ٹرمپ کا پاکستانی پریم ۔ہندوستان کی عالمی سطح پر دوبارہ صف بندی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 15-08-2025
ٹرمپ کا پاکستانی پریم ۔ہندوستان  کی عالمی سطح پر دوبارہ صف بندی
ٹرمپ کا پاکستانی پریم ۔ہندوستان کی عالمی سطح پر دوبارہ صف بندی

 



شینکر کمار

چھ ماہ سے کچھ زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد، جب ڈونلڈ ٹرمپ نے بطور امریکہ کے 47ویں صدر وائٹ ہاؤس میں قدم رکھا، انہوں نے یہ یقینی بنایا کہ امریکہ کی خارجہ پالیسی ان کی خواہشات کے مطابق ہی رہے۔ انہوں نے امریکہ کی معاشی طاقت کو ہتھیار بنا کر پرانے اور قابلِ اعتماد اتحادیوں کو دھمکایا، ان کی انتظامیہ نے کثیرالجہتی نظام سے امریکہ کی وابستگی کو ختم کرنے میں کوئی وقت ضائع نہیں کیا۔ ہندوستان-امریکہ کے درمیان محصولات کے معاملے پر کشیدگی کے بیچ، ٹرمپ انتظامیہ کی پاکستان سے محبت کی کوئی حد نہیں۔ اطلاعات کے مطابق امریکہ نے ایک بار پھر پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کو مدعو کیا ہے۔ ذرائع کے حوالے سے ڈان کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوجی سربراہ اپنے دورے کے دوران امریکی ہم منصبوں سے مشاورت کریں گے۔

پاکستانی فوج کے سربراہ کو خوش کرنا ۔ جن کی وائٹ ہاؤس میں میزبانی کی گئی ۔ اس وقت ہوا جب اسلام آباد اور نئی دہلی محض چند ہفتے قبل چار روزہ فوجی تصادم میں ملوث تھے، جو کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں پاکستانی دہشت گردوں کے ہاتھوں 26 افراد کے قتل کے بعد شروع ہوا۔ یہ عمل ہندوستانکو سخت پیغام دیتا ہے۔

ٹرمپ کا عجیب "فتح کا جشن"

جو لوگ ٹرمپ کے پہلے صدارتی دور میں پاکستان کے حوالے سے ان کے رویے کے گواہ تھے۔ جب انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے "جھوٹ اور دھوکے" پر اسے آڑے ہاتھوں لیا تھا ۔ وہ امریکی صدر کی اس غیر متوقع قلابازی پر حیران ہیں۔ٹرمپ نے یکم جنوری 2018 کو ٹوئٹر (اب ایکس) پر کہا تھا،امریکہ نے پچھلے 15 سال میں پاکستان کو بے وقوفی سے 33 ارب ڈالر سے زیادہ امداد دی ہے، انہوں نے ہمیں صرف جھوٹ اور دھوکہ دیا ہے، ہمارے رہنماؤں کو بیوقوف سمجھا ہے۔ وہ ان دہشت گردوں کو پناہ دیتے ہیں جن کا ہم افغانستان میں شکار کرتے ہیں، اور ہمیں تھوڑی بھی مدد نہیں کرتے۔ بس اب اور نہیں!"

ہندوستانی ماہرینِ حکمتِ عملی کے نزدیک، یہ سب ٹرمپ انتظامیہ کی ایک بڑی حکمتِ عملی کا حصہ لگتا ہے، جس کا مقصد ہر اس مسئلے پر ہندوستان کو اپنے اشاروں پر نچانا ہے جو امریکہ کے مفاد میں ہو۔ مثال کے طور پر، ٹرمپ نے 30 سے زائد بار دعویٰ کیا کہ انہوں نے مئی میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فائر بندی کروائی، لیکن ہندوستان نے ان دعوؤں کو بار بار بے بنیاد قرار دیا۔وزیر اعظم نریندر مودی سے لے کر وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اور خارجہ سیکریٹری وکرم مصری تک سب نے واضح کیا کہ پاکستان کی بار بار درخواستوں کے بعد ہندوستان نے اپنی فوجی کارروائی روک کر فائر بندی کی۔مزید یہ کہ، وزیر اعظم مودی نے حال ہی میں پارلیمنٹ کو بتایا کہ کسی بھی عالمی رہنما نے ہندوستان سے پاکستان کے خلاف 'آپریشن سندور' روکنے کو نہیں کہا۔ یہ بیان ٹرمپ کے لیے ایک دھچکے کے مترادف تھا۔ ہندوستان نے ٹرمپ کی نوبل امن انعام کی نامزدگی کی خواہش کو بھی سپورٹ نہیں کیا، جس کے بعد برہم صدر نے پاکستان کے ساتھ ایک نیا تجارتی معاہدہ کر لیا۔

