ایک گمشدہ شہزادی کو تلاش کررہے ہیں بنگلہ دیشی مصنف ڈاکٹرعبدالنور

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
ایک گمشدہ شہزادی کو تلاش کررہے ہیں بنگلہ دیشی مصنف ڈاکٹرعبدالنور
ایک گمشدہ شہزادی کو تلاش کررہے ہیں بنگلہ دیشی مصنف ڈاکٹرعبدالنور

 

دولت رحمان/گوہاٹی

۔83 سالہ سابق بنگلہ دیشی ماہر معاشیات، مصنف اور ناول نگار ڈاکٹر عبدالنور نے آسام میں تقریباً 600 سال تک حکمرانی کرنے والی عظیم آہوم سلطنت کی گمشدہ شہزادی کی تلاش ابھی ختم نہیں کی ہے۔ 2007 میں ڈاکٹر نور نے اپنے ناول ’بشولیتوسمے‘(غیر یقینی وقت) میں گمشدہ شہزادی کے بارے میں لکھا جس میں مغل بادشاہ اورنگزیب کے تیسرے بیٹے اعظم شاہ سے شادی کے بعد بنگلہ دیش میں ڈھاکہ کا سفر دکھایا گیا تھا۔ ڈاکٹر نور اب ریاستہائے متحدہ امریکہ میں مقیم ہیں اس وقت آسام کا دورہ کر رہے ہیں اور گمشدہ آہوم شہزادی کے بارے میں جانکاری جمع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے سوچا کہ اس خوبصورت شہزادی کی زندگی کے آخری حصے پر آہوم تاریخ اور مغل تاریخ کیوں خاموش ہیں۔ حال ہی میں گوہاٹی میں آواز-دی وائس کے ساتھ بات چیت میں ڈاکٹر نور نے کہا کہ گمشدہ شہزادی رمانی گبھارو تھی، جو آہوم راجہ جیادھاج سنگھا (1648-1663) کی اکلوتی بیٹی تھی۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ بادشاہ جیادھج سنگھا کا کوئی بیٹا نہیں تھا وہ اپنی بیٹی رمانی گبھارو کو جانشین یا راجہ بنانے کے لیے تاجپوشی کا اہتمام کرنا چاہتے تھے۔

awaz

انہوں نے کہا کہ "راجہ جیادھاج سنگھا کی کاروائی صرف بیٹوں کو راجہ بنانے کے لیے آہوم خاندان کی صدیوں پرانی روایت کی خلاف ورزی تھی۔" ڈاکٹر نور کے مطابق، میرجملہ جسے مغل بادشاہ اورنگزیب نے 1659 میں بنگال کا گورنر مقرر کیا تھا، 1662 کے دوران ایک وسیع فوج کی قیادت کرتے ہوئے آسام پر حملہ کیا۔

میر جملہ، رمانی گبھارو کے ساتھ پہلے ڈھاکہ اور پھر دہلی گیا۔ اس نے 10 سال دہلی میں گزارے اور آخر کار اورنگ زیب کے تیسرے بیٹے محمد اعظم شاہ سے شادی کر لی۔ رمانی نے اسلام قبول کیا اور وہ رحمت بانو کے نام سے مشہور ہوئی۔ وہ اپنے شوہر محمد اعظم شاہ کے ساتھ تھی جب 1678 میں اسے مغل صوبائی انتظامیہ کے سربراہ کے طور پر ڈھاکہ روانہ کیا گیا

۔ "دلچسپ بات یہ ہے کہ اعظم شاہ کی دو اور بیویاں تھیں۔ وہ ڈھاکہ کا صوبیدار مقرر ہونے کے 15 ماہ بعد ڈھاکہ چھوڑ گیا تھا۔ رحمت بانو یا رمانی گبھارو کو چھوڑ کر اعظم شاہ کی باقی دو بیویاں بھی ڈھاکہ چھوڑ کر دہلی واپس آگئیں۔ میں نے سنا ہے کہ رمانی گبھارو کو اورنگ زیب کے بیٹے سے ایک بیٹا تھا اور اس نے اسے ایک آہوم نام دیا تھا اس امید پر کہ اس کا بیٹا ایک دن آہوم سلطنت پر حکومت کرے گا۔اس کے بعد رمانی گبھارو کی زندگی کے آخری حصے پر تاریخ بالکل خاموش ہے۔" ڈاکٹر نور نے کہا۔

