مشہوریونانی دوائیں جو ہر دور میں سدابہارہیں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-09-2021
مشہوریونانی دوائیں جو ہر دور میں سدابہارہیں
مشہوریونانی دوائیں جو ہر دور میں سدابہارہیں

 

 

غوث سیوانی،نئی دہلی

یونانی طریقہ علاج،دنیا کے قدیم طریقہ ہائے علاج میں شامل ہے۔ اس میں اخلاط اربعہ (بلغم، خون، صفرا اور سودا) جو انسانی بدن کی بنیاد ہیں اور ان سے پیدا شدہ مزاج کو بنیاد بناکر امراض کی تشخیص کی جاتی ہے۔ ہندوستان میں صدیوں سے اس طب کا رواج چلا آرہا ہے اور آج بھی جاری ہے۔ طب یونانی کو متبادل طب کے طور پر دیکھا جاتاہے اور بعض امراض میں یہ بے حد کارگرہے۔

ہندوپاک میں کئی کمپنیاں یونانی دوائیں تیارکرتی ہیں مگر ہمدردکا نام زیادہ معروف ہے جس نے یونانی کے سینکڑوں پروڈکٹ تیارکئے ہیں اور دنیا بھر میں پہنچایاہے۔ بہرحال یونانی کی کچھ دوائیں بے حد مشہور ہیں اور ان کے بازار پر کسی بھی دوااور کمپنی کے آنے اور جانے کا کوئی اثر نہیں پڑتا۔ایسی ہی کچھ دوائوں اور اثرات کے تعلق سے ہم ذیل میں کچھ جانکاری فراہم کر رہے ہیں۔

خمیرہ مروارید

موجودہ دور کورونا کے دور ہے۔ دنیا بھر میں کروڑوں افراد اس کے زیر اثر آچکے ہیں اور لاکھوں لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ایسے میں جب کہ اس وائرس کا کوئی علاج نہیں ہے تب حکیموں نے خمیرہ مروارید کو آگے بڑھایا جو دل ودماغ اور بدن کو قوت دینے کے ساتھ ساتھ جسم میں مرض سے لڑنے کی طاقت پیدا کرتاہے۔ گزشتہ دنوں وزارت آیوش کے تحت چلنے والے سی سی آر یوایم نے ایسی کئی مفرد ادویات بھی پیش کی تھیں جو بدن میں امیونیٹی کو بڑھاتی ہیں۔

شربت روح افزا

یہ شربت کے ساتھ ساتھ دوا بھی ہے جس کو بنانےمیں تقریباً ستر اجزاکا استعمال ہوتاہے۔ یہ بے حد مقبول ہے اور سب سے زیادہ فروخت ہونے والا شربت ہے، اس کی سالانہ لاکھوں بوتلیں فروخت ہوتی ہیں۔ خاص طور پرگرمیوں میں اس کی فروخت بڑھ جاتی ہے اور رمضان کے روزے کے ساتھ تو اس کا تعلق لازم وملزوم جیساہے۔

سنکارا

ہمدردکمپنی کا سنکارا بھی بہت مقبول ہے مگر اس کی مقبولیت شربت روح افزاجیسی نہیں ہے۔ یہ ایک ٹانک ہے جو جسمانی طاقت میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ قوت مدافعت میں بھی اضافہ کرتاہے۔اسی طرح بچوں کے لئے ایک دوانونہال کے نام سے آتی ہے جو پہلے زیادہ مقبول تھی مگر اب اس کا نام کم ہی سننے میں آتاہے۔

جوارش شاہی

یہ یونانی کی مشہور دواہے جسے بہت سی کمپنیاں بناتی ہیں۔اس کے فوائد بے شمار ہیں۔ مالیخولیا، خفقان، گیس اور قبض میں بے حد مفید ہے۔مقویٔ قلب واعضائے رئیسہ ہے۔کھانے میں بے احتیاطی سے بدہضمی وغیرہ ہوجاتی جس میں فائدہ مندہے۔ اس سے بھوک میں اضافہ ہوتا ہے۔

جوارش کمونی

جوارش شاہی کی طرح جوارش کمونی بھی مشہورہے۔ یہ دواگیس، قبض، جلن، بواسیر، پتے کی پتھری، بلغمی کھانسی، ہچکی، کھٹی ڈکاریں، رطوبات معدہ سمیت دیگر امراض معدہ میں مفید ہے۔

جوشاندہ

سب سے زیادہ شہرت کی حامل یونانی دوائوں میں جوشاندہ بھی شامل ہے۔ یہ کئی مفردات کو جمع کرکے بنایاجاتاہے جن میں ختمی کے بیج، ساپستہ کے سوکھے پھل، خبازی کے بیج، عناب کے سوکھے پھل، مولیٹھی کی سوکھی جڑاور گائوزبان کی پتیوں کوشامل کیا جاتاہے۔ جوشاندہ آسانی سے بازار میں دستیاب ہوتاہے اور خوب فروخت ہوتاہے۔ یہ گلے کی خراش، کھانسی، بلغم ، سردی اور زکام کی وجہ سے سینے میں پیدا ہونے والئ جکڑن وغیرہ کے لئے مفید ہے۔ جوشاندہ کے فارمولے والی بہت سی دوائیں بھی بازار میں ملتی ہیں جو زکام، کھانسی وغیرہ کے لئے مفید ہیں۔

روغن بادام شیریں

یہ تیل ہی نہیں، معروف یونانی دوا بھی ہے۔یہ پینے اور مالش کے کام میں آتاہے۔ یہ کولیسٹرول، امراض قلب اور شوگرمیں مفید ہے نیزوزن کم کرنے میں مددگارہے۔ یہ تیل آنتوں کی صحت کے لئے مفید رہتاہے ۔ قبض اورآنتوں کے کینسر سے بچاتاہے۔کان درد، ایگزیما جلد اور بالوں کے لئے مفید ہے۔

سعالین

مشہوریونانی دوائوں میں سعالین بھی شامل ہے۔ یہ دواکی تمام دکانوں پرمل جاتی ہے۔ سعالین کی گولیاں کھانسی میں مفید مانی جاتی ہیں۔ خاص طور پر اسے منہ میں دبالیں تو کھانسی میں راحت کا احساس ہوتاہے۔

دیگردوائیں

یوں تو یونانی میں ہر قسم کی دوائیں موجود ہیں مگرنظام ہضم کو درست کرنے والی دوائوں اورجنسی قوت میں اضافہ کرنے والے نسخوں کے لئے زیادہ مشہورہے۔طرح طرح کے چورن، اطریفل، معجون ملتے ہیں جو نظام ہضم کو درست کرتے ہیں۔اسی طرح قوت باہ بڑھانے والے معجون اور گولیاں بھی خوب چلتی ہیں۔