ایمرجنسی کے 50 سال: مودی حکومت کے کابینہ اجلاس میں کیا کیا ہوا؟

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-06-2025
ایمرجنسی کے 50 سال: مودی حکومت کے کابینہ اجلاس میں کیا کیا ہوا؟
ایمرجنسی کے 50 سال: مودی حکومت کے کابینہ اجلاس میں کیا کیا ہوا؟

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ایمرجنسی کے 50 سال مکمل ہو چکے ہیں، اور ہندوستانی جمہوریت کے اس سیاہ باب کو یاد کرتے ہوئے بی جے پی ملک کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی اور کانگریس پارٹی پر شدید تنقید کر رہی ہے۔ مرکزی حکومت نے اس موقع پر ایک عہد بھی لیا ہے اور کابینہ کے اجلاس میں باقاعدہ دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس کے علاوہ حکومت نے ایک تجویز بھی منظور کی ہے۔
ایمرجنسی پر وزیر اعظم نریندر مودی کا ردعمل
اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ایمرجنسی کے تعلق سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی۔ انہوں نے لکھا کہ آج ہندوستان کی جمہوری تاریخ کے سب سے سیاہ ابواب میں سے ایک، ایمرجنسی نافذ ہونے کے پچاس سال مکمل ہو گئے ہیں۔ ہندوستانی عوام اس دن کو 'آئین قتل دن' کے طور پر یاد کرتے ہیں۔ اس دن ہندوستان کے آئین میں درج اقدار کو نظرانداز کر دیا گیا، بنیادی حقوق معطل کر دیے گئے، پریس کی آزادی کو ختم کر دیا گیا اور کئی سیاسی رہنماؤں، سماجی کارکنوں، طلبا اور عام شہریوں کو جیل میں ڈال دیا گیا۔ ایسا لگ رہا تھا جیسے اس وقت کی کانگریس حکومت نے جمہوریت کو یرغمال بنا لیا تھا۔
وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ ملک کے وزیر داخلہ امت شاہ اور دیگر کئی اہم لیڈران نے بھی ایمرجنسی کو جمہوریت کے لیے سیاہ باب قرار دیا اور کانگریس پر زبردست تنقید کی۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران بی جے پی نے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام لگایا کہ انہوں نے وزیر اعظم کے لیے توہین آمیز الفاظ استعمال کیے۔
بی جے پی کا حملہ
بی جے پی کے ترجمان اور  ممبر پارلیمنٹ سمبت پاترا نے کہا کہ آج سے 50 سال پہلے ملک کی جمہوریت پر ایمرجنسی کے ذریعے حملہ کیا گیا تھا۔ آج بھارتیہ جنتا پارٹی پورے ہندوستان میں اس دن کو سیاہ دن کے طور پر منا رہی ہے۔ ہمیں کانگریس پارٹی کی بوکھلاہٹ صاف نظر آ رہی ہے۔ کھڑگے نے وزیر اعظم کے لیے جو الفاظ استعمال کیے وہ قابل مذمت ہیں۔ کانگریس والوں کو یہ اندازہ نہیں ہے کہ عام ہندوستانیوں نے ایمرجنسی کے دوران کتنی تکالیف جھیلی ہیں۔
اب مرکزی حکومت کی کابینہ میٹنگ میں بھی ایمرجنسی کا ذکر ہوا، قربانی دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور نوجوانوں کو بیدار کرنے کی اپیل کی گئی۔
کابینہ اجلاس کے تین اہم فیصلے
مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے بتایا کہ پونے میٹرو کی توسیع کے لیے 3626 کروڑ روپے منظور کیے گئے۔
جھارکھنڈ کے جھریا علاقے میں زیر زمین آگ کے مسئلے کے حل کے لیے 5940 کروڑ روپے کا نیا ماسٹر پلان منظور کیا گیا۔
آگرہ میں 111 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک بین الاقوامی آلو تحقیقاتی مرکز قائم کیا جائے گا۔