یوراج سنگھ اور رابن اتھپا کو ای ڈی نے طلب کیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 16-09-2025
یوراج سنگھ اور رابن اتھپا کو ای ڈی نے طلب کیا
یوراج سنگھ اور رابن اتھپا کو ای ڈی نے طلب کیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ای ڈی نے مبینہ غیر قانونی آن لائن سٹے بازی ایپ سے جڑے منی لانڈرنگ کیس میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی یووراج سنگھ، رابن اوتھپا اور اداکار سونو سود کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے منگل 16 ستمبر کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے افسران کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔
یووراج اور اوتھپا کو ستمبر میں طلب کیا گیا
افسران نے بتایا کہ ورلڈ کپ جیتنے والے کرکٹر یووراج سنگھ اور رابن اوتھپا کے علاوہ اداکار سونو سود (52 سال) کو "1ایکس بیٹ" نامی پلیٹ فارم سے جڑے ایک معاملے میں منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت اگلے ہفتے ان کے بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
رابن اوتھپا کو 22 ستمبر، یووراج سنگھ کو 23 ستمبر اور سونو سود کو 24 ستمبر کو پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔
رائنا اور دھون سے بھی پوچھ گچھ ہو چکی
مرکزی تفتیشی ایجنسی گزشتہ کچھ ہفتوں میں سابق کرکٹر سریش رائنا اور شیکھر دھون سے بھی پوچھ گچھ کر چکی ہے۔ اسی معاملے میں پیر کے روز سابق ترنمول کانگریس ایم پی اور اداکارہ میمی چکرورتی کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ بنگالی اداکار انکُش ہاجرا منگل کو اپنے مقررہ سمن پر ای ڈی کے سامنے پیش ہوئے، جبکہ 1ایکس بیٹ کی ہندوستان میں برانڈ ایمبیسڈر اور اداکارہ اروشی روتیلا طے شدہ تاریخ پر ابھی تک پیش نہیں ہوئیں۔
مبینہ غیر قانونی سٹے بازی ایپ پر تفتیش
یہ جانچ مبینہ غیر قانونی سٹے بازی ایپ سے متعلق ہے، جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ ایپ چلانے والی کمپنی نے کئی لوگوں اور سرمایہ کاروں کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے یا بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کی ہے۔ کمپنی کے مطابق، 1ایکس بیٹ ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ بیٹنگ پلیٹ فارم ہے جو پچھلے 18 سالوں سے اس میدان میں کام کر رہا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس برانڈ کے گاہک ہزاروں کھیلوں کے مقابلوں پر داؤ لگا سکتے ہیں اور کمپنی کی ویب سائٹ اور ایپ 70 زبانوں میں دستیاب ہے۔