گوپال اور بشیر۔۔۔ 74 سال بعد کرتار پور میں ملے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
کب کے بچھڑے۔۔۔ 74 سال بعد کرتار پور میں ملے
کب کے بچھڑے۔۔۔ 74 سال بعد کرتار پور میں ملے

 

 

 کرتار پور: یہ کسی فلم کا منظر نہیں تھا بلکہ حقیقت تھی جو سات دہائیوں سے بچھڑے دوست ایک دوسرے کے سامنے آگئے۔

یوں تو کہا جاتا ہے کہ کمبھ  میں بچھڑے مل گئے لیکن اس معاملہ جو برسوں کے بعد ملے وہ  تقسیم ملک کے دورا ن  جدا ہوئے تھے۔ جب ایک ملک کے دو ٹکڑے ہوئے تھے۔ درمیان میں سرحد کی لکیر کھینچ گئی تھی۔

دراصل ہندوستانی حکومت نے17 نومبر کو کرتارپور راہداری کھولنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے ہزاروں سکھ زائرین ہندوستان سے پاکستان آئے۔

ہزاروں سکھ زائرین کی پاکستان آمد پر تقسیم ہند کے وقت بچھڑنے والے 2 دوست بھی کرتار پور میں مل گئے۔

 حال ہی میں ہندوستان سے گوپال سنگھ کرتار پور صاحب کی زیارت کرنے کیلئے پاکستان پہنچے تو وہاں ان کی ملاقات اپنے بچھڑے ہوئے دوست بشیر سے ہوگئی ۔جو پاکستان کے شہر نارووال میں رہتے ہیں ۔

 خبروں کے مطابق 1947 میں ہندوستان کی تقسیم کے دوران سردار گوپال سنگھ اور ان کے دوست محمد بشیر ایک دوسرے سے الگ ہوگئے تھے ، مگر سرحدوں کی تقسیم کے باوجود ان کی دوستی ختم نہیں ہوئی ۔ اب جب  74 سال بعد دونوں ملے تو گوپال کی عمر  94 سال  اور  بشیر کی91سال ہے۔

ان کی دوستی کی کہانیاں سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنی ہوئی ہیں۔ حال ہی میں جب گوپال سنگھ ہندوستان سے کرتارپور صاحب کے دورے پر آئے تو ان کی ملاقات اپنے پرانے دوست بشیر سے ہوئی جو پاکستان کے ناروال میں رہتے تھے۔

 جب وہ چھوٹے تھے تو دونوں گردوارہ آیا کرتے تھے۔ یہاں ملاقات میں گھنٹوں گزارتے تھے۔ اکٹھے مزے کرتے تھے۔ چائے اور ناشتہ کیا۔ کرتار پور راہداری کھلی تو بشیر بھی وہاں پہنچ گئے اور دونوں دوست ملے۔