سوامی وویکانند کی نظر میں اسلام اور مسلمان

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 09-04-2024
سوامی وویکانند کی نظر میں اسلام اور مسلمان
سوامی وویکانند کی نظر میں اسلام اور مسلمان

 

ثاقب سلیم

بھوپیندرناتھ دتا نے مسلمانوں کے تئیں اپنے چھوٹے بھائی کے رویے پر کہا کہ سوامی وویکانند اپنے سماجی ماحول کی پیداوار تھے۔ انقلابی اور مفکر بھوپیندرناتھ دتا نے اپنے بھائی اور ان کے اثرات کے بارے میں بہت سی خرافات کو دور کرنے کے لیے ایک کتاب، سوامی وویکانند: پیٹریاٹ-پروفیٹ لکھی جس نے انہیں سیکولر عقلیت پسند ثابت کیا۔ سوامی وویکانند کا اصل نام نریندر ناتھ دتا تھا اور ان کے بہت سے پیروکار اور ناقدین، انہیں ایک فرقہ وارانہ ذہن رکھنے والے شخص کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں جسے مسلمانوں سے کوئی محبت نہیں تھی۔ جو بعید ازقیاس بھی نہیں لگتا۔

بھوپیندر ناتھ نے اپنے گھر کے ماحول کی وضاحت کی جب بھائی بڑے ہو رہے تھے۔ ان کے والد بشواناتھ دتا (یا وشواناتھ دتا) کولکاتہ میں ایک وکیل تھے۔ بھوپیندرناتھ لکھتے ہیں کہ بشواناتھ پرانی ملی جلی ہندو-مسلم تہذیب کی پیداوار تھے۔۔ لباس، کھانے اور آداب میں انہوں نے پرانی مشترکہ ہندو-مسلم روایات کی پیروی کی۔ روزمرہ کی زندگی کے کچھ معاملات میں، انہوں نے اس زمانے کے دوسرے لوگوں کی طرح یورپی رسم و رواج کی پیروی کی۔ انہوں نے برہمنوں کو دکشنا دی، اور پیروں کو بھی عزت دی۔ کتاب میں کہا گیا ہے کہ کچھ متعصب برہمنوں نے سوامی کے والد کو نشانہ بنانے کے لیے ان پر بہتان لگایا۔

awaz

بھوپیندر ناتھ

ان کا الزام ہے کہ ان کے والد کی طرح سوامی ویویکانند بھی حقیقی ہندو ازم سے ہٹ گئے تھے۔ انہوں نے لکھاہے کہ رام کرشن کے کچھ شاگردوں نے ایک تبصرہ کیا ہے کہ بشواناتھ نے اپنے بیٹے کو بائبل اور دیوان حافظ کو پڑھنے کا مشورہ دیا کیونکہ وہ ہندو مذہبی افکار سے ناواقف تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ نوجوان نسل کو روایتی توہمات سے نکالنے اور زندگی کے ایک نئے آئیڈیل کی نشاندہی کرنے کے لیے اپنے والد کے شکر گزار ہیں۔ بشواناتھ مصنوعی ذہن کے ساتھ ایک آزاد خیال ہندوستانی تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی اولاد سوچنے کے طریقوں میں ’’بنیاد پرست‘‘ ہوگئی۔

بھوپیندرناتھ نے لکھا کہ ان کی ماں بھوبنیشوری دیوی، جن کا سوامی کی زندگی پر اثر سب کو معلوم ہے، مسلمانوں کے بارے میں بھی اسی طرح کے خیالات رکھتی تھیں۔ بسواناتھ نے ایک بار اپر سرکلر روڈ، کولکاتہ میں اپنی بیوی بھوبنیشوری کے نام زمین کا ایک ٹکڑا خریدا۔ اس میں ایک مسلمان ولی کی درگاہ بھی تھی اور اس جگہ کو مانک پیر درگاہ کہا جاتا تھا۔ ان کی بیوی کو کرایہ اور اس کا حصہ روزانہ درگاہ پر عقیدت مندوں کی طرف سے ملنے جانے والے نذرو نیاز سے ملتا تھا۔ انہیں روزانہ 5 سے 6 روپے ملنا شروع ہو گئے، جو کہ 19ویں صدی کے آخر میں ایک پرکشش رقم تھی۔ یہ رقم جزوی طور پر وویکانند کے جیب خرچ کے طور پر استعمال ہوتی تھی۔ ایک دن درگاہ کے مسلمان نگرانوں نے بشواناتھ سے درگاہ کا کرایہ معاف کرنے کی درخواست کی۔

