جب فقیروں کی بغاوت نے انگریزی شہنشاہیت کو ہلا دیا تھا

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 30-07-2022
جب فقیروں کی بغاوت نے انگریزی شہنشاہیت کو ہلا دیا تھا
جب فقیروں کی بغاوت نے انگریزی شہنشاہیت کو ہلا دیا تھا

 

 

ثاقب سلیم

ہندوستانی تاریخ اہم وقت تھا جب 1857میں پورے ملک نے انگریزی نوآبادیاتی حکمرانی کے خلاف بغاوت کی۔ 1857 میں لڑی جانے والی آزادی کی قومی جنگ اس لحاظ سے منفرد تھی کہ یہ ہندوستان کی سرزمین سے انگریزوں کو نکال باہر کرنے کی پہلی مسلح ملک گیر کوشش تھی لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ یہ آزادی کی پہلی جنگ تھی جو ہندوستانیوں نے انگریزوں کے خلاف لڑی تھی۔

درحقیقت، 1857 کے واقعات بڑی حد تک ایسی ہی ایک اور آزادی کی جنگ سے متاثر تھے جو 1806 میں ہندوستانیوں نے لڑی تھی۔ 10 جون 1806 کو انگلش ایسٹ انڈیا کمپنی کی فوج کے ہندوستانی سپاہیوں نے ویلور میں بغاوت کی اور انگریز افسروں کو ہلاک کر دیا۔

ٹیپو سلطان، جو جنوبی ہندوستان میں انگریزی توسیع کے خلاف سب سے مضبوط مسلح مخالف تھے، صرف سات سال قبل میدان جنگ میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور ان کے خاندان کو ویلور کے قلعے میں رکھا گیا۔ اگر بہادر شاہ ظفر 1857 میں سابق حکمرانوں کی اولاد تھے تو ٹیپو سلطان کے وارثوں کو بغاوت کا رہنما قرار دیا جانا تھا۔

۔ 1857 میں تانتیا ٹوپے نے فوجی حکمت عملی فراہم کی، یہ کردار 1806 میں ہولکرز نے ادا کیا تھا۔ تب مسئلہ یورپی لباس پہننا اور مذہبی علامات کو ترک کرنا تھا، بعد میں 1857 میں چربی والے کارتوس ایک اہم عنصر بن گئے۔

مماثلتیں یہیں ختم نہیں ہوئیں۔ جیسا کہ جنگ1857 صرف میرٹھ تک ہی محدود نہیں تھی، 1806 کی بغاوت کا وسیع پیمانے پر پھیلاؤ تھا اور مذہبی پیشواؤں، خاص طور پر فقیروں نے انقلابی پیغامات کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے اور سپاہیوں میں انگریزی مخالف جذبات کو بھڑکانے میں اہم کردار ادا کیا۔

فقیر اور سنیاسی مذہبی پیشوا تھے، جنہیں مسلح مہمات کے دوران شاہی فوجوں نے رکھا تھا۔ 1757 میں پلاسی میں سراج الدولہ کی شکست کے بعد، فقیروں اور سنیاسیوں نے بنگال، بہار، اڈیشہ اور اتر پردیش کے کچھ حصوں میں مسلح جدوجہد کی قیادت کی۔ 1800 تک، انگریزی فوجوں نے ہندوستانی ریاستوں کی مدد سے انہیں کافی حد تک دبا دیا لیکن فقیروں کے پاس دوسرے منصوبے تھے۔

وہ جے پور، سندھیا، ہولکر اور دیگر کی فوجوں میں شامل ہو گئے جو اس وقت غیر ملکی حکمرانوں کے خلاف لڑ رہے تھے۔ ٹیپو کی قربانی قوم پرستوں کے لیے ایک دھچکا تھا اور وہ کھویا ہوا میدان دوبارہ حاصل کرنا چاہتے تھے۔

ہولکرس کی قیادت میں مرہٹوں نے انگلش ایسٹ انڈیا کمپنی کی فوج کے اندر سے بغاوت کا منصوبہ بنایا۔ حیدرآباد کے نظام کے بھائی ہولکر، سندھیا اور ٹیپو سلطان کے بیٹوں نے انگریزی فوج میں ہندوستانی سپاہیوں کی بغاوت کی منصوبہ بندی کی جس کے بعد ہولکروں کی فوجیں انگریزوں کو مارنے کے لیے جنوبی ہندوستان میں اتریں۔

