یونس نےمودی کو بھیجے 1000 کلو آم

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-07-2025
یونس نےمودی کو بھیجے  1000 کلو آم
یونس نےمودی کو بھیجے 1000 کلو آم

 



ڈھاکہ/ آواز دی وائس
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو آم کا تحفہ بھیجا ہے۔ یہ آم پیر کے روز ہندوستان پہنچیں گے۔ اگرچہ بنگلہ دیش کی جانب سے ہر سال آم بھیجے جاتے ہیں، لیکن اس بار جب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کچھ کشیدہ ہیں، تو یہ آم خاص اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔
بمسٹیک سربراہی اجلاس کے دوران جب پروفیسر یونس کی وزیر اعظم مودی سے ملاقات ہوئی تھی، تو ہندوستان کی طرف سے انہیں بنگلہ دیش کی حالیہ ہندوستان مخالف بیان بازی اور شمال مشرقی ریاستوں پر دی گئی رائے کے حوالے سے سخت پیغام بھی دیا گیا تھا۔ اس کے باوجود، پروفیسر محمد یونس نے نہ صرف وزیر اعظم مودی، بلکہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور تریپورہ کے وزیر اعلیٰ کو بھی آم بھیجے ہیں۔
بنگلہ دیش کے اعلیٰ معیار کے آم
ہری بھنگا‘ آم بنگلہ دیش کی ایک اعلیٰ کوالٹی کی آم کی قسم ہے، جو ہر سال بطور تحفہ بھیجی جاتی ہے۔ یہ روایت پچھلی حکومتوں کے زمانے سے جاری ہے۔ اس سال ہری بھنگا آم کی 1000 کلوگرام کی کھیپ پیر کے روز نئی دہلی پہنچنے والی ہے۔ ان آموں کو ہندوستانی وزیر اعظم دفتر کے معززین، سفارتکاروں اور دیگر افسران کے ساتھ بھی شیئر کیا جائے گا۔ عبوری حکومت نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی کو بھی آم بھیجنے کا انتظام کیا ہے۔
چیف ایڈوائزر پروفیسر یونس نے جمعرات کو تریپورہ کے وزیر اعلیٰ اور دیگر معزز شخصیات کو تحفے کے طور پر 300 کلوگرام مشہور ’ہری بھنگا‘ آم بھیجے۔ یہ آم جمعرات کی شام تقریباً 5:15 بجے اَکھورا لینڈ پورٹ کے ذریعے 60 ڈبوں میں پیک کر کے روانہ کیے گئے۔ ہر سال، بنگلہ دیشی حکومت تریپورہ حکومت اور ریاست کے اہم افراد کو موسمی تحائف بھیجتی ہے۔
آم کے بدلے انناس
جواباً، تریپورہ بنگلہ دیش کو خیرسگالی کے طور پر اپنے مشہور اور رسیلے ’کوئین‘ قسم کے انناس کا تحفہ بھیجتا ہے۔ اس سال آموں کا تحفہ بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ نے ترتیب دیا اور ایک ایکسپورٹر کے ذریعے روانہ کیا گیا۔ حکام نے اگر تلہ میں موجود بنگلہ دیش کے اسسٹنٹ ہائی کمیشن کے نمائندوں کے سپرد یہ آموں کی کھیپ کی۔