غلط نقشہ کا معاملہ:اسرائیل نے ہندوستان سے معافی مانگی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 14-06-2025
Wrong map issue: Israel apologizes to India
Wrong map issue: Israel apologizes to India

 



یروشلم: اسرائیلی فوج نے جموں و کشمیر کو پاکستان کا حصہ دکھانے والا غلط نقشہ پوسٹ کرنے پر معافی مانگ لی ہے اور کہا ہے کہ متعلقہ نقشہ سرحدوں کو درست طور پر ظاہر کرنے میں ناکام رہا۔ اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کی جانب سے یہ نقشہ جمعہ کے روز ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر پوسٹ کیا گیا تھا، جس میں ایرانی میزائلوں کی حدود دکھائی گئی تھیں۔ ہندوستان میں سوشل میڈیا صارفین نے اس پوسٹ پر اعتراض ظاہر کیا۔

اس حوالے سے ایک صارف نے ’ایکس‘ پر تبصرہ کیا، اب آپ کو سمجھ میں آ گیا ہوگا کہ ہندوستان غیر جانبدار کیوں رہتا ہے۔ سفارتکاری میں واقعی کوئی بھی آپ کا مستقل دوست نہیں ہوتا۔ جواب میں آئی ڈی ایف نے تسلیم کیا کہ نقشہ سرحدوں کو درست طور پر ظاہر کرنے میں ناکام رہا ہے۔ آئی ڈی ایف نے ’ایکس‘ پر لکھا، یہ پوسٹ ایک خطے کی عکاسی ہے۔ یہ نقشہ سرحدوں کو درست طور پر ظاہر کرنے میں ناکام رہا۔

اس تصویر کی وجہ سے کسی کو جو دکھ یا تکلیف پہنچی ہو، ہم اس کے لیے معذرت خواہ ہیں۔ اس پوسٹ میں ایران کے خلاف ’آپریشن رائزنگ لائن‘ شروع کرنے کو درست ٹھہرایا گیا تھا اور ساتھ ہی غلط نقشہ بھی پیش کیا گیا تھا۔ آئی ڈی ایف نے لکھا، ’’ایران ایک عالمی خطرہ ہے۔ اسرائیل آخری ہدف نہیں بلکہ صرف آغاز ہے۔ ہمارے پاس کارروائی کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔‘‘

اسرائیلی فضائیہ نے بھی ایک مختصر ویڈیو پوسٹ کی جس میں ایرانی میزائلوں کی رینج دکھاتے ہوئے ایسا ہی نقشہ دکھایا گیا۔ تنازع کے بعد ہندوستان میں اسرائیل کے سفیر ریؤوین آزر نے ’ایکس‘ پر اس نقشے کو ’’غیردانستہ طور پر بنایا گیا ناقص انفوگرافک‘‘ قرار دیا۔ سفیر نے کہا کہ انہوں نے اس نقشے کو ہٹانے یا درست کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ہندوستان ہمیشہ کہتا رہا ہے کہ جموں و کشمیر اس کا اٹوٹ انگ (لازمی حصہ) ہے۔