جمعۃ الوداع کا پیغام

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 26-04-2022
جمعۃ الوداع کا پیغام
جمعۃ الوداع کا پیغام

 

 

سال کے تمام دنوں میں جمعۃ المبارک کادن سب سے افضل ہے،جمعۃ المبارک کے دن کی فضیلت وعظمت اوراس کے تقدس کے بارے میں نبی کریم ﷺسے کثیراحادیث منقول ہیں،آپﷺ نے اس دن کی بڑی برکتیں اورفضیلتیں ارشاد فرمائی ہیں۔احادیث طیبہ سے معلوم ہوتاہے کہ جمعہ کے دن کا عبادت کے لئے مخصوص ہونااس امت کی خصوصیات میں سے ہے،سابقہ امتوں کویہ دن نصیب نہیں ہوا۔

یہی جمعۃ المبارک جب رمضان المبارک میں آجائے اورخصوصاًرمضان کے آخری عشرے میں تواس کی اہمیت مزیدبڑھ جاتی ہے، چنانچہ حضرت جابرؓ سے منقول ہے کہ رمضان کے جمعۃ المبارک کی فضیلت ایسی ہی ہے جیسی دیگرمہینوں پررمضان المبارک کوفضیلت حاصل ہے۔ (کنزالعمال)

رمضان المبارک کابابرکت مہینہ اپنے اختتام کے قریب ہے، بڑے سعادت مندہیں، وہ لوگ جنہوں نے اس ماہ مبارک میں اللہ تبارک وتعالیٰ کی رحمتیں،اس کی عنایتیں خوب خوب سمیٹیں،اورجنہوں نے اپنے گناہ بخشواکرجہنم کی آگ سے آزادی کاپروانہ حاصل کیا۔رمضان المبارک کے اس جمعۃ المبارک کو'' جمعۃ الوداع'' کے نام سے یادکیا جاتا ہے۔ہمیں اس دن کے حوالے سے درج ذیل باتوں کااہتمام کرناچاہیے۔

جمعۃ الوداع ہمیں متنبہ کرتاہے کہ رمضان المبارک کابابرکت مہینہ رخصت ہونے کوہے، لہٰذا بندے کواللہ تعالیٰ کاشکراداکرناچاہئے کہ رمضان المبارک کی دولت نصیب فرمائی، اورروزہ، نماز، تلاوت، تراویح کی عبادت کی توفیق عطاکی۔جس قدراللہ کاشکراداکیاجائے گا،اسی قدرنعمتوں میں اضافہ ہوگا۔

جمعۃ الوداع اس بات کااحساس دلاتاہے کہ اب صرف چنددن باقی ہیں،اوروہ ماہ مبارک اختتام کے قریب ہے جس میں روزانہ بارگاہ الٰہی سے بے شماربندوں کی مغفرت کی جاتی ہے، لہٰذااس کے احترام میں جوکمی کوتاہی ہوگئی ہو،اس پرصدق دل سے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگی جائے، اس کی تلافی کی جائے،اورجودن باقی رہ گئے ہیں، ان کی قدرکی جائے اوراپنے گناہوں کوبخشواکررحمت کی بہاریں حاصل کی جائیں،

دوزخ کی آگ سے آزادی کاپروانہ حاصل کیاجائے،ایسانہ ہوکہ پھریہ رمضان المبارک دیکھنانصیب نہ ہواورشایدیہ زندگی کاآخری رمضان المبارک ہو،لہٰذایہ جوچنددن اللہ نے عنایت فرمائے ہیں، انہیں بجائے لہوولعب اورفضول کاموں میں لگانے کے اللہ پاک کو راضی کرنے میں گزاردیں،ان آخری دنوں میں اللہ پاک کی رحمت موسلادھاربارش سے زیادہ اپنے بندوں کی طرف متوجہ ہوتی ہے۔

اس آخری عشرے کی طاق راتوں میں شب قدرپوشیدہ ہے، ان راتوں میں سے جوراتیں باقی ہیں ان کو غنیمت سمجھاجائے اورخوب خوب عبادت کی جائے،گناہوں کی بخشش اورجہنم کی آگ سے آزادی کی دعامانگی جائے، تاکہ اللہ کے ان بندوں میں ہم شامل ہوجائیں جن کی اس ماہ مبارک کی وجہ سے کامل مغفرت کردی جاتی ہے اورانہیں دوزخ کی آگ سے آزادی کاپروانہ جاری کردیاجاتاہے۔

جمعۃ الوداع ہم یہ سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنے اعمال اور کردار کا جائزہ لیں اور یہ دیکھیں کہ ہم نے اس ماہ مبارک میں کہاں کہاں، کس کس مقام پر کون کون سی غلطی کی اور کہاں کہاں ہم نے اپنے خالق و مالک کی نافرمانی کی، اپنا مکمل احتساب کرنے کے بعد اللہ تعالیٰ سے اپنی کوتاہیوں کی معافی مانگیں اور اس کے حضور سجدہ ریز ہوکر یہ دعا کریں کہ وہ اس ماہ مبارک اور اس جمعۃ الوداع کے صدقے میں ہماری عبادات کو قبول فرمائے اور آئندہ کی زندگی میں ہمیں خشوع وخضوع اورقلبی لگاؤ کے ساتھ عبادات کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔

(سیدمحمدنویدالحسن شاہ مشہدی کے مضمون سے ماخوذ)