نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی میں پرانے ریلوے پل پر جمنا ندی کا پانی بدھ کی صبح 204.61 میٹر تک پہنچ گیا اور یہ لگاتار دوسرے دن 204.50 میٹر کے انتباہی نشان سے اوپر رہا۔ حکام نے یہ اطلاع دی۔ مرکزی آبی کمیشن کی جانب سے منگل کی شام جاری سیلاب کی انتباہی اطلاع کے مطابق، پانی کی سطح بدھ کی شام تک خطرے کے نشان کو پار کر سکتی ہے۔
کمیشن نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں نگرانی رکھیں اور ضروری اقدامات کریں، جیسے کہ ندی کے کناروں کے قریب رہنے والے لوگوں کو انتباہ دینا اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا انتظام کرنا۔
حکام نے بتایا کہ بدھ کی صبح نو بجے جمنا کا پانی 204.61 میٹر تھا۔
دہلی میں انتباہی نشان 204.5 میٹر جبکہ خطرے کا نشان 205.3 میٹر ہے۔ جب پانی کی سطح 206 میٹر تک پہنچتی ہے تو لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کر دیا جاتا ہے۔ پرانا ریلوے پل ندی کے بہاؤ اور ممکنہ سیلاب کے خطرات پر نظر رکھنے کے لیے ایک اہم مشاہداتی مقام ہے۔
مرکزی سیلاب کنٹرول روم کے ایک افسر نے کہا کہ پانی کی سطح میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ وزیرآباد اور ہتھنی کنڈ بیراج سے ہر گھنٹے بھاری مقدار میں پانی کا چھوڑا جانا ہے۔ پانی کی سطح مزید بڑھنے کا اندازہ ہے۔ سیلاب کنٹرول محکمے کے مطابق، وزیرآباد سے ہر گھنٹے تقریباً 37,230 کیوسک پانی اور ہتھنی کنڈ بیراج سے تقریباً 52,448 کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے۔
بیراج سے چھوڑے گئے پانی کو دہلی پہنچنے میں عام طور پر 48 سے 50 گھنٹے لگتے ہیں۔ بالائی علاقوں سے کم پانی چھوڑے جانے کے باوجود جمنا کا پانی بڑھ رہا ہے۔