دنیا بھر میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا یوگا ڈے

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 21-06-2025
دنیا بھر میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا یوگا ڈے
دنیا بھر میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا یوگا ڈے

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دنیا بھر میں ہزاروں افراد نے ہفتہ کے روز بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر ہندوستان کی اس قدیم روحانی اور جسمانی صحت کی روایت کا عملی مظاہرہ کیا اور جوش و خروش سے منعقدہ مختلف پروگراموں میں حصہ لیا۔ 
اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں یوگا ڈے کی مناسبت سے معروف معالج، مصنف اور صحت کے رہنما دیپک چوپڑا نے ایک خصوصی  سیشن کی قیادت کی۔ اس پروگرام کی میزبانی اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مشن نے کی۔
اقوام متحدہ میں منعقدہ 11ویں بین الاقوامی یومِ یوگا کے اس پروگرام میں 1,200 سے زائد یوگا کے شوقین، سفارتکار، اقوام متحدہ کے افسران، سفارتی عملے کے ارکان اور تارکین وطن نے شرکت کی۔
اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندہ اور سفیر پی ہریش نے استقبالی تقریر میں کہا کہ اس سال یوگا ڈے کا موضوع "ایک زمین، ایک صحت" ہے، جو 2023 میں ہندوستان کی جی-20 صدارت کے دوران پیش کیے گئے ’وسودھیو کٹمبکم‘ کے تصور پر مبنی ہے۔
اس سے قبل نیویارک میں ہندوستانی قونصل خانے نے ٹائمز اسکوائر الائنس کے ساتھ مل کر ٹائمز اسکوائر پر 11واں بین الاقوامی یوم یوگا منایا۔ معروف اداکار انوپم کھیر نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔
لندن کے مشہور علاقے ’اسٹرینڈ‘ کے ایک مرکزی چوک میں بھی سیکڑوں افراد نے ہندوستانی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام یوگا سیشن میں ماہرین کی رہنمائی میں شرکت کی۔ برطانیہ میں ہندوستان کے ہائی کمشنر وکرم دورائی سوامی نے اس موقع پر ایک پیغام پڑھ کر پروگرام کا آغاز کیا، جو مہاراجہ چارلس سوم کی طرف سے یوگا ڈے کی دسویں سالگرہ پر دیا گیا تھا۔
۔76 سالہ چارلس، جو یوگا سے خاص دلچسپی رکھتے ہیں، نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ سالانہ تہوار اتحاد، ہمدردی اور بہبود جیسے عالمی اصولوں کو فروغ دیتا ہے۔ بکھنگم پیلس کی طرف سے جاری کردہ پیغام میں کہا گیا کہ اس سال کا موضوع "ایک زمین، ایک صحت کے لیے یوگا" ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ایک خوشحال اور صحت مند مستقبل کے لیے دنیا کا متحد ہونا کتنا ضروری ہے۔
چین میں بھی ہزاروں افراد نے یوگا کی مشقیں کیں اور پروگراموں میں شرکت کی، جو اس قدیم ہندوستانی روایت کی بڑھتی مقبولیت کا مظہر ہے۔
بیجنگ میں ہندوستانی سفیر پردیپ کمار راوت نے دیگر سفارتکاروں کے ہمراہ پرانے سفارت خانہ کی عمارت میں ایک پروگرام میں شرکت کی۔ دو گھنٹے کے اس پروگرام میں یوگا مقابلے کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں یوگا شوقین شامل ہوئے۔
سنگاپور میں گیارھواں یوگا ڈے "سپر ٹری لان" میں منایا گیا، جس میں سنگاپور کے وزیر برائے ثقافت، برادری، نوجوان اور افرادی قوت دینیش واسو داس نے کہا کہ "تیزی سے تقسیم ہوتی دنیا میں، ہم سب کو ایک ساتھ لانے کے لیے یوگا کی مزید ضرورت ہے۔
ہندوستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر شلپک امبولے نے کہا کہ اس سال کا موضوع اس سچائی کی عکاسی کرتا ہے کہ فرد، معاشرہ اور کرۂ ارض کی بہبود ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔
نیپال میں ہندوستانی سفارت خانے نے پوکھرا کی خوبصورت فیوا جھیل کے کنارے 500 سے زیادہ افراد کے ساتھ یوگا اور دھیان سیشن منعقد کیا۔
سفارت خانے نے لُومبنی ڈویلپمنٹ ٹرسٹ کے تعاون سے یونیسکو عالمی ثقافتی ورثہ مقام لُومبنی کلچرل زون میں شہزادہ سدھارتھ کی مورتی اور مایا دیوی مندر کے قریب یوگا پروگرام بھی منعقد کیا، جس میں 500 سے زیادہ یوگا کے شوقین شریک ہوئے۔
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ہندوستانی سفارت خانے نے مشہور ’تسوکیجی ہونگوانجی‘ مندر میں یوگا فیسٹیول کا انعقاد کیا۔ جاپان کے وزیراعظم شیگیرو اشیبا کی اہلیہ یوشیکو اشیبا اور وزیر خارجہ تاکیشی ایوایا کی اہلیہ ساتوکو ایوایا نے فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ اس پروگرام میں ممتاز شخصیات، سرکاری نمائندوں اور 2,000 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ ہندوستانی سفیر سِبی جارج نے اجتماع سے خطاب بھی کیا۔
ملیشیا کے کوالالمپور میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے ’نیتاجی سبھاش چندر بوس انڈین کلچرل سینٹر‘ کے ساتھ مل کر باتو کیو گُفا کے احاطے میں یوگا پروگرام منعقد کیا۔
سری لنکا کے شہر کولمبو میں یوگا ڈے کی مناسبت سے آزادی چوک پر ایک خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔
تھائی لینڈ میں بھی بین الاقوامی یوگا ڈے کو بھرپور جوش کے ساتھ منایا گیا، جہاں بینکاک کی چولالونگکورن یونیورسٹی کے میدان میں یوگا سیشن ہوا۔
بینکاک میں ہندوستانی سفارت خانے نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 4,000 سے زائد افراد نے اس یوگا سیشن میں حصہ لیا، جو "ایک زمین، ایک صحت کے لیے یوگا" کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔
آسٹریلیا کے شہر کینبرا میں تاریخی اولڈ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے یوگا پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