ڈاکٹر نورکو( جن کی اہلیہ آسام کے گولپارہ ضلع سے ہیں)، رمانی گبھارو کے بارے میں 2005 سے پہلے نامور آسامی ادیب آنجہانی اتلانند گوسوامی کی طرف سے دی گئی تاریخ کی ایک چھوٹی سی کتاب سے معلوم ہوا۔ لال باغ قلعہ، 17 ویں صدی کی نامکمل مغل عمارت ہےجسے شائستہ خان نے تعمیر کیا تھا اور اب بنگلہ دیش میں واقع ہے، بہت سے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔

سیاحوں کی توجہ کی وجہ اس کی فصیل کے اندر ایک مقبرہ ہے، جسے ’پوری بیبیر کوبور‘(پوری بی بی کی قبر) کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اگرچہ بنگلہ دیش میں بہت سے لوگ پوری بی بی کو شائستہ خان کی سب سے پیاری بیٹی کہتے ہیں جس کی شادی اورنگ زیب کے بیٹے محمد اعظم شاہ سے ہوئی تھی۔ 1684 میں اس کی موت پر، خان کو افسوس ہوا بظاہر قلعہ کی مزید تعمیر کا خیال ترک کر دیا اور اسے اس کی فصیل کے اندر دفن کر دیا۔

بنگلہ دیش کے نامور تاریخ نگار، سید محمد طیفور جنہوں نے 1952 میں’گلمسیزآف اولڈڈھاکہ‘ لکھا تھا کہ پوری بی بی کوئی اور نہیں بلکہ رمانی گبھارو تھی۔ "شہنشاہ اورنگزیب نے اسے اسلام قبول کرایا اور 1677 میں ایک لاکھ اسی ہزار روپے کے مہر پر شہزادہ اعظم سے اس کی شادی کر دی۔ شہزادی ڈھاکہ میں رہتی تھی اور کسی بیماری میں مبتلا تھی۔

طیفور نے لکھا کہ چونکہ وہ غیر معمولی طور پر خوبصورت تھی اور شہزادے کی بہت پسندیدہ تھی، اس لیے اسے پیار سے بی بی پری کہا جاتا تھا۔ اسی طرح کا ایک نظریہ بنگالی میں لکھے گئے ایک مقالے میں پایا جا سکتا ہے، 'آہوم راجکونا بی بی پریر سمادھی'، جس کی تاریخ نگار بیگم لطف النسا حبیب اللہ نے کی تھی۔ ان کا مقالہ اہوم تاریخ نگاروں پر مبنی تھا۔

کچھ لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ شائستہ خان کا وصیت نامہ، جسے بنگلہ دیش کی حکومت کے کٹرہ وقف دفتر میں محفوظ کیا گیا ہے، رحمت بانو کی شناخت ایران دخت یا بی بی پری کے طور پر کرتا ہے۔ ڈاکٹر نور نے اپنے ناول ’بشولیتو سمے‘ میں رحمت بانو یا رمانی گبھارو کو بنگال (اب بنگلہ دیش) اور آسام کے درمیان دوستی کی خوبصورت علامت کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔

awaz

"مغل جنرل سے شادی کے بعد بھی رمانی گبھارونے اپنی الگ آسامی شناخت کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ ایک مغل صوبیدار کی بیوی کی ذمہ داری بھی نبھائی۔ لیکن میں ایک افسانہ نگار ہوں، لیکن بدقسمتی کی بات ہے کہ رمانی گبھارو کو تاریخ کے اوراق میں بھلا دیا گیا ہے۔ میں شدت سے محسوس کرتا ہوں کہ موجودہ مورخین کو اس گمشدہ شہزادی کو تلاش کرنا چاہیے،‘‘ ڈاکٹر نور نے کہا۔