انہوں نے انہیں صرف اتنا بتایا کہ بھونیشوری ، اس جائیداد کی انچارج ہیں توصرف وہی فیصلہ کرسکتی ہیں۔ مسلمان ،بھونیشوری کے پاس گئے اور درخواست دہرائی۔ بھوپیندرناتھ لکھتے ہیں کہ ان کا مقدمہ سن کر، انہوں نے حکم دیا کہ ٹھیک ہے تم سے کرایہ نہیں لیا جائے گا۔ سوامی کی پرورش ایک ایسے گھرانے میں ہوئی جہاں محرم کا احترام کیا جاتا تھا اور ان کی والدہ جذبات کے ساتھ کربلا کی کہانی سناتی تھیں۔

awaz

رام کرشن پرم ہنس

بھوپیندرناتھ لکھتے ہیں کہ محرم کے وقت ڈھول پیٹنے والے مسلمان، اپنے تہوار کے لیے پیسے لینے ہندو علاقوں میں آتے تھے۔ ڈھول کی دھڑکن سن کر نوجوان لوگ اس کہانی کے بارے میں استفسار کرتے تھے جس کی وجہ سے "گوانرا" شروع ہوا کیونکہ محرم کے تہوار کو ہندو یہی کہتے ہیں۔ یہ ہندوؤں کے لئے بھی تہوار کا دن تھا۔ بالائی ہندوستان میں، ہندوؤں نے بڑی تعداد میں جلوسوں میں شرکت کی۔

کلکتہ میں، 1906 کے آخر میں، مصنف نے بنگالی ہندو لڑکوں کو جلوس میں شریک ہوتے اور اس میں لاٹھی کھیلتے دیکھا ہے۔ ہم نے اپنی والدہ سے کربلا کے معرکہ کی خبر سنی۔ اور حسن و حسین کے المناک انجام کو سن کر روتے اور سسکیاں لیتے تھے۔ بھوپیندر ناتھ نے مانک پیر درگاہ کے ایک فقیر کو اپنی لڑکپن کی زندگی کا ایک لازم و ملزوم حصہ کے طور پر یاد کیا۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ہر شام ایک بلند آواز ہمارے کانوں میں آتی تھی ،مانک پیر صاحب! پھر ہم سمجھ لیتے کہ امید وار فقیر ہماری گلی میں داخل ہو گیا ہے۔

اگلا منظر یہ تھا کہ پرانے زمانے کا ایک بڑا مٹی کا چراغ لے کر امید وار فقیر ہمارے دروازے سے داخل ہوتا اور ہمارے ماتھے پر چراغ سے تلک لگاتا اور کہتا: ’’پیرتم کو لمبی عمر عطا کریں۔ "اور ہم اسے پیر کے لیے ایک پائی دیتے تھے۔ کوئی بھی جو سوامی وویکانند کو جانتا ہے اس کا ایک منصفانہ خیال ہوگا کہ ان کی روحانیت پر رام کرشن پرم ہنس کا سب سے زیادہ اثر تھا۔ پرم ہنس کس قسم کے آدمی تھے اس پر کم ہی بحث ہوتی ہے۔

awaz

بھوبنیشوری دیوی

بھوپیندرناتھ دتا نے لکھا کہ پرم ہنس روایتی انداز کے گرو نہیں تھے۔ وہ ہر مذہب کا بہت احترام کرتے تھے اور ہر ذات اور مسلک کےلوگ ان کے شاگرد تھے۔ بھوپیندرناتھ نے ذکر کیا ہے کہ کبھی انہوں نے (پرم ہنس) عورت کا لباس پہن کر بھگواب کی ایک خاتون ساتھی (شکتی) کے طور پر سادھنا کیا، کبھی مسلمان کا لباس پہن کر پیاز کھایا اور اللہ کا نام لیا، کبھی ہنومان بندر کا روپ دھار کر۔ دم پہن کر انہوں نے رام نام کا جاپ کیا۔

پرم ہنس کے مسلمان عقیدت مند بھی تھے جیسے سری شیخ عبدالسہان اور سری شیخ برکت اللہ، شیخ نامدار اور شیخ کامدار، شیخ ماچھم ملا، شیخ کھیتر مستری، شیخ مایاردی ملا اور دیگر۔ یہ سوامی وویکانند کا ماحول تھا جس نے ان کے سماجی نظریہ کو تشکیل دیا کہ تمام مذاہب کے لوگ انسان ہیں۔