شنکر کمار
ہندوستان 18ویں برکس سربراہی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ یہ ایسے وقت میں نئی دہلی کے لیے اپنی سفارتی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا ایک اہم موقع ہے جب دنیا کو جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے ساتھ ساتھ توانائی اور اقتصادی شعبوں میں بھی بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان تمام صورت حال کا سربراہی اجلاس میں ہونے والی بات چیت اور غور و خوض پر گہرا اثر پڑنا یقینی ہے۔
اس کے باوجود ایک اہم پہلو یہ ہے کہ متحدہ عرب امارات ایران اور مصر جیسے مشرق وسطیٰ کے اہم ممالک کی شرکت برکس میں نئی توانائی پیدا کرسکتی ہے۔ یہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب خطے میں جاری کشیدگی کے باعث تہران اور ابوظہبی کے تعلقات بھی متاثر ہوئے ہیں۔ مصر اور ایران کی نمائندگی ان کے صدور کریں گے جبکہ متحدہ عرب امارات کی نمائندگی ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید آل نہیان کریں گے۔
سعودی عرب نے ابھی تک اس سربراہی اجلاس میں اپنی شرکت کی تصدیق نہیں کی ہے حالانکہ اسے برکس کے مکمل رکن کے طور پر درج کیا گیا ہے۔ ہندوستان کے 2026 میں برکس کی صدارت سنبھالنے کے بعد سے ملک کے 25 سے زیادہ شہروں میں برکس سے متعلق 350 سے زائد اجلاس اور اعلیٰ سطحی ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔
سعودی عرب نے برکس کے تقریباً تمام فورمز میں اعلیٰ سطحی وفود بھیجے ہیں۔ اس نے گروپ کے وزارتی اجلاسوں میں بھی فعال طور پر شرکت کی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریاض برکس میں موجود رہنے اور اس کی سرگرمیوں میں حصہ لینے میں دلچسپی رکھتا ہے لیکن ساتھ ہی خود کو گروپ کا مکمل رکن قرار دینے سے گریز کر رہا ہے۔ بظاہر یہ ریاض کی ایک سوچی سمجھی حکمت عملی ہے۔ وہ ایک طرف غیر مغربی طاقتوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو متوازن رکھنا چاہتا ہے اور دوسری طرف امریکہ کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو بھی برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
لیکن کسی بھی دعوے کی اصل حقیقت اس کے عملی نتائج سے سامنے آتی ہے۔ متحدہ عرب امارات اور ایران نے مشرق وسطیٰ کی جنگ کے باعث اپنے تعلقات میں پیدا ہونے والی تلخی اور پہلے سے پیچیدہ تعلقات پر پڑنے والے اضافی دباؤ کے باوجود برکس سے متعلق تمام سرگرمیوں میں شرکت جاری رکھی ہے۔ برکس کے ساتھ دونوں ممالک کا یہ مسلسل تعلق ظاہر کرتا ہے کہ یہ گروپ اس وقت بھی بات چیت اور تعاون کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرسکتا ہے جب اس کے رکن ممالک اہم علاقائی معاملات پر ایک دوسرے سے اختلاف رکھتے ہوں۔
14 اور 15 مئی کو نئی دہلی میں ہونے والے برکس وزرائے خارجہ کے اجلاس میں متحدہ عرب امارات نے ایران کے الزامات کو مسترد کردیا اور ان حملوں کی مذمت کی جنہیں اس نے ایران کی جانب سے متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک کے خلاف کیے گئے حملے قرار دیا۔ اس سے قبل اپریل میں برکس کے نائب وزرائے خارجہ اور مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ کے خصوصی نمائندوں کا اجلاس بھی مبینہ طور پر کسی مشترکہ اعلامیے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔ اس کی وجہ متحدہ عرب امارات اور ایران کے درمیان اس بات پر اختلاف تھا کہ ایران کے تنازع سے کس طرح نمٹا جائے۔
اس کے باوجود دونوں ممالک میں سے کسی نے بھی برکس سے علیحدگی اختیار نہیں کی بلکہ دونوں نے گروپ کی سرگرمیوں میں شرکت جاری رکھی۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ برکس کی رکنیت کے لیے رکن ممالک کا اپنے باہمی تنازعات حل کرنا ضروری نہیں۔ اس کے بجائے رکنیت کا بنیادی تقاضا یہ ہے کہ ممالک مشترکہ مفادات کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔
