ایک کشتی، ایک عورت اور ڈل جھیل کی محبت , ایلس کی انوکھی کہانی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 02-07-2025
ایک کشتی، ایک عورت اور ڈل جھیل کی محبت , ایلس کی انوکھی کہانی
ایک کشتی، ایک عورت اور ڈل جھیل کی محبت , ایلس کی انوکھی کہانی

 



باسط زرگر: سرینگر

جب طلوعِ سحر ڈل جھیل کی خاموش سطح پر سنہری روشنی بکھیرتا ہے، ایک چھوٹی سی کشتی دھیرے دھیرے اس سکوت کو چیرتی ہوئی آگے بڑھتی ہے۔ کشتی کی پتوار تھامے ایک عورت اپنے چوڑے ہیٹ میں پورے عزم کے ساتھ چپّو چلا رہی ہے۔ اس عورت کا نام ایلس ہوبرٹینا سپانڈر مین ہے، جو 69 سالہ ڈچ شہری ہیں اور پچھلے پانچ برس سے سرینگر کی اس مشہور جھیل کو پلاسٹک کے کچرے سے پاک کرنے کا بیڑا اٹھائے ہوئے ہیں۔

جو کام ایک ذاتی احساسِ ذمہ داری سے شروع ہوا، وہ اب ایک خاموش تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے - ایک عورت، ایک کشتی، اور وہ غیرمتزلزل عزم جس سے وہ اس جگہ کو لوٹانا چاہتی ہیں جس نے پچیس برس قبل ان کا دل جیت لیا تھا۔

ایلس کہتی ہیں کہ میں یہاں ایک سیاح کے طور پر آئی تھی، لیکن یہ جگہ میری روح کو چھو گئی اور میں یہیں رک گئی۔"

محبت سے جنمی ہوئی مہم

ایک ایسا خطہ جسے اکثر سیاست اور تنازعے کے عینک سے دیکھا جاتا ہے، وہاں ایلس کی کہانی نرمی، ہمدردی اور ماحول سے گہری وابستگی کا ایک اور رخ پیش کرتی ہے۔ پچھلے پانچ برس سے وہ پلاسٹک کی تھیلیوں، ریپرز، بوتلوں اور دیگر کوڑا کرکٹ کو جمع کرتی آ رہی ہیں - اکثر تنہا، بغیر کسی واہ واہ کے۔ سیاح ڈل جھیل کی پوسٹ کارڈ جیسی خوبصورتی دیکھ کر دنگ رہ جاتے ہیں - شِکارے، کنول کے پھول، زبرون پہاڑوں کا عکس - لیکن سطح کے نیچے ایک تلخ حقیقت چھپی ہے۔ایلس کہتی ہیں کہ جو لوگ نہیں دیکھ پاتے، وہ پانی کی تہہ میں چھپی کچرے کی تہیں ہیں۔ یہ پلاسٹک یہاں کا نہیں ہے۔"

ڈل جھیل کی اہمیت

ڈل جھیل محض ایک لینڈ مارک نہیں بلکہ سرینگر کی شہ رگ ہے - یہ سیاحت، روزگار، مقامی حیاتیاتی تنوع اور ثقافتی شناخت کا سہارا ہے۔ لیکن اس کی اس قدر اہمیت کے باوجود برسوں کی غفلت نے اسے شدید نقصان پہنچایا۔پبےقابو تعمیرات، آبادی کا دباؤ، گندا پانی اور پلاسٹک کا کچرا سب نے مل کر اس کی صحت کو برباد کیا۔
اگرچہ حکومت نے صفائی مہم اور تجاوزات کے خلاف کاررائیوں کی کوششیں کیں، لیکن نتائج ملے جلے رہے۔جہاں سرکاری پالیسیاں فائلوں میں الجھی رہیں، ایلس نے عملی اقدام چن لیا - براہِ راست، مستقل اور ذاتی سطح پر۔

ایک باہر والی جو اپنے پن کی علامت بنی

ایلس کی داستان میں سب سے زیادہ اثر انگیز بات یہ ہے کہ ایک غیرملکی عورت نے اس مقامی بحران کو اپنا مسئلہ بنا لیا - وہ بحران جسے یہاں کے لوگ دیکھ کر بھی نظرانداز کر دیتے ہیں۔ڈل جھیل کے کنارے ریڑھی لگانے والے بلال احمد کہتے ہیں کہ وہ ہم سب کے لیے ایک تحریک ہیں۔ سچ کہوں تو دکھ ہوتا ہے کہ دنیا کے دوسرے کنارے سے آئی ہوئی ایک خاتون ہماری جھیل کے لیے ہم سے زیادہ کر رہی ہیں۔ان کی محنت صرف کوڑا اٹھانے تک محدود نہیں۔ مقامی لوگوں سے بات چیت، سوشل میڈیا پر پوسٹس اور ہر دن جھیل پر حاضری سے انہوں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ فردِ واحد کی ذمہ داری اور قدرت سے محبت کیسی ہوتی ہے۔

خاموش انقلاب

ماحولیاتی بے حسی اور ناامیدی کے اس دور میں ایلس ہوبرٹینا سپانڈر مین کی کہانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ایک شخص بھی فرق ڈال سکتا ہے۔پانچ برس کی انتھک کوششوں سے وہ صرف جھیل کو صاف نہیں کر رہیں ، وہ پورے معاشرے کو آئینہ دکھا رہی ہیں کہ ہمیں جلدی جاگنے، زیادہ پرواہ کرنے اور دل سے محبت کرنے کی ضرورت ہے۔ڈل جھیل اب بھی اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، لیکن ایلس کی بدولت یہ بھلائی نہیں گئی۔