ایمان سکینہ
اسلام کی تعلیمات میں بہت سے گہرے موضوعات موجود ہیں لیکن ان میں رزق کا تصور سب سے زیادہ تسلی دینے والا اور روح پرور ہے۔ رزق کو عام طور پر روزی یا معاش کے طور پر سمجھا جاتا ہے لیکن اسلام میں اس کا مفہوم اس سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔ رزق ہر اس نعمت کو کہا جاتا ہے جو انسان کی زندگی کو سہارا دیتی ہے۔ صحت وقت مواقع رشتے علم اور دل کا سکون بھی رزق ہیں۔
جب انسان رزق کو اس گہرائی کے ساتھ سمجھ لیتا ہے تو زندگی میں اطمینان پیدا ہوتا ہے۔ کوشش کا جذبہ مضبوط ہوتا ہے اور اللہ پر بھروسہ غیر متزلزل ہو جاتا ہے۔ پھر انسان جان لیتا ہے کہ اسے ملنے والی ہر چیز سوچے سمجھے انداز میں اس کے لیے مقدر کی گئی ہے۔ جو شخص رزق کو اس جامع انداز میں سمجھتا ہے اس کے اندر کی بے چینی دھیرے دھیرے ختم ہو جاتی ہے۔ لالچ کی جگہ سخاوت آ جاتی ہے۔ دل وقار مقصد اور سکون کے ساتھ زندگی گزارنا سیکھ لیتا ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اس کا رزق اسی نے ناپ کر دیا ہے جو سب بہتر جانتا ہے۔
اسلام یہ تعلیم دیتا ہے کہ رزق کا اصل دینے والا صرف اللہ ہے۔ قرآن بار بار یہی حقیقت یاد دلاتا ہے تاکہ دل انسانوں یا حالات سے وابستہ نہ رہے۔ اللہ فرماتا ہے کہ زمین پر کوئی مخلوق ایسی نہیں جس کا رزق اللہ کے ذمہ نہ ہو۔ اس آیت میں اللہ کا وعدہ بھی ہے اور اس کی نگرانی کا بیان بھی۔ ہر جاندار اللہ کے علم اور اس کی نگرانی میں ہے۔ رزق کبھی بھولتا نہیں اور نہ اپنا راستہ کھوتا ہے۔
اسلام سستی سکھانے والا مذہب نہیں۔ رسول پاک نے محنت کی تعلیم دی۔ حلال ذریعہ اختیار کرنے کا حکم دیا لیکن ساتھ یہ بھی سکھایا کہ کوشش ہماری ذمہ داری ہے جبکہ رزق اللہ کی تقسیم ہے۔ کوشش اور بھروسے کا یہ توازن ہی روحانیت کی پختگی ہے۔عام گفتگو میں رزق کو صرف پیسے تک محدود کر دیا جاتا ہے لیکن اسلام اس سے کہیں زیادہ وسیع اور خوبصورت تصور پیش کرتا ہے۔
رزق میں شامل ہیں
مال جائیداد کاروبار کھانا لباس
صحت اور طاقت یعنی کام کرنے سمجھنے اور چلنے پھرنے کی قوت
علم اور حکمت یعنی وہ سمجھ جو زندگی اور ایمان کو فائدہ دے
رشتے یعنی والدین دوست اہل خانہ اور وہ لوگ جو انسان کا سہارا بنتے ہیں
وقت اور موقع یعنی سیکھنے نیکی کرنے یا ثواب کمانے کی سہولت
دل کی کیفیات یعنی قناعت صبر شکر اور سکون

بہت سے لوگ دولت میں کمزور ہوتے ہیں لیکن ان نعمتوں میں امیر ہوتے ہیں۔ رسول پاک نے فرمایا کہ اصل دولت دل کی خوشحالی ہے نہ کہ مال کی زیادتی۔اسلام میں حلال رزق کی بڑی اہمیت ہے۔ جو مال ایمان داری اور انصاف سے کمایا جائے اس میں برکت پیدا ہوتی ہے۔ جو رزق دھوکے اور ظلم سے حاصل ہو اس میں بظاہر اضافہ تو ہو سکتا ہے لیکن روحانی قدر کھو بیٹھتا ہے۔ حلال کمائی صرف قوانین کی پابندی نہیں بلکہ یہ عہد ہے کہ انسان صاف راستہ اختیار کرتا ہے اور اس پر اللہ کی مدد پر یقین رکھتا ہے۔
رسول پاک نے فرمایا کہ جس شخص کا مال کھانا اور لباس حرام سے ہو اس کی دعا اثر نہیں رکھتی۔ یہ اس بات کی نشانی ہے کہ حلال رزق دل کا معاملہ ہے صرف مالی نہیں۔زندگی کے مشکل مرحلے جیسے بیروزگاری مالی پریشانی یا مواقع میں تاخیر امتحان بھی ہیں اور کبھی حفاظت بھی۔ اللہ کبھی کسی کو اس لیے روکتا ہے کہ وہ تکبر یا نقصان میں نہ پڑ جائے۔ کبھی اس لیے کہ اسے بہتر راستے کی طرف لے جائے۔ کبھی کردار مضبوط کرنے کے لیے اور کبھی یہ بتانے کے لیے کہ دولت مقصد نہیں۔ رزق کی کشادگی ہمیشہ اللہ کی رضا کی علامت نہیں اور تنگی ہمیشہ ناراضی نہیں۔ ہر شخص کا رزق اس کے روحانی فائدے کے مطابق رکھا جاتا ہے۔
اللہ کا وعدہ ہے کہ شکر سے نعمت بڑھتی ہے۔ شکر انسان کے اندر زندگی کی قدر پیدا کرتا ہے۔ پھر وہ ہر وقت اگلے مرحلے کے پیچھے بھاگنے کے بجائے موجود نعمتوں کو دیکھنا سیکھ لیتا ہے۔ قناعت اسے بے چینی سے بچاتی ہے اور طاقت دیتی ہے۔ رزق صرف زیادہ ہونے سے نہیں بڑھتا بلکہ برکت سے بھی بڑھ جاتا ہے۔ یعنی وہی چیز زیادہ کارآمد کافی اور دیرپا ہو جاتی ہے۔
رسول پاک نے فرمایا کہ اگر تم اللہ پر سچا بھروسہ کرو تو وہ تمہیں اسی طرح رزق دے گا جیسے پرندوں کو دیتا ہے جو صبح خالی پیٹ نکلتے ہیں اور شام کو بھرے پیٹ لوٹتے ہیں۔ اس مثال میں عجیب حسن ہے۔ پرندے محنت بھی کرتے ہیں لیکن دل خوف سے آزاد رہتے ہیں۔ ایمان والا بھی یہی رویہ اپناتا ہے۔ کوشش کرتا ہے لیکن دل اللہ پر ٹکا رہتا ہے۔اسلام یہ بھی بتاتا ہے کہ عبادت نیکی صدقہ اور استغفار سے رزق کے دروازے کھلتے ہیں۔ انسان کو ایسے راستوں سے رزق مل جاتا ہے جن کا اسے وہم بھی نہیں ہوتا۔