ڈاکٹر عظمٰی خاتون
سری نگر کی حضرت بل درگاہ کشمیری مسلمانوں کے لیے طویل عرصے سے ایمان اور سکون کا عظیم مرکز رہی ہے۔ یہ وادی کی سب سے مقدس جگہ سمجھی جاتی ہے اور عام لوگوں کے دلوں میں اس کا گہرا جذباتی مقام ہے۔ جو لوگ حج کی سعادت حاصل نہیں کر سکتے، وہ حضرت بل کی زیارت کو خدا اور رسول ﷺ کے قریب ہونے کا ایک بابرکت عمل سمجھتے ہیں۔
حال ہی میں ایک اہم تنازعہ اس وقت پیدا ہوا جب سرکاری طور پر چلائے جانے والے اوقاف بورڈ نے مرمت کے دوران حضرت بل کی مرکزی نمازگاہ کے بیرونی حصے میں قومی علامت، اشوک ستون کے چار شیر، کی تختی نصب کر دی۔ یہ عمل ربیع الاول کے مہینے میں ہوا، جب ہزاروں عقیدت مند حضور اکرم ﷺ کا یوم ولادت منانے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ پہلے پہل عوام نے نئی مراکشی طرزِ تعمیر کو پسند کیا، لیکن تختی کی تنصیب نے شدید غصے کو جنم دیا۔
اشوک ستون پر مشتمل یہ قومی علامت دراصل ملک کی وحدت، وقار اور آئینی قدروں کی نمائندہ ہے۔ حکومت کی نیت اس کے ذریعے درگاہ کی خوبصورتی اور مشترکہ ورثے کو اجاگر کرنے کی تھی، نہ کہ مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا۔ تاہم کچھ لوگوں نے اس اقدام کو سیاسی رنگ دیا اور احتجاج شروع ہو گئے۔ پولیس نے تختی کو نقصان پہنچانے کے الزام میں درجنوں افراد کو حراست میں لیا۔ جمہوری معاشرے میں پرامن احتجاج جائز ہے، مگر قومی علامت یا عوامی املاک کو نقصان پہنچانا غیر قانونی عمل ہے۔سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ کسی مذہبی مقام میں قومی علامت کی جگہ نہیں ہے۔ ان کے اس بیان پر بی جے پی رہنما سدھانسھو ترویدی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ علامت بھارت کی شناخت اور عظمت کی نمائندہ ہے۔ یوں ایک مقامی معاملہ قومی سطح پر سیاسی بحث کا مرکز بن گیا۔
حضرت بل اس سے پہلے بھی سیاست کی بھینٹ چڑھ چکی ہے۔ 1963 میں جب درگاہ سے موئے مقدس غائب ہوا تو بڑے پیمانے پر ہنگامے اور فسادات بھڑک اٹھے، جس نے کشمیر کی سیاست کا رخ بدل دیا۔ 1990 کی دہائی میں عسکریت پسندی کے دوران یہ جگہ مظاہروں کا مرکز رہی۔ 1993 میں جب جنگجوؤں نے درگاہ میں پناہ لی تو فوج نے محاصرہ کر لیا تھا اور بات چیت کے بعد معاملہ حل کرلیا تھا، یہ تاریخ بتاتی ہے کہ حضرت بل ہمیشہ سے عقیدت کی جگہ ہونے کے ساتھ ساتھ طاقت، سیاست اور ریاستی کنٹرول کی رسہ کشی میں بھی گھری رہی ہے۔
اصل مسئلہ یہ ہے کہ اسلام میں تصویروں کے حوالے سے کیا حکم ہے۔ عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ اسلام ہر قسم کی تصویر سازی کو حرام قرار دیتا ہے۔ مگر قرآن مجید میں ایسا کوئی صریح حکم موجود نہیں۔ بلکہ سورۃ سبا (34:13) میںحضرت سلیمانؑ کے زمانے کی تصویروں اور مجسموں کا ذکر مثبت انداز میں کیا گیا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فن اور تصاویر بذاتِ خود منع نہیں، بلکہ اصل ممانعت شرک اور بت پرستی کی وجہ سے تھی۔
نبی کریم ﷺ نے مکہ میں خانہ کعبہ سے وہ تمام تصاویر اور مجسمے ہٹا دیے جو لوگوں کے لیے معبود بن چکے تھے۔ احادیث میں تصویر بنانے والوں کے خلاف وعید انہی حالات کے تناظر میں ہے، یعنی جب انہیں الوہیت کا درجہ دیا جائے۔ اس لیے وہ تصاویر یا فنون جو عبادت یا الوہیت کے تصور سے جڑے نہ ہوں، ممنوع نہیں ہیں۔ آج پاسپورٹ کی تصویر، تعلیمی خاکے یا گھریلو تصاویر اسی اصول کے مطابق جائز سمجھی جاتی ہیں۔
اشوک ستون کی علامت بذاتِ خود شرعی طور پر حرام نہیں، کیونکہ یہ کسی دیوتا یا مذہبی شخصیت کی نمائندہ نہیں بلکہ ایک قومی علامت ہے۔ عبادت گاہ صرف اللہ کی یاد کے لیے ہے، نہ کہ دنیاوی یا سیاسی طاقت کی نمائندگی کے لیے۔ یہی وجہ ہے کہ کشمیری عوام نے اس اقدام کو اپنی عقیدت کے ساتھ ناانصافی سمجھا۔کشمیر کی سیاسی حساسیت بھی اس تنازعے کو بڑھا دیتی ہے۔ ایک ایسے خطے میں جہاں دہائیوں سے تنازعہ، کرفیو اور فوجی موجودگی رہی ہے، ہر سرکاری اقدام کو سیاسی غلبے کے اشارے کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ لہٰذا قومی علامت کو بغیر عوامی مشاورت کے حضرت بل کی سب سے مقدس جگہ پر لگانا عوامی بے اعتمادی اور غصے کو ہوا دینا تھا۔
اس واقعے کا سبق یہ ہے کہ عبادت گاہوں کو روحانی مراکز ہی رہنے دینا چاہیے۔ قومی علامت اپنی جگہ محترم ہے، مگر اسے مذہبی مقام پر رکھنے کے بجائے کسی عوامی یا ثقافتی جگہ پر نصب کیا جانا زیادہ مناسب ہے۔ اسلام انصاف، احترام اور عبادتِ الٰہی کا درس دیتا ہے، اور ساتھ ہی مسلمانوں کو ملک کے قانون کی پاسداری کا بھی حکم دیتا ہے۔ لہٰذا امن و سکون اسی میں ہے کہ مذہب اور سیاست کو الگ رکھا جائے، عوام کے جذبات کا احترام کیا جائے اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کیے جائیں۔حضرت بل کی تاریخ ہمیں یہی یاد دلاتی ہے کہ جہاں عقیدت ہے وہاں سیاست کے رنگ شامل ہونے سے احتجاج اور فساد جنم لیتے ہیں۔ بہتر یہ ہے کہ مکالمے اور باہمی اعتماد کے ذریعے ہی معاشرہ مضبوط اور پرامن بنایا جائے۔ڈاکٹر عظمٰی خاتون شعبہ اسلامیات، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں تدریس کے فرائض انجام دے چکی ہیں