روسی حملے سے کیوں فکرمند ہیں یوکرین کے تاتارمسلمان؟

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 25-02-2022
روسی حملے سے کیوں فکرمند ہیں یوکرین کے تاتارمسلمان؟
روسی حملے سے کیوں فکرمند ہیں یوکرین کے تاتارمسلمان؟

 

 

کیف:یوکرین میں روسی فوج کی پیش قدمی جاری ہے۔اس صورت حال سے جہاں دنیا فکرمند ہے وہیں یوکرین کے مسلمان بھی تشویش میں مبتلا ہیں۔ خصوصاً کریمیا کے تاتاری اقلیتی مسلمانوں کی تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔1991 میں سویت یونین کے خاتمے کے بعد یوکرین نے خود کو آزاد قرار دیا جس کے بعد کریمیا کے تاتاری مسلمان اپنے گھر یعنی یوکرین کے کریمیا میں واپس آنے کے قابل ہو گئے۔ ان میں قدوسوف بھی تھا۔ یوکرین واپسی کو یاد کرتے ہوئے وہ رو پڑے۔

الجزیرہ سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ 'بزرگ جب پہلی بار جہاز سے اتر کر یوکرین کی سرزمین پر قدم رکھتے تھے تو انہوں نے یوکرین کی مٹی کو چوما۔ لوگ خوشی سے رو رہے تھے… وہ اپنے گھروں کو لوٹ چکے تھے لیکن پھر 2014 میں روس نے یوکرین پر حملہ کر کے یوکرین کے حصے کریمیا کو اپنے ساتھ ملا لیا۔

awaz

تاتاری مسلم خواتین کی ایک پارٹی

کریمیا کے روسی قبضے سے الحاق کے بعد کریمیا کے تاتاری مسلمانوں کو ایک بار پھر کریمیا چھوڑ کر یوکرین فرار ہونا پڑا۔ یوکرین آکر قدوسوف نے دارالحکومت کیف میں کریمین تاتار ریستوران شروع کیا جو لوگوں میں بہت مقبول ہے۔ قدوسوف بھی اپنی زندگی معمول کے مطابق گزارنے لگے تھے لیکن ایک بار پھر روسی حملے کی خبر نے انھیں خوفزدہ کر دیا ہے۔

تاتاری مسلمان، اصل میں ترک نسل کے ہیں، پہلے روس میں رہتے تھے۔ 1944 میں جرمن ڈکٹیٹر ایڈولف ہٹلر کے زوال کے بعد سوویت یونین کے حکمران جوزف سٹالن نے دو لاکھ کریمیائی تاتاریوں کو غیر انسانی طریقے سے ازبکستان جلاوطن کر دیا۔ انہیں مویشیوں کی ٹرین میں لاد کر ملک بدر کر دیا گیا۔

اسٹالن کی حکومت نے تاتاروں پر نازیوں کے ساتھ ملی بھگت کا الزام لگایا۔ اس جلاوطنی کے دوران نصف تاتاری مسلمان مر گئے۔ ان کی موت کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ یا تو کسی بیماری سے مر گئے یا پھر فاقہ کشی کا شکار ہو گئے۔

awaz

یوکرین کی تاتاری بچیاں ایک کلچرل پروگرام میں

یوکرین نے تاتاروں کی ملک بدری کو نسل کشی قرار دیا۔ سوویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد جب یہ تاتاری کریمیا میں اپنے گھروں کو لوٹے تو ان کے ساتھ بھی امتیازی سلوک کیا گیا۔ ان کے مکانات اور زمینیں ضبط کر لی گئیں اور انہیں نہ تو مکان خریدنے کی اجازت دی گئی اور نہ ہی کوئی ان کو اپنے کمرے کرائے پر دینے پر راضی ہوا۔

کیف سے تعلق رکھنے والی 34 سالہ زاہدہ ایڈیلووا کہتی ہیں کہ کریمیا میں ان کی دادی کا اپنا گھر تھا لیکن انہیں 1944 میں سٹالن نے ملک سے نکال دیا تھا۔ روس کے ٹوٹنے کے بعد ان کی دادی اس کے گھر آگئیں لیکن یہاں انہیں مایوسی ہوئی۔

زاہدہ کہتی ہیں، 'وہ اپنے گھر پہنچیں اور دروازہ کھٹکھٹایا۔ گھر کے رہائشیوں کو جب پتہ چلا کہ میری دادی اپنا گھر چاہتی ہیں تو انہوں نے ان کے ساتھ بہت سخت سلوک کیا۔

سوویت یونین میں لوگ تاتاریوں کے بارے میں کہتے تھے کہ وہ نازیوں کی حمایت کرتے تھے اور ان کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جاتا تھا۔ تاہم، بہت سے تاتاریوں نے ہٹلر کی فوج کے خلاف ریڈ آرمی میں بھی خدمات انجام دیں۔