ہزاروں فقیروں کو بنگلور، ویلور، بیلاری، نندی ہلز، چنئی اور دیگر انگریزی چھاؤنی کے شہروں میں بھیجا گیا۔ انہوں نے انگلستان اور فرانس کی جدوجہد کے ارد گرد چھاؤنیوں کے قریب کٹھ پتلی شوز کا اہتمام کیا جہاں فرانس فتح یاب ہواتھا۔ فقیروں نے ٹیپو کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے گیت گائے اور کہانیاں بھی سنائیں۔

ہندوؤں اور مسلمانوں کو یہ باور کرانے کے لیے ایک پروپیگنڈہ بھی کیا گیا کہ انگریز انھیں عیسائی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مسلمان فقیروں نے اکیلے نہیں، لنگایت ذات کے سنتوں نے بھی اس مہم میں حصہ لیا۔ عبداللہ خان اور پیرزادہ، دونوں ٹیپو کے قریبی ساتھی، بنگلور اور ویلور میں فقیروں کے اہم رہنما تھے۔

ویلور میں رستم علی کی شناخت ان اہم لوگوں میں سے ایک کے طور پر کی گئی تھی جنہوں نے سپاہیوں کو انگریزوں کے خلاف اکسایا تھا۔ ٹیپو کے روحانی رہنماوں میں سے ایک نبی شاہ نے محرم کا اہتمام کیا جہاں ٹیپو کی تعریف میں گیت گائے گئے اور انگریزوں کی مدد کرنے والوں کی مذمت کی گئی۔

۔ 10 جون 1806 کو ویلور میں سپاہیوں نے بغاوت کی۔ یہ وقت سے پہلے ہوئی اور دوسرے مراکز بغاوت میں شامل نہیں ہوسکے۔ ٹیپو کے بیٹوں کو بغاوت کا لیڈر قرار دیا گیا۔ شیخ آدم، ایک فقیر، نے اپنے آپ کو ویلور میں انقلابیوں کے رہنما کے طور پر پیش کیا۔ انقلابیوں نے کئی انگریزوں کو قتل کیا لیکن بغاوت کو دبا دیا گیا۔

فقیروں کو پکڑا نہ جا سکا اور وہ دوسری چھاؤنیوں میں بغاوت کی منصوبہ بندی کرتے رہے۔ انہوں نے ویلور میں شہیدوں کی تعریف میں گیت گانا شروع کیا۔ اگست، ستمبر، اکتوبر اور نومبر میں آگ حیدرآباد، چنئی اور نندی ہلز جیسے مقامات پر پھیل گئی تھی۔

علیم علی شاہ اور نور خلیل شاہ بیلاری میں فقیروں کی قیادت کر رہے تھے۔ نندی پہاڑیوں میں، فقیروں نے لوگوں کو بتایا کہ پولیگار، مراٹھا اور ٹیپو کے وفادار اٹھیں گے اور ہندوستانی سپاہیوں کو ان کی مدد کرنی چاہیے۔ انگریز افسروں نے نوٹ کیا کہ ہندو اور مسلمان دونوں ان سے لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

حیدرآباد میں جولائی میں ہندوستانی سپاہیوں کا احتجاج بھی دیکھنے میں آیا۔ انگریز جنوبی ہندوستان میں ہونے والی بغاوتوں سے پریشان رہے اور یہ سمجھ نہیں پائے کہ یہ کیوں اور کیسے ہوئی۔ پیرومل چنیان لکھتے ہیں، "جنوبی سازش کی حمایت فقیروں اور دیگر مذہبی پیشواوں نے کی۔ درحقیقت تمام آرمی اسٹیشنوں میں سازش انہی کے ذریعے قائم کی گئی تھی۔

بلیو پرنٹ 1806 میں بنایا گیا تھا، جسے مبارز الدولہ نے 1838 میں عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی، خواجہ حسن علی خان اور کنور سنگھ نے 1846 میں اس کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی اور 1857 میں کئی رہنماؤں نے مل کر اسے زیادہ کامیابی سے نافذ کیا۔