سوشل میڈیا سے سڑکوں تک: جنریشن زی کا طوفان

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-09-2025
 سوشل میڈیا سے سڑکوں تک: جنریشن زی کا طوفان
سوشل میڈیا سے سڑکوں تک: جنریشن زی کا طوفان

 



عبداللہ منصور

جنوبی ایشیا میں حالیہ برسوں کے دوران نوجوانوں کی تحریکوں نے سیاسی استحکام کو گہرائی سے چیلنج کیا ہے۔ سری لنکا میں اپریل 2022 میں مہنگائی اور معاشی بحران سے جنم لینے والے احتجاج صدر گوٹابایا راج پکشے کے استعفے پر منتج ہوئے۔ بنگلہ دیش میں اگست 2024 میں روزگار کوٹے کے خلاف طلبہ تحریک پرتشدد رخ اختیار کر گئی اور بڑی تعداد میں ہلاکتوں کے بعد وزیر اعظم شیخ حسینہ کو مستعفی ہونا پڑا۔ نیپال میں ستمبر 2025 میں جنریشن زی کی قیادت میں بدعنوانی، بے روزگاری اور سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف جو تحریک اٹھی، وہ سیاسی تبدیلی تک جا پہنچی۔ ان واقعات نے یہ واضح کر دیا کہ جنوبی ایشیا کے نوجوان صرف مقامی مسائل تک محدود نہیں ہیں بلکہ وہ بدعنوانی اور عدم مساوات کے خلاف مشترکہ شعور کے ساتھ کھڑے ہو رہے ہیں۔

نیپال کا یہ ابھار محض ایک سیاسی بحران نہیں بلکہ دہائیوں سے جاری نظامی ناکامیوں کا نتیجہ ہے۔ جمہوری ڈھانچے میں تبدیلی کے باوجود بدعنوانی، خاندانی سیاست اور بے روزگاری جوں کی توں برقرار رہی۔ 1990 کے بعد بادشاہت سے جمہوریت کی طرف بڑھنے کا عمل امیدیں جگاتا تھا، لیکن سیاسی قیادت نے عوامی مسائل کو نظرانداز کیا۔ ماؤ باغی تحریک، بار بار حکومتوں کی تبدیلی اور خاندانی حکمرانی نے عوامی مایوسی کو مزید گہرا کر دیا۔

اسی پس منظر میں جنریشن زی سامنے آئی۔ یہ وہ نسل ہے جس نے ڈیجیٹل دور میں پرورش پائی اور سیاست کو نئے انداز میں متعین کیا۔ ان کے نزدیک بدعنوانی، عدم مساوات اور اقتدار کا موروثی تصور کسی طور قابلِ قبول نہ تھا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر "نیکسٹ جنریشن نیپال" جیسے پیجوں نے اس بے چینی کو منظم شکل دی۔ "نیپو کڈز" اور "نیپو بیبیز" جیسے الفاظ نوجوانوں کی جھنجھلاہٹ کے استعارے بن گئے۔ حالات اس وقت مزید بگڑ گئے جب حکومت نے 26 بڑے سوشل میڈیا ایپس پر پابندی عائد کر دی۔

نوجوانوں نے اسے آزادیٔ اظہار پر حملہ سمجھتے ہوئے سڑکوں کا رخ کیا۔ پولیس فائرنگ میں کئی مظاہرین ہلاک ہوئے اور ریاستی علامتوں پر غصہ بھڑک اٹھا۔ اس تحریک نے نہ صرف سیاسی قیادت بلکہ ریاستی پالیسیوں کو بھی کٹہرے میں کھڑا کر دیا۔

نوجوانوں کے اس ابھار کے ساتھ نئے چہرے بھی سامنے آئے۔ کٹھمنڈو کے میئر بالین شاہ اور "راشٹریہ سواتنتر پارٹی" کے روی لامچھانے جیسے رہنماؤں نے جوابدہی اور شفافیت کی آواز کو آگے بڑھایا۔ بالین شاہ نے نوجوانوں سے پرامن تبدیلی کی اپیل کی، جبکہ قیادت میں استعفوں نے یہ عندیہ دیا کہ عدم استحکام کے باوجود جمہوریت کو بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔ تاہم اصل چیلنج آئینی اصلاحات اور مکالمے سے جڑا ہوا ہے، جو طویل المدتی استحکام لا سکے۔

نیپال کی یہ ہلچل صرف اس کی سرحدوں تک محدود نہیں۔ بھارت کے لیے یہ صورتِ حال چیلنج اور موقع دونوں ہے۔ کھلی سرحدیں اور ثقافتی رشتے دونوں ممالک کو جوڑتے ہیں، لیکن عدم استحکام کا اثر بھارت کی سرحدی ریاستوں تک بھی پہنچ سکتا ہے۔ بھارت نے اب تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیپال کی خودمختاری اور جمہوری عمل کا احترام کیا ہے۔ جارحانہ مداخلت سے گریز کرتے ہوئے اس نے تعلیمی، ثقافتی اور تکنیکی تعاون پر زور دیا ہے۔ یہ پالیسی نہ صرف دوطرفہ تعلقات بلکہ خطے کے استحکام کے لیے بھی اہم ہے۔