مارچ 2014 میں، روس نے ایک متنازعہ ریفرنڈم کا سہارا لے کر یوکرین کے حصے کریمیا کو اپنے ساتھ ملا لیا۔ 3 لاکھ تاتاری مسلمانوں نے اس ریفرنڈم کا بائیکاٹ کیا اور روس کے خلاف احتجاج میں سڑکوں پر نکل آئے۔

روسی فوجیوں نے تاتاریوں اور دیگر مظاہرین پر طاقت کا استعمال کیا اور بہت سے مظاہرین غائب ہونے لگے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اس دوران ایک تاتاری مسلمان مظاہرین لاپتہ ہو گیا اور چند روز بعد اس کی لاش گہرے زخموں کے ساتھ ملی۔

قدوسوف یہ دیکھ کر دنگ رہ گئے اور اپنے چار بچوں اور بیوی کے ساتھ کریمیا چھوڑ کر یوکرین چلے گئے۔

بعد ازاں روسی حکام نے کریمیا میں تاتار تنظیم میزلیس پرپابندی عائد کر دی۔ روس نے کہا کہ یہ ادارہ ایک انتہا پسند تنظیم ہے جس پر بندش ہے۔ ایک تاتاری ٹی وی چینل بھی بند کر دیا گیا۔ تاتاری آبادی کا تقریباً 10 فیصد حصہ کریمیا سے یوکرین چلاے گیا۔

روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے اور یوکرین کے کئی حصوں سے گولیوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ ایسی صورت حال میں بھی قدوسوف کو امید ہے کہ یوکرین کی فوج روس پر فتح حاصل کر لے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ یوکرین کی فوج 2014 کے مقابلے میں اب مضبوط ہے اور وہ یقینی طور پر جیت جائے گی۔ قدوسوف کو یہ بھی امید ہے کہ یوکرین کریمیا کو دوبارہ متحد کر دے گا۔ وہ کہتے ہیں، 'کریمیائی تاتاری یقیناً دوبارہ واپس آئیں گے۔

میرے دادا دادی کو جلاوطن کر دیا گیا اور 45 سال تک قید کر دیا گیا لیکن وہ ہمیشہ مجھ سے کہتے تھے کہ ہم ایک دن لوٹیں گے اور وہ دن آگیا جب ہم واپس آئے۔ سورینا سیٹویلیف نے ایک کریمیائی تاتاری مسلمان سے شادی کی ہے۔

وہ ایک تاتاری ریستوراں چلاتی ہیں جو گرم ریت پر تیار کی گئی سوپ، پیسٹری ڈمپلنگ اور روایتی ترک کافی پیش کرتی ہے۔ ان کا یہ بھی ماننا ہے کہ ایک دن کریمیا دوبارہ یوکرین کا حصہ ہو گا۔ یوکرین نے تاتاریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں اور وہ ملک میں ہر شعبے میں یوگدان دےرہے ہیں۔

کمیلا یورچینکو یوکرین کے مسلمانوں کی مذہبی انتظامیہ میں کام کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ تاتاری اقلیت یوکرین کی مسلم کمیونٹی کا اٹوٹ حصہ ہے۔ یوکرین میں تقریباً 400,000 مسلمان آباد ہیں جن میں سے زیادہ تر کریمین تاتار ہیں۔ جبکہ ان کے علاوہ یوکرین کے دارالحکومت کیف میں تقریباً دس لاکھ مسلمان رہتے ہیں جن میں سے اکثر کا تعلق ازبکستان، آذربائیجان اور قازقستان سے ہے۔

کیف کی الرحمہ مسجد میں بچے اپنی مادری زبانوں بشمول کریمیائی تاتاری میں تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔ العربیہ نیوز سے بات کرتے ہوئے کریمین تاتار نیشنل موومنٹ کے بین الاقوامی امور کے مشیر ہاکان کریملی کا کہنا ہے کہ روسی حملہ تاتاریوں کے لیے مکمل خودکشی ثابت ہوگا۔

انہوں نے یاد کیا کہ 1944 میں روس نے تاتاریوں کو جلاوطنی میں بھیج دیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ 'وہ کسی بھی قیمت پر یوکرین میں ہی رہیں گے اور کسی بھی طرح روس نہیں جانا چاہیں گے۔'

ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ تاتاری مسلمانوں پر روسی حملے کا وہی اثر پڑے گا جیسا کہ یوکرین میں دیگر کمیونٹیز پر ہوگا کیونکہ یوکرین کی حکومت مذہبی بنیادوں پر منقسم نہیں ہے۔