سری نگر میں کشمیر کا پہلا ’ویسٹ ونڈر گارڈن‘

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-08-2026
سری نگر میں کشمیر کا پہلا ’ویسٹ ونڈر گارڈن‘
سری نگر میں کشمیر کا پہلا ’ویسٹ ونڈر گارڈن‘

 



باسط زرگر/ سری نگر

خلیقی صلاحیت، پائیداری اور شہری خوبصورتی کے منفرد امتزاج کے طور پر سری نگر میں پہلی بار ایک ویسٹ ونڈر گارڈن تیار کیا جا رہا ہے، جہاں باغات سے نکلنے والے فاضل مواد اور پرانی اشیا کو رنگ برنگی تنصیبات اور آرائشی اشیا میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔سری نگر کے مرکز میں واقع پولو گراؤنڈ پارک میں یہ منفرد منصوبہ محکمہ فلوریکلچر کی جانب سے تیار کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد ایسی اشیا کو نئی زندگی دینا ہے جو عام طور پر استعمال کے بعد پھینک دی جاتی ہیں۔

اب تک باغات اور محکمہ کے دفاتر سے جمع کیے گئے فاضل اور پرانے سامان سے 35 سے زائد آرائشی تنصیبات تیار کی جا چکی ہیں۔ ان میں گری ہوئی لکڑی سے بنائی گئی ایک چھوٹی ٹرین، پرانے ٹائروں سے تیار کیے گئے گملے، ناکارہ برقی کیتلیوں سے بنے پھولوں کے گلدان اور مکڑی و کیٹرپلر جیسے کیڑوں کے فنکارانہ مجسمے شامل ہیں۔

پرانے وہیل بیرو، کھمبے، لکڑی کے لٹھے، بیج رکھنے والے ڈبے اور حتیٰ کہ ناکارہ گاڑیوں کو بھی اس گارڈن کا حصہ بنایا گیا ہے، جس سے روزمرہ کا فاضل سامان دلچسپ اور دیدہ زیب اشیا میں تبدیل ہو گیا ہے۔ڈائریکٹر فلوریکلچر کشمیر ماتھورا معصوم نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد یہ دکھاا ہے کہ فاضل اشیا کو محض پھینکنے کے بجائے انہیں مفید اور خوبصورت چیزوں میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بازار سے کوئی چیز خریدی نہیں گئی۔ ہر چیز ہمارے باغات اور دفاتر سے دوبارہ استعمال کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ نے محسوس کیا کہ باغبانی اور دیکھ بھال کے معمول کے کاموں کے دوران پیدا ہونے والا بہت سا سامان دوبارہ استعمال کی صلاحیت رکھنے کے باوجود ضائع کر دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ پرانے ٹائر، گرے ہوئے درخت، بیج رکھنے والے ڈبے اور لکڑی کے لٹھے پھینکے جا رہے ہیں۔ انہیں فضلہ سمجھنے کے بجائے ہم نے مفید اور خوبصورت تنصیبات میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔“اس منصوبے کا مقصد بالخصوص بچوں اور دیگر آنے والوں میں ری سائیکلنگ اور ذمہ دارانہ کچرا انتظام کے بارے میں شعور پیدا کرنا بھی ہے۔ پھولوں، ہریالی اور ری سائیکل کیے گئے سامان کو یکجا کرکے یہ گارڈن روایتی شہری پارکوں سے ایک مختلف تجربہ فراہم کرے گا۔حکام کے مطابق اس منصوبے کے لیے سامان نشاط، شالیمار، پہلگام اور بارہمولہ سمیت مختلف باغات اور سیاحتی مقامات سے حاصل کیا گیا ہے، جسے تخلیقی انداز میں نئے گارڈن کا حصہ بنایا گیا ہے۔

یہ منصوبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا کے مختلف شہر کچرے میں کمی کے ساتھ ساتھ عوامی مقامات کو خوبصورت بنانے کے نئے طریقے تلاش کر رہے ہیں۔ سری نگر میں محکمہ کو امید ہے کہ یہ منصوبہ اس بات کی مثال بنے گا کہ فاضل اشیا کو شہر کے منظرنامے کا حصہ بنایا جا سکتا ہے، بجائے اس کے کہ وہ کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہو جائیں۔

ماتھورا معصوم نے کہا، ”لوگوں کو کچھ مختلف تجربہ کرنا چاہیے۔ خیال یہ ہے کہ کچرے کو صرف جمع نہ کیا جائے بلکہ اسے دوبارہ استعمال کیا جائے۔“توقع ہے کہ یہ گارڈن شہر کے مرکز میں آنے والے مقامی باشندوں اور سیاحوں کے لیے ایک نئی کشش بنے گا اور ساتھ ہی اشیا کے دوبارہ استعمال اور ماحولیاتی ذمہ داری کا پیغام بھی عام کرے گا۔یہ منصوبہ محکمہ فلوریکلچر کی جانب سے کشمیر کے عوامی باغات میں نئے اور اختراعی موضوعات متعارف کرانے اور انہیں بہتر بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو ’ویسٹ ونڈر‘ کا تصور وادی کشمیر کے دیگر عوامی مقامات پر بھی ماحول دوست منصوبوں کے لیے ایک مثال بن سکتا ہے۔

پرانے ٹائروں، لکڑی کے ڈھانچوں اور پھینکی گئی اشیا سے نکلتے پھول اس گارڈن کا ایک سادہ مگر خوبصورت پیغام پیش کرتے ہیں: جسے ہم کچرا سمجھتے ہیں، تخیل اور تخلیقی صلاحیت کے ذریعے اسے نئی زندگی دی جا سکتی ہے۔