آواز دی وا ئس
نئی دہلی میں اس ہفتے ایک ایسا سفارتی منظر دیکھنے کو ملا جس نے عالمی مبصرین کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔ ایک طرف برکس وزرائے خارجہ اجلاس میں ایران اور متحدہ عرب امارات کے نمائندے ایک ہی پلیٹ فارم پر موجود تھے جبکہ دوسری طرف دونوں ممالک کے درمیان مغربی ایشیا میں جاری جنگ کے سبب شدید کشیدگی برقرار ہے۔ اسی دوران ہندوستان نے نہ صرف دونوں ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات برقرار رکھے بلکہ اگلے ہی دن وزیر اعظم نریندر مودی نے ابو ظہبی پہنچ کر یو اے ای کے ساتھ اہم دفاعی اور توانائی معاہدوں پر دستخط بھی کیے۔
یہ پورا منظر دراصل ہندوستان کی نئی مغربی ایشیائی پالیسی کی واضح تصویر بن کر سامنے آیا جس کی بنیاد اس اصول پر رکھی گئی ہے کہ سب کے ساتھ تعلقات رکھو۔ کسی ایک فریق کو الگ نہ کرو اور ایک ملک کے ساتھ تعلقات کو دوسرے ملک پر اثر انداز نہ ہونے دو۔
برکس اجلاس میں ایران کا سخت مؤقف
برکس وزرائے خارجہ اجلاس کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو ایسی بالادستانہ پالیسیوں کو تاریخ کے کوڑے دان میں پھینک دینا چاہیے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ایک سخت استعارہ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ زخمی جانور اپنے زوال کے وقت پنجے مارتا اور چیختا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات پر بھی شدید الزامات عائد کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای ایران کے خلاف جارحیت میں سرگرم شراکت دار ہے اور اس میں کسی قسم کا شک نہیں۔ ان بیانات نے خطے میں جاری کشیدگی کو مزید نمایاں کر دیا۔
Glad to interact with Foreign Ministers and Heads of Delegation of BRICS countries.
— Narendra Modi (@narendramodi) May 14, 2026
BRICS has emerged as an important platform for advancing cooperation among emerging economies and giving voice to the aspirations of the Global South.
Under India’s Chairmanship this year, we… pic.twitter.com/RrK1pia1Du
کشیدگی کے باوجود ہندوستان کی سفارت کاری جاری
ایران اور یو اے ای کے درمیان بڑھتی ہوئی تلخی کے باوجود ہندوستان نے اپنی سفارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھیں۔ عباس عراقچی نے نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔اسی دوران ہندوستان نے ابو ظہبی کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عمل بھی جاری رکھا۔ وزیر اعظم مودی کے دورۂ یو اے ای کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری کے فریم ورک سمیت کئی اہم اقتصادی اور توانائی معاہدے طے پائے۔
دفاع اور توانائی کے اہم معاہدے
Highlights from a productive UAE visit, which will deepen our bilateral friendship… pic.twitter.com/e8D8Wuuz0j
— Narendra Modi (@narendramodi) May 15, 2026
ہندوستان کی “چار ڈی” پالیسی
ہندوستان کے سابق سفیر انیل تریگنایت کے مطابق نئی دہلی کی مغربی ایشیا پالیسی چار اصولوں پر مبنی ہے جنہیں انہوں نے “چار ڈی” قرار دیا۔ ان میں ڈائیلاگ۔ ڈپلومیسی۔ ڈی اسکیلیشن اور ڈی ہائفنیشن شامل ہیں۔ان کے مطابق اس پالیسی کا مطلب یہ ہے کہ اسرائیل کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات ایران۔ سعودی عرب یا یو اے ای کے ساتھ تعلقات پر اثر انداز نہیں ہوتے۔ اسی طرح ہر ملک کے ساتھ تعلقات کو الگ بنیاد پر آگے بڑھایا جاتا ہے۔
مغربی ایشیا میں ہندوستان کے مفادات
متحدہ عرب امارات ہندوستان کے سب سے بڑے تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داروں میں شامل ہے۔ ایران وسطی ایشیا تک رسائی کے لیے چاہ بہار بندرگاہ کے باعث ہندوستان کے لیے اسٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے جبکہ اسرائیل دفاع اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اہم پارٹنر ہے۔ دوسری جانب امریکہ ہندوستان کا سب سے اہم عالمی اسٹریٹجک اتحادی سمجھا جاتا ہے۔ایسے میں ہندوستان نے کسی ایک کیمپ کا حصہ بننے کے بجائے تمام فریقوں کے ساتھ متوازن تعلقات قائم رکھنے کی حکمت عملی اختیار کی ہے۔
سب سے بڑا سفارتی امتحان
مغربی ایشیا میں جاری جنگ نے ہندوستان کی اس متوازن سفارت کاری کو ایک بڑے امتحان سے دوچار کر دیا ہے کیونکہ اس کے کئی قریبی شراکت دار اب ایک دوسرے کے مخالف محاذوں پر کھڑے ہیں۔اس کے باوجود ہندوستان نے اب تک کسی ایک فریق کی کھل کر حمایت کرنے سے گریز کیا ہے۔ نئی دہلی مسلسل تمام ممالک کے ساتھ رابطے برقرار رکھتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات پر زور دے رہا ہے۔مبصرین کے مطابق ہندوستان کی یہی پالیسی مستقبل میں مغربی ایشا میں اس کے سفارتی کردار کو مزید اہم بنا سکتی ہے۔