نیپال کی نوجوانوں کی اس "انقلاب" کے مرکز میں بے روزگاری، تعلیمی معیار کی کمزوری اور سماجی عدم مساوات جیسے مسائل ہیں۔ لاکھوں نیپالی نوجوان روزگار کے لیے بیرونِ ملک جاتے ہیں، جو اندرونی بے چینی کی علامت ہے۔ اگر ان مسائل کو حل نہ کیا گیا تو عدم استحکام برقرار رہے گا۔ آبادیاتی فائدہ اسی وقت کارگر ہوگا جب نوجوانوں کو تعمیری سمت دی جائے۔ نیپال کے سامنے دو راستے ہیں: یا تو آئینی اصلاحات اور شفافیت کے ذریعے نوجوانوں کو جمہوری عمل میں شریک کرے، یا پھر موجودہ ڈھانچے میں پرتشدد اور غیر مستحکم عبوری دور کا خطرہ مول لے۔ پائیدار مستقبل وہی ہوگا جو نوجوانوں کی امنگوں کو جگہ دے اور جمہوری اداروں کو مضبوط کرے۔

بنگلہ دیش اور نیپال کی صورتِ حال کا موازنہ یہ واضح کرتا ہے کہ دونوں ممالک میں تحریکیں نوجوانوں کی بے اطمینانی سے اٹھی تھیں، لیکن نتائج مختلف نکلے۔ بنگلہ دیش میں روزگار کوٹے کے خلاف تحریک نے تشدد اور ریاستی جبر کے بعد فرقہ وارانہ حملوں کی شکل اختیار کر لی۔ صرف 16 دنوں میں دو ہزار سے زائد واقعات پیش آئے جن میں مندروں، گھروں اور دکانوں کو نقصان پہنچا اور کئی بے گناہ مارے گئے۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ جب نوجوان تحریکوں کے ساتھ فرقہ وارانہ کشیدگی جڑ جاتی ہے تو حالات کس قدر خطرناک ہو سکتے ہیں۔ وہیں نیپال میں اب تک ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا، اگرچہ یہ خطرہ ہمیشہ موجود رہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جنوبی ایشیا میں نوجوانوں کی تحریکوں کو محض جمہوری اصلاحات کی سمت موڑنا ضروری ہے، نہ کہ انہیں سماجی تقسیم کا ذریعہ بننے دینا۔

نیپالی حکومت نے سوشل میڈیا پر لگی پابندی ہٹا کر اور قیادت میں تبدیلی لا کر یہ عندیہ دیا ہے کہ وہ بحران کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مگر یہ انجام نہیں بلکہ آغاز ہے۔ آگے کا راستہ آئینی اصلاحات، مکالمے اور جوابدہی سے ہی گزرے گا۔ بھارت نے اس دوران جس صبر کا مظاہرہ کیا ہے وہ اس کی بالغ نظر سفارت کاری کو ظاہر کرتا ہے۔ نیپالی نوجوانوں کے ساتھ تعلیمی اور تکنیکی تعاون کو فروغ دینا دونوں ممالک کے لیے مفید ہوگا۔ خطے میں استحکام اسی وقت ممکن ہے جب جمہوریت کی بنیاد مضبوط ہو اور علاقائی شراکت داری اعتماد پر قائم ہو۔

نیپال کی نوجوانوں کی اس تحریک نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اقتدار کا پرانا ڈھانچہ اب نہیں چل سکتا۔ نوجوان طبقہ اقتدار میں جوابدہی، شفافیت اور سماجی انصاف کا متقاضی ہے۔ یہ صرف اقتدار کی منتقلی نہیں بلکہ جمہوریت کی نئی شروعات ہے۔

نیپال کا مستقبل اس پر منحصر ہے کہ اس کی قیادت اس توانائی کو کس رخ پر لے جاتی ہے۔ اگر بنیادی مسائل حل ہوئے تو نیپال نہ صرف اپنے لیے بلکہ پورے جنوبی ایشیا کے لیے استحکام اور ترقی کی ایک مثال بن سکتا ہے۔ بالآخر یہ تحریک صرف ایک ملک کی سیاسی کہانی نہیں بلکہ پورے خطے کے لیے انتباہ اور موقع دونوں ہے۔ نئی نسل تبدیلی کی طاقت بن چکی ہے اور اس کی قیادت میں جنوبی ایشیا کا جمہوری مستقبل طے ہوگا۔

(مصنف پسماندہ فکر کے محقق ہیں)