درحقیقت برکس اب تیزی سے ایسے فورم کی شکل اختیار کر رہا ہے جہاں جغرافیائی سیاسی حریف بھی ایک ساتھ موجود رہ سکتے ہیں۔ ضروری نہیں کہ اس کے تمام رکن ممالک عالمی سیاست کے بارے میں ایک ہی نقطۂ نظر رکھتے ہوں۔ یہ فرق بہت اہم ہے۔ متحدہ عرب امارات اور ایران سلامتی کے معاملات پر ایک دوسرے سے شدید اختلاف کرسکتے ہیں لیکن اس کے باوجود کثیرالجہتی نظام تجارت مالیات ترقی توانائی اور عالمی حکمرانی میں اصلاحات جیسے معاملات پر برکس میں مشترکہ مفادات تلاش کرسکتے ہیں۔
ایران کی جانب سے نئے ترقیاتی بینک میں شمولیت کی مبینہ کوشش بھی برکس کے اسی اقتصادی پہلو کو نمایاں کرتی ہے۔ مغربی پابندیوں کا سامنا کرنے والے تہران کے لیے برکس سے وابستہ ادارے اپنے مالی اور اقتصادی امکانات کو وسعت دینے کا ایک ذریعہ ہیں۔
اسی طرح متحدہ عرب امارات کے لیے بھی برکس ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں وہ کثیرالجہتی مالی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے مواقع حاصل کرسکتا ہے اور ابھرتی ہوئی و ترقی پذیر معیشتوں کے لیے اہم معاملات کی حمایت کرسکتا ہے۔ مزید برآں برکس اور نئے ترقیاتی بینک میں اپنی رکنیت کے ذریعے متحدہ عرب امارات ایسے اقدامات کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے جو زیادہ لچکدار اور مؤثر مالیاتی نظام وضع کرنے اور اقتصادی و ترقیاتی شراکت داری کو مضبوط بنانے میں مددگار ہیں۔ یہ اقدامات عالمی معیشت میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے تناظر میں خاص اہمیت رکھتے ہیں۔
بلاشبہ متحدہ عرب امارات ہندوستان کی میزبانی میں ہونے والے برکس سربراہی اجلاس میں اپنی شرکت کو ان ترجیحات کو آگے بڑھانے اور رکن ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے ایک اہم موقع کے طور پر دیکھتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ مختلف اقتصادی اور جغرافیائی سیاسی گروپوں کے درمیان رابطے کے پل کے طور پر اپنے کردار کو بھی مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔
برکس میں متحدہ عرب امارات کی شمولیت اس کے اقتصادی تنوع اور تزویراتی خودمختاری کے وسیع تر مقصد کی بھی عکاسی کرتی ہے۔ اس کی حکمت عملی یہ ہے کہ ابھرتے ہوئے کثیرالجہتی پلیٹ فارموں میں شرکت کو مغرب کے ساتھ اپنی دیرینہ اقتصادی اور تزویراتی شراکت داری کا متبادل بنانے کے بجائے اس کا تکمیلی ذریعہ بنایا جائے۔
دوسری جانب 18ویں برکس سربراہی اجلاس کی میزبانی ہندوستان کو یہ موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ گروپ کی ترجیحات کو ترقی اقتصادی تعاون ادارہ جاتی اصلاحات اور عملی تعاون کے گرد مرکوز کرے۔ اس طرح برکس کو محض ایک مغرب مخالف گروپ بننے کی سمت میں جانے سے روکا جاسکتا ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ کی سربراہی اجلاس میں شرکت کی تصدیق اس پیش رفت کو مزید اہم بنا دیتی ہے۔ برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے شی جن پنگ کا ہندوستان کا دورہ سات برس بعد ہوگا۔ وہ آخری مرتبہ 2019 میں ہندوستان آئے تھے۔ اس پس منظر میں برکس کا فورم نئی دہلی اور بیجنگ کے درمیان ایک اہم سفارتی رابطے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ یہ اس وقت خاص طور پر اہم ہے جب دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں تزویراتی مسابقت برقرار ہے۔
مجموعی طور پر یہ سربراہی اجلاس ہندوستان کو یہ ثابت کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ برکس عالمی جنوب کے مفادات کی نمائندگی کرسکتا ہے اور اس کے لیے اسے مغرب کے خلاف کسی نظریاتی یا جغرافیائی سیاسی اتحاد میں تبدیل ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ برکس میں بڑھتے ہوئے تنوع اور رکن ممالک کے درمیان موجود اختلافات کے پیش نظر یہ فرق انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