے رگ وید کا ایک نسخہ بھیجا۔رہائی کے بعد تلک نے اپنے دوستوں سے کہا۔مسٹر میکس مولر کی بھیجی ہوئی رگ وید میرے پاس تھی۔ اس لیے جیل کے دن بڑی خوشی سے گزرے۔دوست نے حیرت سے پوچھا۔جیل میں بھی خوشی ہوتی ہے۔تلک نے مسکراتے ہوئے جواب دیا۔یہ خوشی تم اس وقت تک نہیں سمجھ سکتے جب تک خود جیل میں جا کر رگ وید نہ پڑھ لو۔1908 میں انہیں دوبارہ گرفتار کر کے برما کے منڈالے جیل بھیج دیا گیا۔ اس وقت ان کی عمر 50 برس سے زیادہ تھی اور وہ ذیابیطس کے مرض میں مبتلا تھے۔جیل میں انہوں نے صرف قید کے دن نہیں گزارے بلکہ فرانسیسی اور جرمن زبانیں سیکھیں تاکہ یورپی مفکرین کی اصل تحریریں پڑھ سکیں۔اسی دوران ان کی اہلیہ ستیہ بھاما بائی کا انتقال ہوگیا۔ اس شدید ذاتی صدمے کے باوجود انہوں نے اپنی شاہکار تصنیف گیتا رہسیہ مکمل کی۔سال 1925 میں نیتا جی سبھاش چندر بوس جب اسی منڈالے جیل پہنچے تو تلک کی یاد میں جذباتی ہو گئے۔ انہوں نے لکھا۔دنیا سے دور ایک جیل میں جسمانی کمزوری کے باوجود مطالعہ اور تصنیف میں اس طرح ڈوب جانا صرف تلک جیسے گیان یوگی کے لیے ممکن تھا۔ میری زندگی کی یہ سب سے مقدس یاترا تھی۔

لندن میں مزدور تحریک سے رشتہ
سال 1905 کے بعد خصوصاً روسی انقلاب کے اثرات نے تلک کی سیاسی سوچ کو نئی سمت دی۔ انہوں نے محسوس کیا کہ مزدور طبقہ کسی بھی سماج کی سب سے بڑی قوت بن سکتا ہے۔1919 میں وہ ایک مقدمے کے سلسلے میں لندن گئے۔ وہاں انہوں نے برطانوی لیبر پارٹی اور ٹریڈ یونینوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔ اسی اجتماع میں معروف ادیب اور مفکر جارج برنارڈ شا بھی موجود تھے۔ہندوستان واپس آنے کے بعد تلک نے لیبر پارٹی کو 2000 پاؤنڈ کا عطیہ بھیجا اور ہندوستانی آزادی کی تحریک کو عالمی مزدور تحریک سے جوڑنے کی کوشش کی۔وسی انقلاب کے رہنما ولادیمیر لینن بھی تلک کے نظریات سے واقف تھے۔ انہوں نے اپنے ساتھیوں سے تلک کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور برطانیہ میں کمیونسٹ کارکنوں کو ان سے ملاقات کی ہدایت دی۔یہی وجہ ہے کہ آج بھی لندن میں کمیونسٹ پارٹی کے دفتر میں لوکمانیہ تلک کی تصویر محفوظ رکھی گئی ہے۔
لکھنؤ معاہدہ اور محمد علی جناح کے ساتھ اشتراک
ابتدائی دور میں تعلیم اور صحافت کے ذریعے عوامی بیداری پیدا کرنے والے تلک نے بعد کے برسوں میں ہندو مسلم اتحاد کو قومی سیاست کی بنیاد بنانے کی کوشش کی۔مورخ ڈاکٹر رچرڈ کیش مین کے مطابق تلک نے عوامی گنیش اتسو کی روایت شروع کرتے وقت اس زمانے کے محرم کے تعزیہ جلوسوں کی تنظیم اور عوامی شرکت سے متاثر ہو کر اس طرز کو اختیار کیا۔1893 اور 1894 کے فسادات کے بعد بھی تلک نے مسلمانوں کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا بلکہ اپنے اخبار کیساڑی میں برطانوی حکومت کی تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسی پر سخت تنقید کی۔916 کے تاریخی لکھنؤ معاہدے میں تلک اور بیرسٹر محمد علی جناح نے مرکزی کردار ادا کیا۔جب کانگریس کے بعض رہنما مسلمانوں کے لیے علیحدہ انتخابی حلقوں کی مخالفت کر رہے تھے تو تلک نے واضح طور پر کہا۔اگر ہمارے مسلمان بھائیوں کو کچھ اضافی رعایتیں ملتی ہیں تو اس میں کوئی خرابی نہیں۔ انگریزوں کے خلاف جدوجہد میں سب سے ضروری چیز ہمارا متحد رہنا ہے۔

حسرت موہانی کے سیاسی استاد
مولانا حسرت موہانی جنہوں نے انقلاب زندہ باد کا نعرہ دیا وہ تلک کو اپنا سیاسی استاد قرار دیتے تھے۔1907 میں کانگریس کی تقسیم کے بعد حسرت موہانی اور شمالی ہندوستان کے کئی مسلم نوجوان تلک کے ساتھ کھڑے رہے۔اگست 1920 میں جب تلک شدید علیل تھے تو مولانا شوکت علی ان سے تحریک خلافت کی حمایت کی درخواست کرنے آئے۔تلک نے بیماری کے باوجود پوری قوت سے کہا۔میرا دل اور میرا دماغ دونوں آپ کی تحریک کے ساتھ ہیں۔ اگر میرے مسلمان بھائی برطانوی ظلم کے خلاف سڑکوں پر نکل رہے ہیں تو میری اور میری جماعت کی مکمل حمایت ان کے ساتھ ہوگی۔
ایک ہمہ گیر قومی رہنما
جبکہ 24 برس کی عمر میں نیو انگلش اسکول۔ فرگوسن کالج۔ اور اپنے اخبارات کیساڑی اور مراٹھا کے ذریعے عوامی تعلیم کی تحریک شروع کرنے والے تلک نے اپنی پوری زندگی قوم کے نام کر دی۔انہوں نے تقریباً ساڑھے سات سال سخت ترین قید میں گزارے۔ مگر ان کا عزم کبھی کمزور نہیں پڑا۔لوکمانیہ تلک صرف جوشیلے خطیب یا انقلابی رہنما نہیں تھے۔ وہ علم کے متلاشی تھے۔ گہرے مفکر تھے۔ مزدوروں کے حقوق کے حامی تھے۔ اور ایسے دور اندیش سیاست دان تھے جو سمجھتے تھے کہ آزادی کی جدوجہد اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک ہندو اور مسلمان متحد نہ ہوں۔آج ان کی برسی پر اگر ان کی اسی وسیع النظر۔ جامع۔ اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والی شخصیت کو یاد کیا جائے تو یہی ان کے لیے حقیقی خراج عقیدت ہوگا۔
