گورکھپور: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کے روز کہا کہ بعض طاقتیں ہندوستان کی سناتن ثقافت اور روایات کو تباہ کرنا چاہتی ہیں، اس لیے عوام کو ایسے عناصر سے ہوشیار رہنا چاہیے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے گرو پورنیما کے موقع پر گورکھ ناتھ مندر میں جاری شری رام کتھا کے اختتامی اجلاس اور گرو پورنیما تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے محتاط رہیں۔
انہوں نے کہا، "ہم سب کو ہندوستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کو سمجھنا ہوگا۔ کچھ طاقتیں ہندوستان کی ترقی، سناتن ثقافت اور روایات کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔" کسی کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا، "اگر ہم اپنے ہی معاشرے میں کالنیمی کی شکل اختیار کیے ہوئے ملک مخالف سازشی عناصر کو نہ پہچانیں تو یہ اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہوگا۔"
وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ آئندہ دو سے تین برسوں میں ہندوستان دنیا کی تین بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک کو ہندوستان نے ترقی کی دوڑ میں پیچھے چھوڑا ہے، ان کے لیے یہ بات قابلِ قبول نہیں، اس لیے بعض طاقتیں ملک میں عدم استحکام، بدامنی اور انتشار پھیلانے کی سازش کر رہی ہیں۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ بارہ سال پہلے ملک کے 120 اضلاع نکسل ازم سے متاثر تھے، لیکن آج ایک بھی ضلع اس مسئلے سے متاثر نہیں ہے۔ ان کے مطابق نکسل ازم کی حمایت کرنے والے عناصر اب نئے روپ اور نئے ناموں کے ساتھ سامنے آ سکتے ہیں۔ انہوں نے رامائن کے کردار کالنیمی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح اس نے ہنومان جی کا راستہ روکنے کی کوشش کی تھی، اسی طرح آج بھی ایسے عناصر موجود ہیں جن سے سب کو خبردار رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے افراد سے محتاط رہنا چاہیے جو براہِ راست یا بالواسطہ ہندوستان کے خلاف سازشوں میں شریک ہوں۔ وزیر اعلیٰ نے زور دے کر کہا کہ معاشرے کو متحد ہو کر یہ عہد کرنا چاہیے کہ وہ ملک کے خلاف کسی بھی سازش کو قبول نہیں کرے گا۔