ٹرمپ کا پاکستان کے ساتھ توانائی کا جُوا

31 جولائی کو واشنگٹن ڈی سی اور اسلام آباد نے پاکستان میں تیل کے ذخائر کی مشترکہ ترقی کے معاہدے پر دستخط کیے، حالانکہ اس بات کا یقین نہیں کہ یہ ذخائر واقعی کارآمد ہیں۔ پاکستان نے برسوں سے سمندری توانائی کے بڑے ذخائر کا دعویٰ کیا ہے۔ 2019 میں اُس وقت کے وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ کراچی کے ساحل سے 280 کلومیٹر دور تیل اور گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔لیکن جب کراچی کے ساحل سے 280 کلومیٹر دور 'کیکرا-1' مقام پر کھدائی کی گئی تو کچھ نہیں ملا۔ امریکی کمپنی ایکسون موبل، اٹلی کی اینی، پاکستان کی آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ اس منصوبے میں شریک تھیں۔

جون 2023 میں برطانوی تیل و گیس کمپنی شیل نے پاکستان میں اپنے کاروبار کو سعودی کمپنی آرامکو کو بیچنے کا اعلان کیا، لیکن آرامکو نے اس میں خاص دلچسپی نہیں لی۔ اسی طرح 18 تیل و گیس بلاکس کی نیلامی میں کوئی بین الاقوامی خریدار نہیں آیا۔2021 سے 2024 کے درمیان، ٹوٹل انرجیز، اٹلی کی اینی، کویت فارن پیٹرولیم ایکسپلوریشن کمپنی اور برطانیہ کی شیل سمیت چار بڑی ملٹی نیشنل کمپنیاں پاکستان سے اپنا کاروبار بند کر چکی ہیں۔ ایسے میں ٹرمپ کا یہ کہنا کہ پاکستان ایک دن ہندوستانکو تیل بیچے گا، پیشن گوئی سے زیادہ ایک مذاق لگتا ہے۔

ٹرمپ کی ہندوستانپر محصولات کی جنگ

ٹرمپ کا اصل مقصد ہندوستان کو اپنی مرضی کے آگے جھکانا ہے، اسی لیے انہوں نے ہندوستانی برآمدات پر 25 فیصد اضافی محصولات لگا دیے، جبکہ پاکستان کی برآمدات پر 19 فیصد ٹیکس لگایا گیا۔ ہندوستان پر یہ پابندیاں روس سے تیل خریدنے کی وجہ سے لگائی گئیں، حالانکہ چین اور یورپی یونین روس سے کہیں زیادہ توانائی خریدتے ہیں۔ہندوستانی وزارتِ خارجہ نے یورپ اور امریکہ کے دوہرے معیار کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین اور امریکہ روس سے نہ صرف توانائی بلکہ کھاد، معدنیات، کیمیکلز، اسٹیل، مشینری اور دیگر سامان بھی خریدتے ہیں۔

ہندوستانکی ذہین اسٹریٹجک چال

دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت ہندوستانامریکہ کی یکطرفہ کارروائیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ وزیر اعظم مودی اگست کے آخر میں شنگھائی تعاون تنظیم(SCO) کے اجلاس میں شرکت کے لیے چین جا سکتے ہیں،اسی سفر کو جاپان کے سالانہ اجلاس کے ساتھ بھی جوڑا جا رہا ہے۔ہندوستان نہ صرف چین بلکہ روس کے ساتھ بھی تعلقات کو استعمال کر کے امریکہ کے دباؤ کا توڑ کرنے کی حکمتِ عملی بنا رہا ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن کا دورہ ہندوستان تقریباً طے ہو چکا ہے، جس پر امریکہ کے سیاسی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔برازیل کے صدر لولا نے بھی وزیر اعظم مودی سے بات کر کے برِکس(BRICS) ممالک کو ٹرمپ کے محصولات کے خلاف متحد کرنے کی تجویز دی ہے۔ برازیل پر بھی امریکہ نے 50 فیصد ٹیکس لگا دیا ہے۔

امریکہ کے اتحادیوں کو نقصان پہنچانے اور پرانی شراکت داریوں کو بگاڑنے کے باوجود، ہندوستان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کسی دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا بلکہ خودمختار اور کثیرجہتی خارجہ پالیسی کے ذریعے اپنے قومی مفادات کا دفاع کرے گا۔ چین، روس اور برازیل کے ساتھ سرگرم شراکت داری ہندوستان کے لیے ایک نئے عالمی اتحاد کی بنیاد رکھ سکتی ہے، جو یکطرفہ اقدامات کو روکنے میں مدد دے گی۔