امریکہ میں 70 سالہ سکھ پر حملہ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-08-2025
امریکہ میں 70 سالہ سکھ پر حملہ
امریکہ میں 70 سالہ سکھ پر حملہ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
امریکہ میں ایک بار پھر ایک ہندوستانی کے خلاف ممکنہ نفرت انگیز جرم (ہیٹ کرائم) کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ امریکہ کے نارتھ ہالی ووڈ میں ایک 70 سالہ سکھ شخص پر اُس وقت بہیمانہ حملہ کیا گیا جب وہ اپنے گردوارے کے قریب دوپہر کی سیر کے لیے نکلے تھے۔ یہ واقعہ 4 اگست کو پیش آیا، جب لاس اینجلس کے لنکرشِم بلیوارڈ علاقے میں ایک نامعلوم شخص نے ہرپال سنگھ پر گولف کلب سے حملہ کیا۔
اے بی سی 7 کی ایک رپورٹ کے مطابق، متاثرہ کی جان تو بچ گئی لیکن اُن کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ وہ بات چیت کرنے سے قاصر ہیں اور دماغ میں اندرونی خون بہنے (انٹرنل بلیڈنگ) کا سامنا کر رہے ہیں۔ ہرپال سنگھ کے بھائی ڈاکٹر گوردیال سنگھ رندھوا نے بتایا کہ چہرے کی ہڈیاں ٹوٹنے اور دماغ میں خون بہنے کے باعث پچھلے ہفتے متاثرہ کی تین سرجریاں ہو چکی ہیں۔ وہ مبینہ طور پر میڈیکلی انڈیوسڈ کوما میں ہیں۔
حملے کی ایک پریشان کن ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہرپال سنگھ حملے کے بعد فٹ پاتھ پر اپنے ہی خون میں لت پت بیٹھے ہیں۔ حملے کے لیے استعمال ہونے والا ہتھیار اُن کے پیروں کے پاس پڑا دکھائی دیتا ہے۔
حملہ کیسے ہوا؟
عینی شاہدین کے مطابق، ایک مضبوط جسم والا شخص سائیکل پر آ کر ہرپال سنگھ کے قریب پہنچا اور بلا کسی وجہ اُن پر گولف کلب سے حملہ کرنے لگا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آیا کہ مشتبہ شخص درمیانی عمر کا اور مضبوط کَسرتی بدن کا مالک تھا۔ حکام نے بتایا کہ اس ماہ کے آغاز میں نارتھ ہالی ووڈ میں ایک بزرگ شخص پر گولف کلب سے حملہ کرنے کے الزام میں ایک مشتبہ کو گرفتار کیا گیا ہے۔
تاہم، لاس اینجلس پولیس ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ وہ اس حملے کو نفرت انگیز جرم کے طور پر تحقیقات کا حصہ نہیں بنا رہا ہے۔ اس واقعے پر ڈسٹرکٹ 7 ایل اے سٹی کونسل کی رکن مونیکا روڈریگِز نے کہا، ’’ہمارے کمیونٹی کے کسی ایک رکن پر حملہ، ہم سب پر حملہ ہے۔‘‘
پیر کو نارتھ ہالی ووڈ میں سکھ کمیونٹی کے اراکین نے زیادہ پولیس سکیورٹی کا مطالبہ کرتے ہوئے ریلی نکالی۔ انہوں نے ایک دعائیہ اجتماع بھی منعقد کیا۔ سکھ کولیشن کی قانونی ڈائریکٹر منمیت کور نے کہا، ’’سچائی یہ ہے کہ یہ واقعہ ہوا اور کوئی بھی اسے روکنے کے لیے اس وقت تک سامنے نہیں آیا جب تک کہ ڈاکٹر سنگھ کو اتنی سنگین حالت میں نہ چھوڑ دیا گیا، اس سے ہماری کمیونٹی میں خوف پھیل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پوچھ رہے ہیں، ہم مطالبہ کر رہے ہیں کہ اس علاقے میں سکیورٹی بڑھائی جائے تاکہ ہماری کمیونٹی آزادانہ طور پر گھوم پھر سکے اور یہاں رہنے اور چلنے میں خود کو محفوظ محسوس کر سکے۔‘‘