شیتانند بھٹاچاریہ، ہائیلاکانڈی
آسام کے جنوبی علاقے برک ویلی کے ضلع ہائیلاکانڈی کے ایک دور دراز گاؤں میں ہندو اور مسلمان برادریوں کے درمیان بھائی چارے اور انسانیت کی ایک نادر مثال سامنے آئی ہے۔مقامی مسلمان برادری نے پاس کے ایک ہندو اکثریتی علاقے کے لوگوں کو پینے کے پانی کی شدید قلت کے پیش نظر مدد کی پیشکش کی ہے، جہاں سرکاری اسکیم کے تحت نصب پانی کی فراہمی کا منصوبہ طویل عرصے سے خراب پڑا ہے۔انسانیت کی ایک مثالی جھلک اس وقت دیکھنے کو ملی جب مسلمانوں نے اپنے مسجد کے وضوخانے (وضو کی جگہ) سے ہندو برادری کو صاف پانی فراہم کرنا شروع کر دیا۔ اس عمل کو برک ویلی کے تعلیم یافتہ اور باشعور حلقوں نے بھرپور سراہا ہے۔
یہ واقعہ راجیشورپور گاؤں کا ہے، جو ہائیلاکانڈی قصبے سے تقریباً 20 کلومیٹر دور واقع ہے۔ یہاں کے لیے کامرنگرپار واٹر سپلائی اسکیم کے تحت محکمہ صحتِ عامہ نے پینے کے پانی کی اسکیم نصب کی تھی، جو کافی عرصے سے بند ہے۔
گزشتہ چھ مہینے سے مقامی لوگ احتجاج کر رہے ہیں لیکن پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (PHE) ڈیپارٹمنٹ نے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا۔ علاقے میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے کیونکہ لالا ریونیو سرکل کے تحت راجیشورپور میں نصب پرانی اسکیم بھی ناکارہ ہو چکی ہے۔
گزشتہ ماہ علاقے میں سیلاب آنے کے بعد صورتحال مزید خراب ہو گئی اور پانی کی کمی شدید تر ہو گئی۔
ہندو اکثریتی علاقے میں پانی کی کمی کی خبر جب نالو بک جامع مسجد کے عہدیداروں تک پہنچی تو انہوں نے مسجد کے نلکوں کو تمام مذاہب کے لوگوں کے لیے کھول دیا۔جامع مسجد کی انتظامیہ کمیٹی کے سیکریٹری بلال احمد بربھویان نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ لوگ پانی کی قلت سے پریشان ہیں، اسی لیے ہم نے مسجد سے سب کو پانی فراہم کرنا شروع کیا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ کسی انسان کو پانی کے لیے ترسنا قابلِ قبول نہیں، انسانیت سب سے بڑا مذہب ہے۔ایک مقامی بزرگ شہری نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ اور ان کے ساتھی مسجد سے صاف پانی حاصل کر رہے ہیں اور اس خدمت پر مسجد انتظامیہ کے شکر گزار یں۔مقامی شہریوں جیسے سُمِت ناتھ، نرائن ناتھ، پربھاکر ناتھ، ابھیشیک ناتھ، دھیرندر سنہا، پورنیما ناتھ، لکشمی ناتھ، سیتھی ناتھ، باپون ناتھ، کرپامے رائے، امراجیت سنہا، جینتی رائے اور دیگر افراد نے طویل عرصے سے راجیشورپور کے پانچویں بلاک میں پانی کی اسکیم کی بحالی کا مطالبہ کر رکھا ہے۔
آسام لیبر یونین کے سیکریٹری پرویز خسرُو کی قیادت میں گزشتہ چند مہینوں سے اس مسئلے پر تحریک جاری ہے۔یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جب حکومتیں ناکام ہو جائیں تو انسانیت اور بین المذاہب ہم آہنگی ہی وہ طاقت ہے جو معاشرے کو جوڑ کر رکھتی ہے۔