خاموشی سے گزرگئی مرزاغالب کی152 ویں برسی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 3 Years ago
عظیم شاعر مرزاغالب کی دلی میں آخری آرامگاہ
عظیم شاعر مرزاغالب کی دلی میں آخری آرامگاہ

 

 

نئی دہلی:

ہوئی مدت کہ 'غالب' مَر گیا پر یاد آتا ہے

وہ ہر اک بات پر کہنا کہ یوں ہوتا تو کیا ہوتا

کیا یہ شعر کہنا غالبؔ کی خوش فہمی تھی؟ سوال اس لئے اٹھ رہا ہےکہ غالبؔ کی برسی پندرہ فروری کوگزرگئی مگرشہرغالب میں سناٹاچھایا رہا۔ کسی اخبارمیں ایسی ایک خبر بھی نظر نہیں آئی جس میں کسی تنظیم نے اس موقع پر کسی تقریب کا اہتمام کیا ہو۔غالب انسٹی ٹیوٹ اور غالب اکادمی جیسے اداروں نے بھی شاید انھیں یاد نہیں کیا۔ اخبارات میں کوئی گوشہ غالبؔ پر نہیں شائع ہوااور نہ ہی کسی اردو رسالے نے ان پر مضامین شائع کئے۔ ایسا لگتا ہے کہ خواہ غالبؔ کی تتبع دنیاکے بڑے بڑے اہل فن کرتے ہوں مگر آج ان کا اپنا شہرانھیں بھولتا جارہاہے۔ غالبؔ کی ولادت آگرہ میں ہوئی تھی مگر بچپن میں ہی وہ دہلی آگئے اور پھر یہیں کے ہورہے۔ ان کی قبر بھی دلی میں بنی مگرآج اسی شہرمیں کوئی انھیں ان کی برسی پر بھی یادکرنے والا نہیں۔

غالب مرزا غالب 27 دسمبر 1797 کو آگرہ میں پیدا ہوئے۔ 5 سال کی عمر میں والد کی وفات کے بعد غالب کی پرورش چچا نے کی تاہم 4 سال بعد چچا کا سایہ بھی ان کے سر سے اٹھ گیا۔ مرزا غالب کی 13 سال کی عمر میں امرائو بیگم سے شادی ہوئی جس کے بعد انہوں نے اپنے آبائی شہر کو خیرباد کہہ کر دہلی میں مستقل سکونت اختیار کرلی۔ غالب شروع میں فارسی میں شاعری کرتے تھے اور اُس زمانے میں ’’اسد‘‘ ان کا تخلص تھا تاہم آگرہ سے دہلی آبسنے کے بعد انہوں نے اردو میں بھی شاعری کی۔

مرزا غالب اردو شاعری کا ایسا اثاثہ تھے جو ساری زندگی’ خرچ‘ کرنے پر بھی شاید ختم نہ ہو۔ غالب 15 فروری 1869 کو دہلی میں جہانِ فانی سے کوچ کرگئے لیکن جب تک اردو زندہ ہے ان کا نام بھی قائم و دائم رہے گا۔ غالب کی متعدد کتابیں آچکی ہیں جن میں ’دیوان ِ غالب‘،’آپ کے خطوط‘،’شرح دیوانِ غالب‘ اور ’کلیات مکتوبات ِ فارسی غالب‘ وغیرہ شامل ہیں۔

مرزا غالب پر کچھ فلمیں بھی بنائی گئیں۔ 1954 میں فلم ’مرزا غالب‘ بنی جس میں غالب کا اہم کردار بھرت بھوشن نے ادا کیا۔حکومت ہند نے اسے بیسٹ فلم کا ایوارڈ دیاتھا۔ سن 1988 میں فلمی شاعر ادیب گلزار نے بھی ’مرزا غالب ‘ کے نام سے ایک ٹی وی سیریل بنایا تھا، جس میں غالب کا کردار نصیر الدین شاہ نے ادا کیا تھا۔