ایودھیا:حکومت نے کرائی ہزاروں غریب ہندو،مسلم لڑکیوں کی شادی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 27-11-2021
ایودھیا:حکومت نے کرائی ہزاروں غریب ہندو،مسلم لڑکیوں کی شادی
ایودھیا:حکومت نے کرائی ہزاروں غریب ہندو،مسلم لڑکیوں کی شادی

 

 

ایودھیا: رام نگری ایودھیا میں آج ایک زبردست اجتماعی شادی کا پروگرام منعقد ہوا۔ ہندو، مسلم لڑکے، لڑکیوں کی شادی ایک ہی پنڈال میں ہوئی۔ اجتماعی شادی کے پروگرام میں جہاں ایک طرف مولوی، مسلمان لڑکے،لڑکیوں کے نکاح کرواتے نظر آئے، وہیں دوسری طرف ہندو بیٹیوں کی بھی شادیاں کرائی گئیں۔

یہ ایک سرکاری شادی کی تقریب تھی۔ یہ یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت کی طرف سے منعقد ایک پروگرام تھا۔ اس تقریب میں خود یوگی بھی موجود تھے۔

سی ایم یوگی نے اس موقع پر کہا کہ بی جے پی حکومت بیٹیوں میں کوئی فرق نہیں کرتی ہے۔

بیٹی چاہے ہندو کی ہو یا مسلمان کی، اگر خاندان کرانے کے لائق نہیں ہیں تو ان کی شادی کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

یوگی نے اس شادی پروگرام کے بہانے مخالفین پر بھی حملہ کیا۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی موجودگی میں مولانا نے 126 مسلم جوڑوں کی شادی کی رسم ادا کی۔ یوگی سرکار نے آج ایودھیا میں 3915 جوڑوں کی اجتماعی شادی کا اہتمام کیا۔

اجتماعی شادی میں شادی کا سارا خرچ حکومت نے برداشت کیا۔ باراتیوں اور گھر والوں کو کھانا کھلایا گیا، ساتھ ہی لڑکی کے گھر والوں کو 75-75 ہزار روپے دیے گئے۔ یعنی لڑکی کے والد کے اکاؤنٹ میں 65 ہزار روپے اور دلہن کے جوڑے کے لیے پانچ ہزار روپے اور دولہا کے کپڑوں کے لیے پانچ ہزار روپے۔

آج کی اجتماعی شادی میں ایودھیا، امبیڈکر نگر، امیٹھی، سلطان پور اور بارہ بنکی سے جوڑے آئے تھے۔ شہناز بانو سلطان پور کی رہائشی ہیں۔ باپ مزدوری کرتا ہے۔ لڑکی کی شادی کے لیے پیسے نہیں تھے۔

اب وزیر اعلی یوگی کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔ زیب النسا اور ظفرالنسا بہنیں ہیں اور سلطان پور کی رہائشی ہیں۔ گھر میں نو افراد کا ایک کنبہ ہے۔ باپ کھیتوں میں کام کرتا ہے۔ والدین غربت کی وجہ سے شادی نہیں کر پا رہے تھے، اب حکومت نے دونوں بیٹیوں کا ہاتھ پیلا کر دیا ہے۔

اس سے پہلے یوگی حکومت نے پریاگ راج، لکھنؤ، بریلی، مرزا پور، سون بھدر، کانپور، آگرہ، بریلی اور مرادآباد میں تقریباً ایک لاکھ اجتماعی شادیاں کرائی ہیں جن میں تقریباً 5 ہزار مسلم جوڑوں کی شادیاں بھی کی جا چکی ہیں۔