عارف الاسلام/گوہاٹی
زندگی میں زبین گارگ نے آسام کے عوام کو فخر کا احساس دلایا جب وہ ان کے گیتوں پر جھومتے اور گنگناتے تھے؛ اور موت میں یہ یوتھ آئیکون آسام کے لوگوں کو یکجا کرنے کی اپنی طاقت ثابت کر گیا۔52 سالہ زبین گارگ کی سنگاپور میں اسکیوبا ڈائیونگ کے دوران ایک حادثے میں موت ہوگئی۔ انہوں نے 40 زبانوں میں 38,000 سے زیادہ گیت گائے، جن میں آسامی، بنگالی اور ہندی شامل ہیں۔ بالی ووڈ میں ان کا سب سے بڑا ہٹ گانا "یا علی…" (فلم Gangster) تھا جو کلٹ سانگ بن گیا۔ذات، مذہب، فرقہ، زبان اور نظریاتی اختلافات سے بالاتر ہوکر، آسام کے لوگ جمعہ سے، جب یہ ہولناک خبر پہنچی، ہر دعا میں ان کا نام لے رہے ہیں۔
یہ کہنا مبالغہ نہیں ہوگا کہ گلوکار، موسیقار، نغمہ نگار، ہدایتکار اور اداکار زبین گارگ کی سنگاپور میں جمعہ کی سہ پہر سمندر میں تیراکی کے دوران دورے کے باعث موت کی خبر آنے کے بعد آسام کی زندگی گویا تھم سی گئی۔جوانی میں ایک روشن ستارہ کھو دینے کا غم فطری اور بے ساختہ تھا؛ سب کچھ بکھر سا گیا۔ ہزاروں مداحوں نے مندروں اور مساجد کا رخ کیا اور ان کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی۔ ریاست کے ہر گوشے میں ان کے گیت گونج اٹھے۔گوہاٹی کی تاریخی بوراہ جامع مسجد بھی اس سے مستثنیٰ نہ رہی۔
ہفتہ کی شام بوہرہ مسجد کے احاطے میں زبین کا سپر ہٹ گیت "مایابنی راتیر بکت…" گونجا تاکہ اس محبوب لیجنڈ کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔مسجد انتظامیہ اور اس کے چیریٹی ہاسٹل کے مکینوں نے دعا کی مجلس منعقد کی، جب کہ ہاسٹل کے طلبہ نے موم بتی مارچ بھی نکالا۔ اس دوران نئی نسل کے مقبول نعرے "جے زبین دا"، "زبین دا امر ہو" لگاتے ہوئے شہر کے قلب میں دریائے ڈگھالی پکھری کے کنارے تک گئے اور اس مشہور فنکار کو خراج پیش کیا۔زبین گارگ کا یہ بھی کریڈٹ ہے کہ انہوں نے آذان پیر کا سب سے مقبول ذکر "مور مانت بھید بھائی نائی او اللہ… (اے اللہ، میرے دل میں کوئی فرق نہیں ہے …) نئی نسل میں عام کیا۔
ہاسٹل کے ایک مکین، سنی نے کہاکہ مارے محبوب زبین گارگ اب ہمارے درمیان نہیں رہے۔ ہم، بوہرہ جامع مسجد ہاسٹل کے رہائشی، مسجد کے احاطے سے ڈگھالی پکھری تک ایک موم بتی مارچ لے کر گئے۔ زبین گارگ کی موت ہمارے آسام اور آسامی سماج کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ ہم سب زبین دا کے اچانک انتقال سے غمزدہ ہیں اور ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ مرحوم کی روح کو ابدی سکون نصیب ہو۔مسجد کی انتظامی کمیٹی کے سیکریٹری، نظام الحق نے کہاکہ زبین گارگ ایک ادارہ تھے۔ آج وہ ہم سے جدا ہو گئے۔ وہ ہر آسامی کے دل میں ہیں۔ وہ ہر ایک کو عزیز ہیں، چاہے ذات، مذہب، نسل یا زبان کوئی بھی ہو۔ زبین گارگ آسام کے ہر گھر کے فرد ہیں۔ لیکن زبین کی موت نے آسام کے عوام کے دلوں میں شکوک پیدا کر دیے ہیں کہ یہ موت کیسے اور کیوں ہوئی۔ اس پر باقاعدہ تفتیش ہونی چاہیے۔ ہم زبین کی موت کے معمے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔سی بی آئی اس کی تحقیقات کرے۔ اور اگر زبین کی موت میں کوئی سازش یا بدنیتی شامل ہے تو قصورواروں کو ہرگز بخشا نہ جائے۔ میں زبین کی روح کے سکون کے لیے دعا کرتا ہوں۔ ہم نے بوہرہ جامع مسجد میں ان کے لیے دعا کی ہے۔ میں اپنے ہاسٹل کے رہائشیوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے زبین کو اتنا خوبصورت خراجِ عقیدت پیش کیا۔