کشمیر میں برفباری ،دلی و شمالی ہند میں سردی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-01-2021
صبح کے وقت کہرے کا منظر
صبح کے وقت کہرے کا منظر

 

نئی دہلی:شمالی ہند میں سخت سردی کا سبب کشمیر اورپہاڑی علاقوں میں برف بری ہے. قومی راجدھانی میں جمعہ کی صبح کم از کم درجہ حرارت معمول سے قریب پانچ ڈگری کم درج کیا گیا اور ٹھنڈ اور کہرے کے حالات برقرار رہے۔حالانکہ ایک دن قبل کہرا زیادہ تھا. 
کہرے کی وجہ سے قومی دارالحکومت خطے اور اس کے آس پاس حد بصارت کی سطح 50 میٹر سے بھی کم رہا۔ شمالی ریلوے کے ایک افسر نے بتایا کہ کہرے کی وجہ سے کم از کم 27 ٹرینیں دیری سے چلیں ۔
حالانکہ فی الحال دھوپ کھلی ہوئی ہے اور دن صاف ہے مگر سردی برقرار ہے. 
دہلی کا مکمل فضائی معیار ’بہت خراب‘ زمرے میں برقرار ہیں اور فضائی معیارانڈیکس 346 ہے۔
فضائی معیار اور موسم کی پیشن گوئی اور تحقیقی نظام (ایس اے ایف اے آر)کے مطابق،نمی کی سطح 89.10 فیصد درج کی گئی اور ہوا جنوب مشرقی سمت میں ایک میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے چل رہی تھی۔
ایک دن پہلے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19.4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا تھا جو معمول سے تین ڈگری کم تھا۔آئی ایم ڈی کی پیشن گوئی کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے جبکہ ہفتے کو بھی اسی طرح کے حالات بنے رہنے کے آثار ہیں۔
 وادی کشمیر میں اگرچہ سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان کی بادشاہت اختتام پذیر ہونے کو ہے لیکن ٹھٹھرتی ٹھنڈ سے لوگوں کو کوئی راحت نصیب نہیں ہو رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے منفی درجہ حرارت سے زائد از 2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔
بتادیں کہ سری نگر میں 14 جنوری کو رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جس سے سردیوں کا پچیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 10.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
متعلقہ محکمے کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 31 جنوری تک موسم خشک رہ سکتا ہے تاہم 2 اور3 فروری کو ہلکے درجے کی برف باری متوقع ہے۔
دریں اثنا وادی کشمیر میں جمعے کے روز بھی موسم اگرچہ خشک رہا لیکن سردیوں کا زور برابر جاری رہنے سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات سے دو چار ہونا پڑا۔
(ایجنسی ان پٹ کے ساتھ)