'سرسوں کے تیل میں پوشیدہ'صحت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-09-2021
صحت کا خزانہ ہے پوشیدہ سرسوں کے تیل میں
صحت کا خزانہ ہے پوشیدہ سرسوں کے تیل میں

 

 

سرسوں کا تیل کل تک نظر انداز کیا جاتا تھا،ریفائنڈ اور دیگر تیل مقبول تھے۔ مگر جوں جوں دل نے جھٹکے کھانے شروع کئے اور طبی ماہرین نے دل کے ماض کے لیے ریفائنڈ تیل کی جانب انگلی اٹھانی شروع کی ہے تب سے سرسوں کا تیل سرخیوں میں ہے۔ اس کے فائدے گنوائے جارہے ہیں اور اس کا استعمال میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔

جسم کے لیے انتہائی مفید سمجھاجاتا ہے، سرسوں کے تیل کی خوشبو اورذائقہ نہایت فرحت بخش ہوتا ہے، اس میں متعدد وٹامنز اور غذائی عناصر موجود ہوتے ہیں جس میں وٹامن ایچ ، وٹامن اے ، کیلشیم ، پروٹین، اور اومیگا 3 شامل ہوتے ہیں۔ سرسوں میں طبی خصوصیات ہونے کی وجہ سے سرسوں کے تیل کو گھریلو علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

صحت سے متعلق بعض مسائل سے نمٹنے کے لیے آیوروید میں بھی اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اینٹی فنگل، اینٹی بیکٹیرل اور اینٹی انفلامیٹری خصوصیات سے لبریز سرسوں کے تیل کا استعمال کرتے ہوئے جب سبزیاں تیار کی جاتی ہیں تب یہ نہ صرف ذائقہ دار ہوتی ہیں بلکہ کئی بیماریوں سے بھی بچنے میں مدد کرتی ہے۔

صرف آیوروید میں ہی نہیں بلکہ نیوٹریشن کے ماہرین بھی یہ مانتے ہیں کہ جس گھر میں لوگ کھانا بنانے کے لیے سرسوں کے تیل کا استعمال کرتے ہیں وہاں لوگ کم بیمار پڑتے ہیں۔

سرسوں کے تیل کے فوائد سرسوں کے تیل میں پکایا ہوا کھانا کسی دوسرے تیل میں پکائے ہوئے کھانے کے مقابلے میں آسانی سے ہضم ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ جو لوگ اسے استعمال کرتے ہیں وہ قبض کی شکایت کم کرتے ہیں۔ سرسوں کے تیل میں جراثیم کش خصوصیات ہوتی ہیں، یہ پیشاب کے مسائل کو دور رکھتا ہے اور یہ آنتوں اور نظام انہضام سے متعلق انفیکشن سے بھی لڑتا ہے۔

جلد پر سر سوں کی تیل سے مالش کرنے سے سورج کے بنفشی شعاعوں کے اثرات اور آلودگی سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔اس کے علاوہ یہ جھریاں کو بھی روکتا ہے، اس کا استعمال فیس پیک پر بھی ہوتا ہے۔ سرسوں کے تیل کا جسم پر مساج خون کے دورانیے کو تیز کرنے میں مدد کرتا ہے۔سرسوں کے تیل کی مالش کرنی چاہیے اس سے جسم کے اہم اعضاء تک آکسیجن کے بہاؤ میں آسانی رہتی ہے، اس کا مساج پٹھوں کے درد کو دور کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔

یہ اینٹی فنگل خصوصیات رکھتا ہے ، یعنی یہ فنگس کو مارتا ہے اور اسے بڑھنے سے بھی روکتا ہے۔ سرسوں کا تیل بالوں کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔ اس میں موجود لینولیک ایسڈ جیسے فیٹی ایسڈ بالوں کی جڑوں کی نشوونما کرتے ہیں۔ لمبے وقت تک اس کا استعمال کرنے سے بال گرنا ختم ہو جاتے ہیں۔

دل کی صحت کے لیے فائدہ مند

امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ایک تحقیق کے مطابق کھانوں میں سرسوں کا تیل شامل کرنا دل کی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے، اس میں موجود مونوسیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز جسم میں موجود نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کو کم کرتے ہیں جبکہ خون میں چربی کی سطح مستحکم رکھ کر اس کی گردش میں مدد دیتے ہیں۔

