سعودی عرب: بلیوں کا پہلا فائیو اسٹار ہوٹل

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 27-07-2022
سعودی عرب: بلیوں کا پہلا فائیو اسٹار ہوٹل
سعودی عرب: بلیوں کا پہلا فائیو اسٹار ہوٹل

 

 

ریاض:سعودی خاتون ھدی العتیبی نے سعودی عرب میں بلیوں کا پہلا فائیو سٹار ہوٹل قائم کر دیا ہے۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر بلیوں کے ہوٹل کی اطلاع غیرمعمولی طور پر مقبول ہو گئی ہے۔ گھروں میں بلیاں پالنے والے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے حلقوں میں بلیوں کے پہلے ہوٹل کے قیام کی خبر کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

ھدی العتیبی بزنس مینجمنٹ میں ڈگری ہولڈر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بچپن ہی سے انہیں بلیاں پسند ہیں۔ 20 برس سے بلیوں کا مطالعہ کر رہی ہوں۔ ان کے بارے میں ہر چھوٹی بڑی بات جاننے پر دھیان دیتی ہوں۔ انہوں نے بلیوں کا ہوٹل کھولنے سے متعلق خیال کے بارے میں کیے جانے والے سوال پر کہا کہ میرے علم میں یہ بات آئی تھی کہ ہمارے یہاں پہلے بھی اس قسم کی کوششیں ہو چکی ہیں۔ ’کئی لوگ اس کا تجربہ کر چکے ہیں لیکن تمام کوششیں انفرادی نوعیت کی رہیں۔ کسی نے بھی بلیوں کے ہوٹل کا لائسنس حاصل نہیں کیا۔‘

ھدی العتیبی کا کہنا تھا کہ دو برس پہلے کی بات ہے کہ میں نے وزارت زراعت و ماحولیات و پانی جا کر اس بات کی خواہش ظاہر کی۔ مجھے لائسنس حاصل کرنے میں دو برس کا عرصہ لگ گیا۔ ’بلیوں کے ہوٹل کا لائسنس حاصل کرنا کوئی آسان کام نہ تھا۔ اس کے لیے مجھے بھرپور مطالعہ کرنا پڑا۔ میں نے برطانیہ اور امریکہ سے دو ڈپلومہ کیے۔-

Awaz

وزارت ماحولیات کی بنیادی شرط یہ تھی کہ ڈپلومہ ہولڈر کو ہی بلیوں کے ہوٹل کا لائسنس جاری کیا جا سکتا ہے۔ ھدی العتیبی نے بتایا کہ بلیوں کے ہوٹل کا ایک حصہ بلی پالنے والوں کے لیے خاص ہے۔ بلیاں رکھنے والے سفر کرتے ہیں یا ان کے خاندان میں کوئی ہنگامی صورتحال پیش آتی ہے یا کبھی کبھار ایسا ہوتا ہے کہ وہ اپنی بلیوں کے لیے یکسو نہیں ہو پاتے تو ایسی صورت میں انہیں بلیوں کی خاطر ہوٹل کی سروس حاصل کرنا پڑتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہوٹل میں بلیوں کی صحت، ذہنی حالت اور علاج کا شعبہ بھی قائم کیا گیا ہے۔ مالکان کو بکنگ کرانا پڑتی ہے۔ ان سے دریافت کیا جاتا ہے کہ کتنے وقت کے لیے وہ اپنی بلی کو ہوٹل میں رکھنا چاہیں گے۔ ہوٹل میں ایک لاؤنج ہے جہاں مختلف قسم کی 25 بلیاں ہیں۔

مالکان کو بتایا جاتا ہے کہ ان کی بلیوں کو کیا سہولیات دی جائیں گی۔ ہمارے یہاں ہر قسم کی بلی کے لیے سپیشل سوٹس ہیں۔ ہوٹل بلیوں کو اعلٰی درجے کی آسائش اور ہر طرح کا آرام و راحت فراہم کر رہا ہے۔ ھدی العتیبی نے ایک دلچسپ بات یہ بتائی کہ ہمارے یہاں ہوٹل میں جو بلیاں لائی جاتی ہیں ان میں سے ہر ایک کی ہیلتھ فائل بھی ہوتی ہے۔ کس بلی کو کون سی ویکسین دی جا چکی ہے اور کون سی دی جانی ہے اس حوالے سے تفصیلات بھی مہیا ہوتی ہیں۔ ’ہمارا ہوٹل بلیوں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں دیتا۔ بلیوں کے ساتھ ہمارے یہاں بہترین برتاؤ کیا جاتا ہے۔‘ انہوں نے توجہ دلائی کہ بلیاں کس حالت میں ہیں، آیا وہ مطمئن ہیں یا نہیں یہ جاننے کے لیے ان کے مالکان کو سی سی کیمرہ سسٹم کے ذریعے 24 گھنٹے باخبر رکھا جاتا ہے۔ رات کے وقت جب لائٹ بند کی جاتی ہے تب بھی یہ کیمرے موثر ہوتے ہیں۔ مالکان اپنی بلی سے کسی بھی وقت رابطہ کر سکتے ہیں۔