آپ کو صدر کے فیصلے کا انتظار کرنا ہوگا: سپریم کورٹ نے تمل ناڈو سے کہا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 17-10-2025
آپ کو صدر کے فیصلے کا انتظار کرنا ہوگا: سپریم کورٹ نے تمل ناڈو سے کہا
آپ کو صدر کے فیصلے کا انتظار کرنا ہوگا: سپریم کورٹ نے تمل ناڈو سے کہا

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو تمل ناڈو حکومت سے کہا کہ وہ تمل ناڈو فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس یونیورسٹی (ترمیمی) بل 2025 کو منظوری دینے کے بجائے صدرِ جمہوریہ کو بھیجنے کے گورنر آر این روی کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواست پر اس وقت تک انتظار کرے جب تک کہ صدر کو بھیجے گئے ریفرنس پر فیصلہ نہ آ جائے۔ چیف جسٹس آف انڈیا (CJI) بی آر گوائی اور جسٹس کے.

وِنود چندرن پر مشتمل بنچ نے کہا کہ اس معاملے پر آئینی بنچ کے فیصلے کے بعد ہی سماعت کی جائے گی۔ بنچ نے کہا، ’’آپ کو صدر کے ریفرنس کے نتائج کا انتظار کرنا ہوگا۔ آپ کو بمشکل چار ہفتے انتظار کرنا پڑے گا۔ اس ریفرنس پر 21 نومبر (چیف جسٹس گوائی کی ریٹائرمنٹ سے پہلے) فیصلہ آنا ہے۔‘‘ سپریم کورٹ نے صدر کے ریفرنس پر 11 ستمبر کو اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔

اس ریفرنس میں یہ سوال اٹھایا گیا تھا کہ کیا ایک آئینی عدالت ریاستی اسمبلیوں کی جانب سے منظور کردہ بلز کی منظوری کے لیے گورنروں اور صدرِ جمہوریہ کے لیے وقت کی حد مقرر کر سکتی ہے۔ تمل ناڈو حکومت نے سپریم کورٹ میں دائر اپنی درخواست میں کہا ہے کہ بل کو صدر کے غور کے لیے بھیجنے کا گورنر کا عمل ’’واضح طور پر غیر آئینی ہے، آئین کے آرٹیکل 163(1) اور 200 کی خلاف ورزی ہے اور ابتدا سے ہی باطل ہے۔‘‘

درخواست کے مطابق، بل کو 6 مئی 2025 کو گورنر کے پاس منظوری کے لیے بھیجا گیا تھا، ساتھ ہی وزیر اعلیٰ کی یہ صلاح بھی شامل تھی کہ اسے منظور کیا جائے۔ تاہم، 14 جولائی کو گورنر نے یو جی سی ریگولیشن 2018 کی شق 7.3 سے مبینہ تصادم کا حوالہ دیتے ہوئے بل کو صدر کے پاس بھیج دیا، جس پر ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام گورنر کے آئینی دائرہ اختیار سے باہر ہے۔