سشما رام چندرن
بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے درمیان ہندوستان اور روس اپنے تزویراتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے حالیہ دورہ ماسکو کے دوران روسی صدر ولادیمیر پوتن نے دوطرفہ تجارت بڑھانے اور عملی مشکلات کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان مشکلات میں ہندوستانی کسانوں کے لیے کھاد کی فراہمی کا مسئلہ بھی شامل ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں یہ گرم جوشی ایسے وقت دیکھنے کو مل رہی ہے جب امریکہ نے ایسی قانون سازی منظور کی ہے جس کے تحت روسی معیشت کی مدد کرنے والے ممالک پر روسی تیل اور گیس خریدنے کی صورت میں 100 فیصد تک محصول عائد کیا جا سکتا ہے۔ اگرچہ اس قانون کا اطلاق امریکی صدر کی صوابدید پر منحصر ہے لیکن یہ خطرہ اس بڑھتے ہوئے رجحان کی نشاندہی کرتا ہے جس میں تجارت کو جغرافیائی سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ صورتحال اس وقت بھی برقرار ہے جب ہندوستان اور امریکہ دوطرفہ تجارتی معاہدے پر مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں۔تاہم نئی دہلی اپنے قومی مفادات کی بنیاد پر آزاد خارجہ پالیسی برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم دکھائی دیتا ہے۔ اس کا اندازہ روسی صدر ولادیمیر پوتن اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان آئندہ ملاقاتوں کی تیاریوں سے ہوتا ہے۔ دونوں رہنما بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس اور ستمبر میں نئی دہلی میں برکس سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کریں گے۔
روس کے ساتھ ہندوستان کے دیرینہ تعلقات ایک مرتبہ پھر توجہ اور جانچ کا مرکز بننے کا امکان ہے۔ یکے بعد دیگرے آنے والی امریکی حکومتوں نے اگرچہ کچھ ہچکچاہٹ کے ساتھ ہی سہی لیکن ان تعلقات کی گہرائی کو تسلیم کیا ہے۔ روسی تیل کی ہندوستان کی مسلسل خریداری کو بھی عملی نقطہ نظر سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ خاص طور پر ایسے وقت میں جب مغربی ایشیا کے روایتی ذرائع سے تیل کی فراہمی میں رکاوٹیں پیدا ہوئی ہیں۔
جنوری تک روسی خام تیل کی درآمدات ہندوستان کی مجموعی تیل درآمدات کے تقریباً 20 فیصد تک گر گئی تھیں لیکن مارچ سے ان میں دوبارہ اضافہ شروع ہوا اور جولائی میں یہ حصہ تقریباً 50 فیصد تک پہنچ گیا۔ عراق اور کویت جیسے ممالک سے تیل کی فراہمی میں کمی آئی ہے کیونکہ تیل اور گیس کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں اور آبنائے ہرمز کے اطراف پیدا ہونے والی رکاوٹوں نے رسد کو متاثر کیا ہے۔ یمن میں موجود حوثیوں کی جانب سے باب المندب کے راستے گزرنے والے تجارتی بحری جہازوں پر حملوں نے سمندری تجارت کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ اس کے برعکس روسی جہاز اس راستے کو استعمال کرتے رہے ہیں جس کے باعث روسی خام تیل ہندوستانی تیل صاف کرنے والی کمپنیوں کے لیے نسبتاً قابل اعتماد ذریعہ بن گیا ہے۔
دوطرفہ تعلقات میں موجودہ گرم جوشی ایک ایسے رشتے پر قائم ہے جس کی جڑیں سوویت دور تک پھیلی ہوئی ہیں۔ 1971 کی جنگ کے دوران پاکستان کے خلاف ہندوستان کو حاصل روسی حمایت بھی اس تزویراتی شراکت داری کا ایک اہم حصہ رہی ہے۔ یوکرین تنازع سے متعلق اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں پر ہندوستان کے ووٹ نہ دینے کے فیصلے کو مغربی حلقوں میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ تاہم نئی دہلی مسلسل یہ موقف اختیار کرتا رہا ہے کہ اس کی خارجہ پالیسی قومی مفادات کی بنیاد پر طے کی جاتی ہے۔تاہم اقتصادی تعلقات روسی تیل کی درآمدات میں بڑے اضافے کے باعث بتدریج غیر متوازن ہوتے گئے ہیں۔ دوطرفہ تجارتی خسارہ 2020۔21 میں 6.6 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2025۔26 میں 50 ارب ڈالر سے زیادہ ہو گیا۔ اسی دوران مجموعی تجارت چار گنا بڑھ کر تقریباً 60 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ ہندوستانی درآمدات 55.3 ارب ڈالر رہیں جبکہ برآمدات صرف 4.5 ارب ڈالر تک محدود رہیں۔
دونوں ممالک نے 2030 تک دوطرفہ تجارت کو 100 ارب ڈالر تک پہنچانے کا پُرامید ہدف مقرر کیا ہے لیکن اس کے حصول کے لیے ہندوستانی برآمدات میں نمایاں اضافہ ضروری ہوگا۔ ماسکو میں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران ایس جے شنکر نے منڈیوں تک بہتر رسائی فراہم کرنے۔ محصولاتی اور غیر محصولاتی رکاوٹیں دور کرنے۔ ادائیگی کے طریقہ کار کو آسان بنانے اور کاروباری اداروں کے درمیان رابطوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
روس توانائی۔ جوہری بجلی۔ دھاتوں کی صنعت۔ خلائی شعبے۔ ریلویز۔ کھاد۔ ہنرمند افراد کی نقل و حرکت اور رابطہ کاری سمیت کئی شعبوں میں وسیع تر تعاون کا خواہاں ہے۔روس میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ہندوستانی کارکنوں کو بھیجنے کی تجویز تعمیرات۔ صنعت۔ خدمات۔ معلوماتی ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبوں میں نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔ تاہم اس کے لیے سخت حفاظتی انتظامات ضروری ہوں گے کیونکہ ماضی میں ایسے واقعات سامنے آ چکے ہیں جن میں مبینہ طور پر ہندوستانیوں کو ملازمت کے جھوٹے وعدوں پر روس لے جایا گیا اور بعد میں انہیں فوجی کارروائیوں میں شامل ہونے پر مجبور کیا گیا۔