کلام صاحب: کیسے بنےہندوستانی مسلمان بچوں کے رول ماڈل

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 14-10-2022
کلام صاحب: کیسے بنےہندوستانی مسلمان بچوں کے رول ماڈل
کلام صاحب: کیسے بنےہندوستانی مسلمان بچوں کے رول ماڈل

 

 

awazthevoice

ثاقب سلیم، نئی دہلی

بیسوی صدی کے اختتام پر پروان چڑھنے والے ہندوستانی مسلمان بچے، آپ ہی کی طرح واقعی  اس شک اور خوف  میں زندگی گزار رہے ہیں کہ وہ اپنے اردگرد کے لوگوں کی نظروں سے پرکھےجائیں گے۔ مجھے نہیں معلوم کہ کسی ماہر نفسیات نے ہندوستانی مسلمان بچوں پر سماجی اور سیاسی تبدیلیوں کے اثرات کو دریافت کیا ہے یا نہیں۔

 اسی دور سے تعلق رکھنے والے شخص کے طور پر میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ایک پوری نسل بے اعتباری و بے اعتمادی کی فضا میں زندگی گزار رہی تھی۔ سنہ1990 کی دہائی کے سب سے زیادہ قابل تعریف ہندوستانی مسلمانوں میں سے ایک محمد اظہر الدین پر 2000 میں میچ فکسنگ کے الزام میں کرکٹ سے پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ اس کے اگلے سال نائن الیون(9/11)کو ڈبلیو ٹی سی کا حملہ پوری دنیاکے مسلمانوں کےتاثرات کے لیے ایک اہم لمحہ تھا۔

 اگر یہ کافی نہ تھا تو چند مہینوں بعد گجرات میں مہلک فسادات کے ساتھ مسلمانوں کی نفسیات میں مزید عدم تحفظ پیدا ہو گیا تھا۔ لوگ اب تمام تباہی کا ذمہ دار اسلام کو ٹھہرا رہے تھے۔ اخبارات میں شائع ہونے والی آراء سے حیرت ہوتی ہےکہ ہم مسلمانوں کو ہرمسئلہ کے پیچھے کیوں پاتے ہیں۔ اسلام کو انتہا پسندی اور جدیدیت مخالف قرار دیا جا رہا تھا۔

ایک طرف تو ہم یہ کہانیاں سنتے تھے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے پیروکاروں کو کسی بھی ممکنہ ذرائع سے ہر قسم کا علم حاصل کرنے کے لیے کہا ہے لیکن دوسری طرف نوجوانوں کے لیے ایک ایسا رول ماڈل تلاش کرنا مشکل تھا جو ایک دیندار مسلمان ہواسی کے ساتھ جدید سائنسی ترقی یافتہ ہو۔نیز وہ سیکولر اقدار کو اپنائیں اور ان پر عمل کریں جیسا کہ قرآن و حدیث میں پڑھایا جا رہا ہے۔

مایوسی کے ان سیاہ بادلوں کے گھیرے میں ایک چمکتا ہوا ستارہ ابھرا۔ امید کی اس واحد کرن نے پوری ہندوستانی مسلم کمیونٹی کو روشن کر دیا۔ ہم اسکول کے بچوں کو اپنا رول ماڈل اسی وقت ملا۔ اب ہم اس بات کا مقابلہ کر سکتے تھےکہ اسلام، جدید علوم اور سیکولرازم فطری طور پر نظریات سے متصادم نہیں ہیں۔ امید کی وہ کرن ابو الفاخر زین العابدین عبد الکلام تھے۔ وہ ایک سیاست داں کے طور پر نہیں بلکہ ایک سائنسداں کے طور پر اپنی خدمات کے باعث ہندوستانی جمہوریہ کے اعلیٰ ترین عہدے پر فائز ہوئے۔

