ممبئی
مقبول اداکار یش کی بے حد منتظر فلم “ٹاکسک: اے فیئری ٹیل فار گرون اپس” کی ریلیز مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث 4 جون تک مؤخر کر دی گئی ہے۔گیتو موہنداس کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم ایک ایکشن تھرلر کہانی ہے، جس کی داستان 1940 کی دہائی کے آغاز سے لے کر 1970 کی دہائی تک گوا میں پیش آنے والے واقعات کے گرد گھومتی ہے۔ اس فلم میں یش رایا نامی ایک گینگسٹر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم اصل میں 19 مارچ کو دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی تھی۔
فلم کی پروڈکشن کمپنی کے وی این پروڈکشنز اور یش کی کمپنی مانسٹر مائنڈ کریئیشنز نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں اس فیصلے کی اطلاع دی۔بیان میں کہا گیا کہ فلم کو عالمی ناظرین کے لیے تیار کرنے کے وژن کے ساتھ بنایا گیا تھا، لیکن موجودہ غیر یقینی صورتحال، خاص طور پر مشرقِ وسطیٰ میں پیدا ہونے والی کشیدگی نے ایسی صورتحال پیدا کر دی ہے جو زیادہ سے زیادہ ناظرین تک پہنچنے کے ہدف کو متاثر کر سکتی ہے۔
بیان کے مطابق، اسی لیے اپنے پارٹنرز اور ناظرین کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے غور و فکر کے بعد فلم کی ریلیز کی تاریخ تبدیل کرنے کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ ہم آپ کے صبر اور سمجھ بوجھ کے لیے شکر گزار ہیں اور آپ کی مسلسل محبت اور حمایت کے منتظر ہیں۔خلیجی خطہ اس فلم کی ملٹی لینگویج گلوبل رول آؤٹ کے لیے ایک اہم مارکیٹ سمجھا جاتا ہے۔
مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اس وقت شدت اختیار کر گئی جب امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران کے خلاف مشترکہ کارروائی شروع کی۔ اس کے جواب میں تہران نے اسرائیل، خلیجی خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور عالمی بزنس ہب دبئی پر ڈرون اور میزائل حملے کیے۔
۔4 جون کی نئی تاریخ کے ساتھ فلم ٹاکسک کا باکس آفس پر ٹکراؤ ہدایت کار آدتیہ دھر کی فلم دھورندھر کے دوسرے حصے سے بھی ٹل گیا ہے، جو پہلے 19 مارچ کو ریلیز ہونے والی تھی۔
یش اس فلم میں اداکاری کے ساتھ ساتھ گیتو موہنداس کے ساتھ بطور کو رائٹر بھی شامل ہیں۔ یہ فلم 2022 میں بلاک بسٹر ثابت ہونے والی فلم کے جی ایف: چیپٹر 2 کے بعد ان کا پہلا بڑا پروجیکٹ ہے۔
فلم ٹاکسک کی دیگر کاسٹ میں نینتھارا، کیارا اڈوانی، ہما قریشی، رکمنی وسنتھ اور تارا ستاریا شامل ہیں۔اس فلم کی شو ٹنگ بیک وقت کنڑ اور انگریزی زبان میں کی گئی ہے، جبکہ اس کے ڈبڈ ورژن ہندی، تمل، تیلگو اور ملیالم زبانوں میں بھی ریلیز کیے جائیں گے۔