دہلوی خاندان جس نے اردو کی ’شمع‘ کو جلائے رکھا

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 12-02-2022
دہلوی خاندان جس نے اردو کی ’شمع‘ کو جلائے رکھا
دہلوی خاندان جس نے اردو کی ’شمع‘ کو جلائے رکھا

 



 

منجیت ٹھاکر

آپ نے دہلی کے آصف علی مارگ پر واقع اس عمارت کو بھی شایدنہیں دیکھا ہوگا جس کی چھت پر پیپل کے درخت اگ رہے ہیں اور جس پر بورڈ کی عمارت بھی پڑھنے کے قابل نہیں ہے۔ یقیناً یہ ایک ستم ظریفی ہے۔ یہ اردو کے مشہور رسالے ’شمع‘ کا دفتر تھا اور ’شمع‘ وہ رسالہ تھا، جس کی کاپی حاصل کرنے کے لیے لوگ دیوانہ وار بھاگتے تھے۔ اس کے قارئین کا طبقہ سرحدوسیما سے بلند تھااوفر دنیا بھر میں پھیلا ہواتھا۔یہاں تک کہ اس کے پاکستانی قارئین کے لیے رسالے کی کاپیاں کراچی اسمگل کی جاتی تھیں۔ چند دہائیاں قبل دہلی میں بہت سے لوگ اردو پڑھنا جانتے تھے اور ایسے لوگوں میں شاید ہی کوئی ہو گا جس نے 'شمع' نہ پڑھا ہو۔

شمع اپنے وقت کا ماہانہ ادبی اور فلمی رسالہ تھا۔ اور لوگوں کے دلوں میں اس کا ایسا مقام ہے کہ اسے جاننے والے اسے بڑی تکلیف سے یاد کرتے ہیں۔ صرف دہلی ہی کیوں، یہاں سے بارہ سو کلومیٹر دور جھارکھنڈ کے چھوٹے سے خوبصورت قصبے مدھو پور میں، چھیالیس برس کی شگفتہ پروین آہ بھرتی ہوئی کہتی ہیں، ’’شمع یہاں اسٹیشن کے بک اسٹال پر بڑی مشکل سے ملتا تھا۔ . ہم کتب فروش سے شمع کی کاپیاں منگواتے تھے۔

awazurdu

وہ شمع جو بجھنے کے باوجود ذہنوں میں روشن ہے


شگفتہ کی بات درست ہے، 1950 کی دہائی کے اواخر سے 1980 کی دہائی کے آخر تک، 'شمع' شہرت کا حامل تھا اور اس کی کاپیاں پاکستان اسمگل کی جاتی تھیں۔

یوسف دہلوی شمع کے بانی

اس رسالے کے بانی محمد یوسف دہلوی تھے۔ اگرچہ دہلوی خاندان کو شہرت پہنچانے کی بنیاد محمد یوسف دہلوی اور ان کے رسالہ شمع نے رکھی لیکن ان کی تاریخ بہت پرانی ہے۔میگزین نے انہیں دور جدید میں پہچان تو دلائی لیکن ان کی خاندانی روایت بہت قیمتی رہی ہے۔ اس خاندان کی ایک درخشندہ ستارہ سعدیہ دہلوی (مرحومہ) نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ 17ویں صدی میں مغل بادشاہ شاہ جہاں کے حکم پر ایک چھوٹا سا گروہ مغربی پنجاب سے دہلی پہنچا تھا اور یہاں آکر آباد ہوا۔ اس خاندان کے پاس شاندار کھانوں کی میراث تھی۔ اور دہلوی کھانوں کی روایت میں کچھ پکوانوں کا حصہ بھی اسی خاندان کا ہے۔

تاہم اس خاندان کے محمد یوسف دہلوی نے 1939 میں رسالہ شمع کی اشاعت کا آغاز کیا۔ محمد یوسف دہلوی کے تین بیٹے تھے جنہوں نے رسالہ شمع کی حالت اور سمت کا فیصلہ کیا۔ ان میں سب سے بڑے یونس دہلوی، منجھلے ادریس دہلوی اور سب سے چھوٹے الیاس دہلوی تھے۔ اس رسالے کی مقبولیت ایسی تھی کہ ’’شمع‘‘ اور ’’کھلونا‘‘ کو لندن، کراچی اور نیویارک لے جانے کے لیے خصوصی پروازیں بک کرائی جاتی تھیں اور ان کے ساتھ تینوں بھائی یونس، الیاس اور ادریس بھی جاتے تھے۔ یونس کی ڈیوٹی ایئر انڈیا یا پی آئی اے کراچی سیکٹر پر تھی۔