اے پی جے عبدالکلام اس وقت تک ایک عوامی شخصیت تھے لیکن ہندوستان کے صدر بننے سے ایک ایسا اعتماد پیدا ہوا جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔  کیا میں اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان کر سکتا ہوں۔ جب میں اسامہ بن لادن اور اس جیسی شخصیات کے بارے میں پوچھا جاتا تھا تو اسکول کے کوئزز میں عبدالکلام پر سوالات پوچھے جانے پر نویں جماعت کے طالب علم کے طور پر مجھے کیسا لگا؟ اس نے ہمیں تحفظ کا احساس دلایا۔ ہم نے محسوس کیا کہ اسلام اور جدیدیت ایک دوسرے کے مخالف نہیں ہیں۔

دو دہائی بعد شاید لوگ نہ سمجھیں لیکن اس وقت اگر ہم سورج مکھی ہوتے تو اے پی جے عبدالکلام سورج تھے۔ اس زمانہ میں عام طور پرمشہور شخصیت کا درجہ زیادہ تر فلمی ستاروں یا کرکٹرز کے لیے ہی  مخصوص تھا۔ ہم اس کے بارے میں متجسس تھے۔ وہ عام طور پر ہندوستانی بچوں اور خاص طور پر ہندوستانی مسلم بچوں کے لئے ایک بہترین رول ماڈل تھے۔ اے پی جے عبدالکلام کا تعلق ایک غریب مسلم گھرانے سے تھا، انہوں نے ایک مدرسہ اپنی تعلیم شروع کی اور بعد میں جدید تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کی۔

 وہ نماز پابندی سے پڑھا کرتے تھے، اس کے ساتھ ساتھ وہ قرآن مقدس اور گیتا بھی پڑھتے تھے۔انہوں نے ہندوستانی ثقافت کی پیروی کی،اسلام پر عمل کیا اور جدید علوم کا اطلاق کیا۔ ہندوستانی میزائل پروگرام اور بعد میں جوہری ترقی ان کی سائنسی اور انتظامی صلاحیتوں کی مرہون منت ہے۔ ہندوستان نے انہیں اپنا صدر منتخب کرکے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

قوم نے اپنی سیکولر اسناد کا اعادہ کیا، اے پی جے عبدالکلام نے ہندوستانی ہم آہنگی کی ثقافت کی تصدیق کی اور ہمیں ایک رول ماڈل ملا جو اسلام، ہندوستانی ثقافت اور سائنس کو ساتھ لے کر چل سکتا ہے۔ اس نسل کے بچوں کوگویا ایک کرشن ملا۔ جب ہم یوپی ایس سی(UPSC) ،آئی آئی ٹی(IITs)اور دیگر تعلیمی اداروں میں مسلمانوں کے انتخاب میں اضافے کی وجوہات پر بحث کرتے ہیں تو ہم شاذ و نادر ہی یہ تسلیم کرتے ہیں کہ ان سے متاثر نسل اب ان امتحانات میں حصہ لے رہی ہے۔ایک شخص جو 2002 میں 12 سال کا تھا، اسے 2014 کے بعد یوپی ایس سی یا اس طرح کا کوئی اور امتحان دیا ہوگا۔

مسلم کمیونٹی کو یہ اعتماد بھی ملا کہ تعلیم اسلام سے ان کی وابستگی کو خطرے میں نہیں ڈالے گی اور مسلمانوں کو تعلیم دینے کے لیے کمیونٹی کی سطح پر کئی اقدامات کیے گئے۔ جس چیز کاآج ہم دیوہیکل درختوں کے طور پرمشاہدہ کر رہے ہیں وہ بیج عبدالکلام نے ایک خیال کی شکل میں بوئے تھے۔ آج ہندوستانی مسلمان بچوں کے پاس کئی رول ماڈل ہیں اور وہ کسی نہ کسی لحاظ سے کلام سے متاثر ہوئے ہیں۔اگرچہ ہندوستان ان کا مقروض ہے لیکن ہندوستانی مسلمان اس سے کہیں زیادہ ان کے شکر گزار ہیں۔