ولادیمیر پوتن کا دورہ ہند ۔ ایک پرانے دوست کا گہرا رشتہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 04-12-2025
ولادیمیر پوتن  کا دورہ ہند ۔ ایک پرانے دوست کا گہرا رشتہ
ولادیمیر پوتن کا دورہ ہند ۔ ایک پرانے دوست کا گہرا رشتہ

 



ادیتی بھادری

4 دسمبر کو ہندوستان اپنے ایک پرانے دوست کا خیر مقدم کرے گا جب روس کے صدر ولادی میر پیوتن دو روزہ دورے پر 23 ویں سالانہ دو طرفہ سربراہی اجلاس کے لئے نئی دہلی پہنچیں گے. یہ دورہ ہندوستان اور روس دونوں کے لئے اہم ہے اور ساتھ ہی عالمی نظم کے لئے بھی. یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے جب بین الاقوامی حالات ایک نئے موڑ پر ہیں.

صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے قائم شدہ عالمی معاشی نظام کو الٹ پلٹ کر رکھ دیا ہے اور یوکرین کی جنگ جاری ہے. اگرچہ اس کے اختتام کی امید نظر آتی ہے مگر راستہ ابھی بھی کٹھن ہے. یورو اٹلانٹک نظام بکھر رہا ہے اور ہندوستان خود کو اس سارے ماحول کا حصہ پاتا ہے کیونکہ امریکہ نے اس کی برآمدات پر غیر معمولی محصولات عائد کر دئیے ہیں. بظاہر وجہ روسی تیل کی بڑی مقدار میں خریداری ہے. وہی تیل یورپی یونین بھی خریدتی ہے مگر اسے کسی قسم کی سزا کا سامنا نہیں.

خبری تجزیہ

ہندوستان اور روس کے درمیان خصوصی اور ترجیحی اسٹریٹجک شراکت داری ہے. یہ دورہ چار سال بعد ہورہا ہے جب صدر پیوتن آخری بار دسمبر 2021 میں ہندوستان آئے تھے. یہ وہ وقت تھا جب روس نے یوکرین میں خصوصی فوجی کارروائی شروع کرنے والی تھی. گزشتہ سال وزیر اعظم نریندر مودی کا تیسری بار منتخب ہونے کے بعد پہلا غیر ملکی دورہ ماسکو کا تھا. اس نے روس کے ہندوستانی خارجہ پالیسی میں ایک کلیدی پارٹنر اور قریبی دوست کی حیثیت کو مزید مضبوط کیا. یہ پیوتن کا ہندوستان کا دسواں دورہ ہوگا.

ہندوستان کے لئے یہ دورہ اور بھی اہم ہے. یہ آپریشن سندور کے بعد ہورہا ہے جب ملک کو بڑی حد تک تنہا ہی کام کرنا پڑا. روس وہ واحد ملک تھا جس نے پہلگام حملوں کی سب سے سخت مذمت کی اور وزارت خارجہ نے یہاں تک بیان دیا کہ وہ ہندوستان کے اپنے دفاع کے حق کو سمجھتا ہے. اس کارروائی کے دوران روسی ساختہ ایس 400 فضائی دفاعی نظام نے فیصلہ کن کردار ادا کیا. اسی وقت مغرب کی جانب سے روسی توانائی کی خرید کم کرنے کا دباؤ دونوں ملکوں کے تعلقات کو آزما رہا ہے.

روس کے لئے بھی یہ دورہ اتنا ہی ضروری ہے. مغرب نے اسے اقتصادی اور سفارتی طور پر الگ تھلگ کردیا ہے. یہ دورہ دکھائے گا کہ روس کے پاس اب بھی طاقتور دوست موجود ہیں اور وہ بھی دنیا کی بڑی جمہوریتوں میں سے.

امید ہے کہ دورے کا زیادہ تر فوکس دفاعی معاہدوں اور توانائی کے تحفظ پر ہوگا. ہندوستان روسی اسلحے کے سب سے بڑے خریداروں میں سے ہے. تقریباً 37 فیصد دفاعی خریداری روس سے ہوتی ہے. اگرچہ کسی بڑے معاہدے کے اعلان کی توقع نہیں مگر ہندوستان جدید ترین ایس 500 ترومف میزائل سسٹم خریدنے کا خواہاں ہے. اس کے ساتھ ایس یو 57 روسی اسٹیلتھ لڑاکا طیارہ بھی زیر غور ہے جو ہندوستانی فضائیہ کے لئے ممکنہ انتخاب ہے.

