حج 2026، اب تک کیا تیاریاں کی گئی ہیں؟

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 29-09-2025
حج 2026، اب تک کیا تیاریاں کی گئی ہیں؟
حج 2026، اب تک کیا تیاریاں کی گئی ہیں؟

 



 جدہ ::  سعودی وزارتِ حج و عمرہ آئندہ حج سیزن 2026 (جس میں ابھی آٹھ ماہ باقی ہیں) کے لیے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ وہ پیشگی منصوبہ بندی کے تحت خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور عازمینِ حج کے ایمان افروز تجربے کو سہل اور خوشگوار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اس سلسلے میں ماہِ ربیع الاول کے دوران متعدد اہم ملاقاتیں اور اقدامات مکمل کیے گئے۔ وزارت نے وضاحت کی ہے کہ آئندہ موسمِ حج کی تیاریوں کے لیے اب تک 60 سے زائد ممالک کے نمائندوں سے ہم آہنگی کی جا چکی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کے ساتھ 50 سے زیادہ اجلاس منعقد ہوئے ہیں۔ ان اجلاسوں میں ’’سعودی بس‘‘ نامی نئے منصوبے پر اتفاق کیا گیا، جس کا مقصد عازمین کو معیاری ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنا ہے۔

مزید یہ کہ ’’نسک مسار‘‘ پلیٹ فارم پر بیرونِ ملک کے عازمین کے لیے 16 سے زائد کمپنیوں کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ 75 سے زیادہ ممالک کی خدماتی فہرست کو اسی پلیٹ فارم پر خودکار نظام کے ذریعے مکمل کیا گیا ہے۔ اب تک 189 مہمان نوازی مراکز فعال ہو چکے ہیں اور 24 سے زیادہ کمپنیوں کو بیرونِ ملک عازمین کو خدمات فراہم کرنے کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے، جن کی تیاریوں کی باضابطہ تصدیق بھی کر لی گئی ہے۔

ترقیاتی پہلوں کے تحت وزارت نے 25 سے زائد ورکشاپس کا انعقاد کیا تاکہ عازمین کے سفر کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔ اسی کے ساتھ 25 سے زیادہ نئی اور اختراعی منصوبہ بندیوں کا آغاز کیا گیا ہے جن پر آئندہ حج سیزن کے دوران عمل درآمد ہوگا۔ علاوہ ازیں 11 سے زیادہ کمپنیوں کو سعودی عرب کے اندر عازمینِ حج کو خدمات فراہم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

وزارت نے یہ بھی بتایا کہ سماجی ذمہ داری کے منصوبوں کے لیے درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں، جبکہ آئندہ حج سیزن کے لیے رضاکارانہ خدمات کے خواہش مند افراد کی رجسٹریشن کے لیے ایک خصوصی ڈیٹا بیس قائم کر دیا گیا ہے۔

وزارتِ حج و عمرہ نے زور دیا کہ یہ تمام اقدامات اس کی جامع حکمتِ علی اور سال بھر جاری تیاریوں کا حصہ ہیں، تاکہ حجاجِ کرام کے تجربے کو اعلیٰ ترین معیار تک پہنچایا جا سکے۔ یہ تمام اقدامات وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں، جن کا مقصد عازمینِ حج کی خدمت اور ان کے روحانی سفر کو سہل، بامقصد اور پُرسکون بنانا ہے۔