انفیکشن سے تحفظ

سرسوں کا تیل بیکٹریا کش ، فنگل کش اور وائرس کو دور رکھنے کی خصوصیات رکھتا ہے، اس کا جسم کے بیرونی سطح پر استعمال یا کھانے میں ڈال کر استعمال کرنا موسمی انفیکشن سمیت نظام ہاضمہ کے انفیکشن کے خلاف مزاحمت کرتا ہے۔

دوران خون بہتر کرے

 سرسوں کے تیل سے جسم پر مالش کرنے سے دوران خون اور جلد کی ساخت بہتر ہوتی ہے جبکہ مسلز پر دباؤ میں کمی بھی آتی ہے۔اس کے علاوہ یہ پسینے کے غدود کو حرکت میں لاکر جسم سے زہریلے مواد کو خارج کرنے میں مدد دیتا ہے۔

بالوں میں تیل لگانے کے پانچ حیرت انگیز فوائد

جلد کے لیے بہترین

سرسوں کا تیل وٹامن ای سے بھرپور ہوتا ہے جو جلد کے لیے بہترین ہوتا ہے، اسے جلد پر لگانے سے فائن لائنز اور جھریوں میں کمی آتی ہے، یہ سن اسکرین کی طرح کام کرتا ہے۔ بہت زیادہ تیل جسم پر لگانا نقصان دہ اور خارش کا باعث بن سکتا ہے جبکہ آئلی اور حساس جلد والے افراد کو اس کی مالش سے گریز کرنا چاہئے۔

اس کے علاوہ ناریل کے تیل اور سرسوں کے تیل کی یکساں مقدار کو ملاکر مالش کرنا جلد کی رنگت کو بھی بہتر بناتا ہے۔ 

بالوں کی نشوونما بہتر کرے

اگر بال گر رہے ہیں یا ان کے بڑھنے کی رفتار سست ہوگئی ہے تو سرسوں کے تیل کا استعمال اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ سرسوں کے تیل میں موجود بیٹا کیروٹین بالوں کی نشوونما کی رفتار تیز کردیتا ہے، اس کی مالش سے سر کے اندر دوران خون بہتر ہوتا ہے جبکہ بیکریا کش خصوصیات سر کو انفیکشن سے بچاتا ہے۔

اسی طرح سرسوں کے بیج کو پیس کر پیسٹ بناکر سرسوں کے تیل میں ملا کر سر پر رات بھر لگا رہنے دیں تو اس سے بالوں کے گرنے کے مسئلے کو کنٹرول کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

دانتوں کو چمکائیں

چٹکی بھر آئیوڈین سے پاک نمک لیں اور کچھ مقدار میں سرسوں کے تیل میں شامل کردیں، اگر چاہیں تو چٹکی بھر ہلدی کا بھی اضافہ کرسکتے ہیں۔اس کے بعداس مکسچر کو لیں اور انگلی سے دانتوں پر دو منٹ تک مالش کریں۔

اس کے بعد چند منٹ کے لیے منہ بند کرکے رکھیں اور پھر نیم گرمی پانی سے کلیاں کرلیں اور اس مکسچر کا استعمال معمول بنانے سے چند دنوں میں آپ نمایاں فرق دیکھ سکیں گے۔

پھٹے ہونٹوں کو اچھا کرے

 سرسوں کا تیل پھٹے ہوئے ہونتوں کو اچھا کرنے کا بہترین علاج ہے، لیکن اسے پھٹے ہوئے ہونٹوں پر نہیں لگائیں، بلکہ رات کو سونے سے پہلے ناف میں دو تین قطرے ڈال کر سوجائیں اور یہ عمل روزانہ کریں۔

 اس عمل سے آپ کے ہونٹوں کا پھٹنا پن ختم ہوجائے گا اور وہ کبھی خشک نظرنہیں آئیں گے ۔یہ ایک حیرت انگیز وقدیم علاج ہے ،جو ہونٹوں کو قدرتی نرمی دیتا ہے اور انھیں ملائم و نم آلود رکھنے میں معاونت کرتا ہے۔