ہندوستان رعایتی قیمت پر روسی تیل کا بھی سب سے بڑا خریدار بن کر ابھرا ہے. اس نے روس پر مغربی پابندیوں کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے نظر انداز کیا ہے. ہندوستان کی خریداری نے عالمی تیل کی قیمتوں کو بھی مستحکم رکھا ہے. دوسری جانب یہ خریداری روسی معیشت کے لئے بھی اہم ہے. دونوں ملک تجارت کو 100 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں مگر اس وقت تجارتی توازن روس کے حق میں ہے. بات چیت میں ہندوستانی مصنوعات کے لئے روسی منڈی کھولنے پر بھی غور ہوگا. خاص طور پر دواسازی دھات سازی اور زرعی مصنوعات. ساتھ ہی ادائیگیوں کے نظام اور ایسے طریقے بھی زیر بحث ہوں گے جو دونوں ملکوں کی تجارت کو مغربی پابندیوں سے محفوظ رکھ سکیں. تجارتی اور نقل و حمل کے راستے بھی بات چیت کا حصہ ہوں گے. خاص طور پر آرکٹک راستہ چنئی ولادی ووستوک راہداری اور انٹرنیشنل نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور.

ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ایک ویڈیو میں ہندوستان روس دوستی کی اہمیت بیان کی ہے جو اسپوتنک نے ایکس پر شیئر کی ہے.

ہندوستان اور روس کے تعلقات دفاع سے خلائی شعبے تک توانائی سے جوہری طاقت تک صنعت فن اور ثقافت تک وسیع میدانوں میں پھیلے ہیں. دونوں ملک عالمی اداروں میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ نظر آتے ہیں جہاں ان کی پالیسیاں زیادہ تر ہم آہنگ رہتی ہیں. سوویت یونین اور اب اس کا وارث روس ہمیشہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہندوستان کا مضبوط حامی رہا ہے. کشمیر کے مسئلے پر بھی روس نے ہمیشہ ہندوستان کا ساتھ دیا ہے.

دسمبر کا مہینہ جو پیوتن کے دورے کا مہینہ ہے دونوں ملکوں کے لئے خاص اہمیت رکھتا ہے. 6 دسمبر 54 سال پہلے ہندوستان پہلا ملک بنا جس نے بنگلہ دیش کو تسلیم کیا. بنگلہ دیش کی آزادی بڑی قربانیوں کے بعد ممکن ہوئی. اس جدوجہد میں ہندوستان کے فیصلوں اور اس کے فوجیوں کی بہادری کے ساتھ سوویت یونین کی حمایت نے اہم کردار ادا کیا. 1971 کا ہندوستان سوویت معاہدہ جسے امن دوستی اور تعاون کا معاہدہ کہا جاتا ہے مشرقی محاذ پر فیصلہ کن ثابت ہوا.

اس معاہدے کی ایک اہم شق کے مطابق اگر کسی ایک ملک پر حملہ ہوتا تو دوسرا ملک اس خطرے کو دور کرنے کے لئے مؤثر اقدامات کرتا. یہی شق پاکستان اور اس کے حمایتیوں چین اردن ترکی اور امریکہ کے لئے روک کا باعث بنی. سابق روسی سفیر نکولے کوداشیو کے مطابق اس معاہدے نے جنوبی ایشیا کی تاریخ کو دو حصوں میں تقسیم کردیا.

سوویت فوجی مدد نے ہندوستان کو پاکستان کا مقابلہ کرنے میں مضبوط بنایا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں سوویت ویٹو نے ہندوستانی فوج کو ڈھاکہ تک پہنچنے اور پاکستانی افواج کو سرنڈر کرانے کے لئے ضروری وقت مہیا کیا. اس کے بعد سے روس نے ہمیشہ شملہ معاہدے کی حمایت کرتے ہوئے کشمیر کو دو طرفہ مسئلہ قرار دیا.

اسی تاریخی پس منظر میں مودی پیوتن سربراہ اجلاس رکاوٹوں کو دور کرنے کے ساتھ تعاون کے نئے راستے تلاش کرے گا اور دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی بنیاد رکھے گا. دو اہم معاہدے بھی زیر غور ہیں. ایک روس کی لیبر مارکیٹ میں ایک ہزار ہندوستانی پیشہ ور افراد کی ممکنہ بھرتی. یہ دونوں ملکوں کے عوامی روابط کو نئی وسعت دے گا.

دوسرا بڑا معاہدہ ری لوس ہے جس کا مقصد دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان مشقوں امدادی کارروائیوں اور سامان کی رسائی کو آسان بنانا ہے. یہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کی سرزمین پر فوج اور ساز و سامان رکھنے کی اجازت دے گا. یہ اس لئے بھی اہم ہے کہ برصغیر اس وقت کئی حوالوں سے 1971 جیسے حالات سے گزر رہا ہے.

صدر پیوتن کا یہ دورہ ہندوستان کی اسٹریٹجک خود مختاری کا اظہار بھی ہوگا اور مستقبل کے تعلقات کا نقشہ بھی متعین کرے گا.

ادیتی بھادری وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ پر آزاد مصنفہ اور محقق ہیں