یوسف دہلوی کے بعد محمد یونس دہلوی ایڈیٹر بنے۔ یونس اس میگزین کے منیجنگ ایڈیٹر تھے اور ان کی اہلیہ زینت قیصر بھی اس میگزین کے کام کی نگرانی کرتی تھیں۔ یونس دہلوی انڈین اینڈ ایسٹرن نیوز پیپر سوسائٹی (آئی ای این ایس) کے صدر (1969-70) ہونے کے علاوہ آڈٹ بیورو آف سرکولیشن لمیٹڈ (اے بی سی) کی گورننگ کونسل کے رکن تھے۔

awazurdu

شمع کے پرانے شمارے 


وہ دنیا بھر میں کئی اردو ایوارڈز کے فاتح تھے۔ انہیں اردو دہلی ایوارڈ، ایڈنبرا اردو سرکل، جان گلکرسٹ گولڈ میڈل، ساحر ایوارڈ اور دیگر کئی اعزازات ملے۔ ایسا نہیں ہے کہ دہلوی خاندان صرف اشاعت کے کاروبار سے وابستہ تھا۔

شمع گروپ کے بانی محمد یوسف دہلوی کے پوتے اور الیاس دہلوی کے بیٹے محسن دہلوی نے بھی دہلوی نیچرلز کے نام سے ایک کمپنی بنائی تھی۔ یہ کمپنی یونانی اور آیورویدک دوائوں کی تیاری اور مارکیٹنگ میں مصروف ہے۔ 1978 میں محسن دہلوی نے اپنے دادا کے ہربل مینوفیکچرنگ کے کاروبار میں شمولیت اختیار کی (1926 میں قائم کی گئی تھی)۔ بہت ہی کم وقت میں، دہلوی نیچرلز ہندوستان کی سب سے معزز کمپنیوں میں سے ایک بن گئی۔

زینت قیصر اور یونس دہلوی کے خاندان میں مشہور مصنفہ سعدیہ دہلوی ( مرحومہ) بیٹے وسیم احمد، ان کی بیٹی اور ممبئی میں رہنے والے پوتے علی احمد کے بارے میں معلومات موجود ہیں۔ علی احمد گروگرام میں رہتے ہیں۔

اس کی ترقی کے سفر میں دیگر معاون رسالے بھی شامل ہوئے۔ 'بانو'، 'شبستان'، 'کھلونا'، 'مجرم'، 'دوشی' (ہندی میں)، 'آئینہ' اور 'سشما'۔ اس میں 'سشما' 'شمع' کے مواد کی دیوناگری نقل یا ہندی کاری تھی۔ 'شمع' اور 'کھلونا' جیسے رسالے نہ صرف ہاتھوں ہاتھ بکے بلکہ 'بلیک' میں بھی فروخت ہوئے۔

معمے جنون اور ایندھن

'شمع' کی مقبولیت کی ایک اور وجہ اس کا 'معمہ' (ادبی پہیلی) تھا، جہاں اردو ناولوں کے الفاظ دیئے جاتے تھے اور درست بھرنے والوں کو لاکھوں روپے انعام دیئے جاتے تھے۔ تاہم، اردو پڑھنے والوں کی کم ہوتی تعداد اور پڑھنے لکھنے میں ان کی کم ہوتی دلچسپی کی وجہ سے، شمع کی اشاعت 1999 میں رک گئی۔ لیکن دہلوی خاندان، جو شمع کی دیکھ بھال کرتا تھا، خود اس قدر قابل اور باصلاحیت رہا ہے کہ کور اسٹوری بن سکتا ہے۔

لفظوں کی سانپ سیڑھی کے کھیل یعنی معمہ کا تجربہ شمع کو مزید مقبول بنا گیا تھا۔حقیقت یہ ہے کہ یونس دہلوی نے اردو رسائل و جرائد کی دنیا میں معموں کی ابتدا کر کے ایک ماہر نفسیات کی طرح داو کھیلا تھا۔اردو داں طبقے پر ایک نفسیاتی حربہ آزمایا تھا۔ انسانن کی آسانی سے دولت کمانے کی فطرت کو استعمال کیا تھا۔ معمہ بازی میں خطیر رقموں کے انعامات کی پرکشش اور ترغیب دلانے والی پیش کش نے دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں لوگوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا اور شمع کا سرکولیشن چند ہی سالوں میں ایک لاکھ سے تجاوز کر گیا۔

