حیدرآباد: اظہر مخصوصی کی پہل، تحریک میں تبدیل

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 18-02-2023
حیدرآباد: اظہر مخصوصی کی پہل، تحریک میں تبدیل
حیدرآباد: اظہر مخصوصی کی پہل، تحریک میں تبدیل

 

 

شیخ محمد یونس،حیدرآباد

شہر حیدرآباد کے عالمی شہرت یافتہ سماجی کارکن اظہر مخصوصی کی بھوک کے خلاف  شروع کی ہوئی پہل آج ایک مہم اور تحریک میں تبدیل ہو چکی ہے۔

اظہر مخصوصی نے تقریباً 12 برس قبل دبیر پورہ ریلوے برج کے نیچے غریبوں اور ضرورت مندوں کو مفت کھانا کھلانے کا آغاز کیا تھا اورHunger has no religion کا نعرہ دیا تھا۔

آج یہ نعرے کی گونج شہر حیدرآباد  میں کئی مقامات پر سنائی دے رہی ہے ۔کئی افراد غریبوں کے پیٹ کی آگ کو بجھانے کے لئے آگے آئے ہیں۔ان میں ایک الحاج محمد حنیف چشتی بھی ہیں۔ وہ گزشتہ ایک ہزار یوم سے بلا لحاظ مذہب و ملت غریبوں اور ضرورت مندوں کو مفت کھانا کھلا رہے ہیں۔

مشکل وقت میں غریبوں کی مدد

محمد حنیف چشتی ایک عرصے سے اظہرمخصوصی کو غریبوں کی مدد کرتے دیکھتے اور ان کی بھی دلی خواہش تھی کہ وہ بھی مسکینوں اور مستحقین کی مدد کریں تاہم معاشی مجبوریات کے باعث وہ کوئی بھی کار خیر انجام دینے کی ہمت نہ کر سکے تھے۔

awazthevoice

 حنیف چشتی نے کورونا وبااور لاک ڈاؤن میں غریبوں کو دو وقت کی روٹی کے لئے تگ و دو کرتے دیکھا تب وہ خود کو روک نہیں پائے اور کم از کم دو یوم کھانے کی تقسیم کا منصوبہ بنایا۔اس کار خیر میں اللہ کی مدد کے ساتھ ساتھ اہل خیر اور صاحب ثروت افراد کا کچھ حد تک تعاون حاصل ہوا اور یہ مہم  آج بھی کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔

awazthevoice

محمد حنیف چشتی نے ٹولی چوکی برج کے نیچے بلا لحاظ مذہب و ملت غریبوں کو کھانا کھلانے کا آغاز کیا۔حنیف چشتی خود بھی معاشی طور پر مستحکم نہ ہونے کے باعث چند یوم ہی کھاناکھلانے کے مقصد سے اس مستحسن اقدام کا آغاز کئے تھے تاہم

میں اکیلا ہی چلا تھا جانب منزل مگر

لوگ آتے گئے اور کارواں بنتا گیا

مذکورہ شعرکے  مصداق  یہ مہم آج بھی جاری ہے اور اس کار خیر کے ایک ہزار یوم بھی مکمل ہو چکے ہیں۔

اظہر مخصوصی کی جانب سے تعاون اور حوصلہ افزائی

اظہر مخصوصی نے محمد حنیف چشتی کی اس کار خیر کے لئے نہ صرف حوصلہ افزائی کی بلکہ آغاز میں چند ماہ تک ایک کنٹل چاول کا عطیہ بھی دیا۔ حنیف چشتی اپنی آمدنی کا بیشتر حصہ اس کارخیر پر صرف کرتے ہیں۔

awazthevoice

اس مہم کے 1000دن  مکمل ہونے کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے اظہر مخصوصی نے پروگرام میں شرکت کی اور اپنے ہاتھوں سے غریبوں میں کھانا تقسیم کیا ۔اظہر مخصوصی نے غریبوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی کھایا اور حنیف چشتی کی ستائش کی۔

منظم انداز میں کام کی انجام دہی

حنیف چشتی نے کھانے کی تیاری کے لیے تمام انتظامات بہترین انداز میں روبہ عمل لائے ہیں ۔سن سٹی میں کھانے کی تیاری کے لئے ماہانہ تین ہزار روپے کرایہ کے عوض ایک کمرہ حاصل کیا گیا ہے۔

awazthevoice

جبکہ ماہانہ 8 ہزار روپئے مشاہرہ پر ایک باورچی کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ حنیف چشتی روزانہ عثمانیہ ہاسپٹل کے قریب مریضوں، تیمار داروں اور مستحقین میں کھانا تقسیم کرتے ہیں علاوہ ازیں ٹولی چوکی برج کے نیچےبگھارا کھانا اور دالچہ کی تقسیم عمل میں لائی جاتی ہے ۔

خاندانی پس منظر

محمد حنیف چشتی پیشہ کے اعتبار سے لیڈیز ٹیلر ہیں اور سن سٹی میں ان کا مکان اور ٹیلرنگ شاپ موجود ہے۔ انہیں چار لڑکے اور ایک لڑکی ہے۔ محمد ہمدان اور محمد فرحان انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کررہے ہیں جبکہ محمد الطاف حفظ قرآن کر رہے ہیں۔ ان کے چھوٹے لڑکے محمد عرفات پانچویں جماعت میں زیر تعلیم ہیں جبکہ لڑکی بی کام سال آ خر کی طالبہ ہیں۔ محمد حنیف چشتی دولت مند نہیں ہیں تاہم غریبوں اور ضرورت مندوں کے لئے ان کے دل میں تڑپ ہے ۔ حنیف چشتی کا یہ مستحسن اقدام قابل تقلید ہے اور اہل ثروت افراد کو دعوت فکر بھی دیتا ہے۔

awazthevoice

محمد حنیف چشتی نے آواز دی وائس کے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد سے دلی تسکین حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں مستحقین اور ضرورتمندوں کی کوئی کمی نہیں ہے وہ اپنی استطاعت اور بساط کے مطابق غریبوں کی مدد کر رہے ہیں جو کہ نا کافی ہے ۔حنیف چشتی نے کہا کہ اہل خیر اور صاحب ثروت افراد غریبوں کی مدد کے لئے آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ یومیہ ایک ہزار افراد کو کھانے کی تقسیم کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اس کارخیر میں حصہ لینے کے خواہاں افراد حنیف چشتی سے فون  9000609654   پر ربط پیدا کر سکتے ہیں۔