نئی دہلی : ماہرین صحت کے مطابق کچھ عوامل ایسے ہیں جو بچوں میں نظر کے مسائل کے امکانات کو بہت زیادہ بڑھا دیتے ہیں۔ ان میں سکرین کا زیادہ استعمال آؤٹ ڈور سرگرمیوں کی کمی غیر متوازن غذا اور موروثی مسائل شامل ہیں۔ تاہم اگر روزمرہ زندگی میں کچھ صحت بخش عادات اپنا لی جائیں تو بچوں کی بینائی کو بہتر رکھا جا سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق متوازن غذا باقاعدہ آنکھوں کا معائنہ سکرین ٹائم میں وقفہ اور آنکھوں کے لئے مناسب معمولات اختیار کرنا بچوں کی آنکھوں کی حفاظت کے لئے نہایت ضروری ہے۔ اس رپورٹ میں آپ کو وہ عادات بتائی جا رہی ہیں جو بچوں میں نظر کے مسائل کے خطرات کو کم کر سکتی ہیں۔
بچوں کی بینائی بہتر بنانے والی عادات
1: سکرین ٹائم کم کریں
ٹی وی موبائل ٹیبلیٹ یا کمپیوٹر کا مسلسل استعمال آنکھوں پر دباؤ ڈالتا ہے اور نظر کو کمزور کر سکتا ہے۔ بچوں کے لئے سکرین استعمال کا ایک واضح وقت مقرر کریں۔
2: باہر کھیلنے کی ترغیب دیں
روزانہ کم از کم 1 سے 2 گھنٹے باہر کھیلنے سے بچوں میں مایوپیا کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ قدرتی روشنی اور دور کی چیزوں پر فوکس کرنے کی صلاحیت بینائی کے لئے فائدہ مند ہے۔
3: آنکھوں کے لئے مناسب روشنی کا انتظام کریں
جب بچہ پڑھ رہا ہو یا ہوم ورک کر رہا ہو تو کمرے میں مناسب روشنی ہونا ضروری ہے۔ کم روشنی آنکھوں پر دباؤ بڑھاتی ہے اور سر درد یا تھکن پیدا کر سکتی ہے۔
4: مطالعے اور سکرین سے مناسب فاصلہ رکھوائیں
بچوں کو سکھائیں کہ کتاب یا سکرین کو آنکھوں سے کم از کم 12 سے 16 انچ دور رکھیں۔ بہت قریب سے دیکھنا آنکھوں پر دباؤ ڈالتا ہے اور نظر کمزور کر سکتا ہے۔
5: آنکھوں کی ورزش کروائیں
آنکھوں کی مشقیں جیسے پلکیں جھپکانا آنکھیں گھمانا یا دور اور نزدیک دیکھنے کی مشق کرنا آنکھوں کے عضلات کو مضبوط کرتے ہیں اور تھکن کم کرتے ہیں خاص طور پر پڑھائی یا سکرین استعمال کے بعد۔
6: غذائیت سے بھرپور خوراک دیں
وٹامن اے سی ای زنک اور اومیگا 3 سے بھرپور غذا جیسے گاجر پتوں والی سبزیاں شکر قندی انڈے خشک میوہ جات اور مچھلی آنکھوں کی صحت کے لئے فائدہ مند ہے۔
7: نیند کے معمولات درست رکھیں
بچوں کے لئے مناسب نیند بہت اہم ہے۔ نیند کی کمی آنکھوں کی خشکی تھکن اور نظر کی کمزوری کا سبب بن سکتی ہے۔ بچوں کے لئے ایک باقاعدہ سونے کا وقت مقرر کریں تاکہ آنکھوں اور دماغ کو مناسب آرام مل سکے۔