یہ ماہنامہ "شمع" کے شباب کا دور تھا۔ معمے کی اختراع نے شمع کو چند ہی سالوں میں کہیں سے کہیں پہنچا دیا لیکن جب لوگوں کو دولت مند بنانے کی اس سہل سے نسخے پر " جوا ایکٹ کی پرچھائیاں پڑیں تو قانونی مجبوریوں کے تحت معمہ بند کرنا پڑا جس کے نتیجے میں سرکولیشن بری طرح متاثر ہوئی۔ مالکان کو اس حقیقت کا ادراک ہوا کہ شمع کی تمام تر مقبولیت اور بڑھتی ہوئی سرکولیشن صرف معموں کی وجہ سے تھی اور معموں کے بغیر شمع اپنے پیروں پر کھڑا بھی نہیں رہ سکتا۔ بہت کوشش کے باوجود کوئی دوا اور تدبیر کام نہیں کرسکی۔ہر ماہ غیر معمولی تعداد میں حاصل ہونے والی آمدنی کے قصہ پارینہ بن جانے کی وجہ سے اخراجات میں کٹوتیوں کا دور شروع ہوا اور مسلسل نقصان کے نام پر آخر ایک دن شمع کا قصہ تمام ہوا۔

جھگڑوں نے کیا خاندان کو منتشر

دہلی کےسردار پٹیل مارگ پر واقع ان کا پرتعیش بنگلہ ہمیشہ پرفیوم اور خوشبودار سالنوں سے مہکتا رہتا تھا اور ستاروں کی آمد سے جگمگاتا تھا۔ دہلی آنے والا ہر فلمی ستارہ اس گھرمیں آکر فخر محسوس کرتا تھا۔ تاہم، 1999 میں میگزین کے بند ہونے کے چار سال بعد، دہلوی خاندان نے بنگلہ بھی بیچ دیا۔

اس خاندان کی حیرت انگیز خصوصیت یہ ہے کہ یونس دہلوی نے 1943 سے 1994 تک اپنے والد کے شروع کردہ رسالے کو خوش اسلوبی سے جاری رکھا۔ حاجی یوسف دہلوی کا شروع کیا ہوا اشاعتی ادارہ اردو کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا رہا اور 1943 سے 1994 تک یہ دنیا میں اردو رسائل کا سب سے بڑا اشاعتی ادارہ رہا۔

جانکاروں کا کہنا ہے کہ اس کے بعد خاندان میں جھگڑے بڑھ گئے اور خاندان تقسیم ہو گیا، بچوں کی انا پر رسالے قربان ہو گئے۔ یونس دہلوی کا انتقال 7 فروری 2019 کو ہوا۔ انہیں سینکڑوں لوگوں کی موجودگی میں قرول باغ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

ایک وقت تھا جب شمع اردو ماہنامہ لاکھوں کاپیوں میں چھپتا تھا اور اس کی مانگ ٹائمز آف انڈیا جیسے اخبار یا دی السٹریٹڈ ویکلی جیسے ہفتہ وار اخبار سے زیادہ تھی۔ دلیپ کمار، اشوک کمار، راج کپور، آشا پاریکھ، نوتن، نرگس، راج کمار، سنجیو کمار، محمد رفیع، ملکہ پکھراج اور ان جیسے بہت سے دوسرے فلمی اداکار سردار پٹیل مارگ پر یونس کے بنگلے میں اکثر آتے تھے۔

اس وقت کے اردو کے مشہور شاعر اور ادیب جیسے خواجہ احمد عباس، حفیظ جالندھری، حسرت جے پور، قتیل شفائی، عصمت چغتائی، سلام مچھلی شہری، رضیہ سجاد ظہیر، کرشن چندر، راجہ مہدی علی خان، بلونت سنگھ، کنہیا لال کپور۔ رام پال، ساحر لدھیانوی، رام لعل، سراج انور، بشریٰ پردیپ، شفیع الدین نیر، کیف احمد صدیقی، ڈاکٹر کیول دھیر، کے پی سکسینہ، اظہر افسر، پرکاش پنڈت، عادل رشید، ایم ایم راجندر، جیلانی بانو، نریش کمار شاد، ابرار محسن، مسعودہ حیات، عشرت رحمانی، ابرار محسن، خلیق انجم کے علاوہ بھی بہت سے دوسرے قلمکاروں کا یہاں آنا جانا تھا

۔ 1940 سے 1990 درمیان یہ سلسلہ جاری رہا۔ یہ چہل پہل شمع اور کھلونا جیسے رسالوں کی وجہ سے تھی۔  پرانے پرستار اب بھی اسے پرانی کتابوں کے ڈھیر میں ڈھونڈتے ہیں لیکن بیکار۔ بے شک اردو کی 'شمع' بجھ چکی ہے لیکن چھ دہائیوں تک ادب میں اس کو روشن رکھنے والے دہلوی خاندان کا نام سنہری حرفوں میں لکھا ہوا رہے گا۔