زیلنسکی کا بڑا اعلان

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 22-07-2025
زیلنسکی کا بڑا اعلان
زیلنسکی کا بڑا اعلان

 



یوکرین / آواز دی وائس
روس اور یوکرین کے درمیان بدھ، 23 جولائی کو نئی امن مذاکرات ہوں گے۔ یوکرین کے صدر زیلنسکی نے پیر کے روز اس کا اعلان کیا۔ یہ بات چیت ان دو سابقہ دوروں کا تسلسل ہے، جن میں جنگ کے خاتمے اور امن معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کی گئی تھی، لیکن کوئی خاص پیش رفت نہیں ہو سکی۔ ترکی حکومت کے ایک ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ مذاکرات استنبول میں ہوں گے — وہی مقام جہاں مئی اور جون میں بھی مذاکرات ناکامی سے دوچار ہوئے تھے۔
ایک جانب امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس پر دباؤ بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 50 دنوں کے اندر امن معاہدے پر راضی ہو یا پھر مزید پابندیوں کا سامنا کرے۔ وہیں روس نے امن معاہدے کے حوالے سے بہت کم امید ظاہر کی ہے۔ روس کے اس ردِ عمل کے چند ہی گھنٹوں بعد زیلنسکی نے تیسرے مرحلے کی بات چیت کا اعلان کر دیا۔
نئے دور کی بات چیت کا یہ اعلان ایسے وقت پر آیا ہے جب یوکرین کے دارالحکومت کیف پر روس نے تازہ حملے کیے ہیں، جن سے کئی مقامات پر آگ لگ گئی اور زیرِ زمین شیلٹرز کو بھی نقصان پہنچا، جہاں شہریوں نے پناہ لے رکھی تھی۔
زیلنسکی نے پیر کو اپنے روزانہ خطاب میں کہا کہ آج میں نے (یوکرینی سکیورٹی کونسل کے سربراہ) رستم اُمیروف کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے اور ترکی میں روسی فریق کے ساتھ ایک اور ملاقات کی تیاریوں پر گفتگو کی۔ اُمیروف نے بتایا کہ یہ ملاقات بدھ کو طے ہے۔ زیلنسکی نے پچھلے ویک اینڈ میں ہی نئی بات چیت کی تجویز دی تھی اور کہا تھا کہ مزید تفصیلات منگل کو جاری کی جائیں گی۔ روس نے فی الحال اس بات چیت کی باقاعدہ تصدیق نہیں کی ہے۔
فروری 2022 میں روس کے مکمل حملے کے بعد سے جنگ جاری ہے۔ دونوں ممالک 16 مئی اور 2 جون کو استنبول میں امن معاہدے پر بات چیت کے لیے مل چکے ہیں۔ اس سے قبل بھی ٹرمپ نے روس پر دباؤ بڑھایا تھا، لیکن کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ اب تک کی بات چیت میں یوکرین اور روس صرف قیدیوں کے تبادلے پر متفق ہو پائے ہیں۔ روس نے تب سے یوکرین پر شدید فضائی حملے شروع کر دیے ہیں اور سرحدی علاقوں پر مزید قبضہ جما لیا ہے۔
روس نے مطالبہ کیا ہے کہ یوکرین کریمیا سے متصل چار علاقوں کو چھوڑ دے، جن پر روس نے 2014 میں قبضہ کیا تھا۔ ساتھ ہی روس کا اصرار ہے کہ یوکرین نیٹو فوجی اتحاد میں شامل ہونے کے کسی بھی ارادے کو ترک کرے۔ تاہم یوکرین نے ان مطالبات کو مسترد کر دیا ہے اور شک ظاہر کیا ہے کہ آیا روس واقعی جنگ بندی چاہتا ہے یا صرف ایسی شرائط رکھ رہا ہے جن کا پورا ہونا ممکن نہیں۔